• Fri, 20 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

بنگلہ دیش کے وزیرِ کھیل ہندوستان کے ساتھ مسئلہ جلد حل کرنے کے خواہاں

Updated: February 19, 2026, 4:21 PM IST | Dhaka

بنگلہ دیش کے نئے وزیرِ کھیل امین الحق نے کہا ہے کہ وہ بی سی سی آئی اور ہندوستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے خواہاں ہیں اور موجودہ مردوں کے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی عدم شرکت کے معاملے کو ’جلد حل‘ کرنا چاہتے ہیں۔

Bangla Players.Photo:INN
بنگلہ دیشی کھلاڑی۔ تصویر:آئی این این

بنگلہ دیش کے نئے وزیرِ کھیل امین الحق نے کہا ہے کہ وہ بی سی سی آئی اور ہندوستان کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کے خواہاں ہیں اور موجودہ مردوں کے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی عدم شرکت کے معاملے کو ’جلد حل‘ کرنا چاہتے ہیں۔عام انتخابات کے بعد نئی کابینہ کی حلف برداری کے بعد امین الحق نے بتایا کہ انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر سے ملاقات کی اور ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ کے معاملے پر بات چیت کی۔ انہوں نے کہاکہ ’’یہ ایک مثبت ملاقات تھی۔ ہم چاہتے ہیں کہ بات چیت کے ذریعے اس مسئلے کو جلد حل کیا جائے کیونکہ ہم اپنے تمام  ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔‘‘
ہندوستان اور سری لنکا میں کھیلے جا رہے ٹی۲۰؍ ورلڈ کپ میں بنگلہ دیش کی جگہ اسکاٹ لینڈ نے لی تھی، کیونکہ سابق حکومت نے جغرافیائی و سفارتی کشیدگی کے باعث ٹیم کو ہندوستان بھیجنے سے انکار کر دیا تھا اور صرف سری لنکا میں کھیلنے کی خواہش ظاہر کی تھی۔ معاملہ اس وقت شروع ہوا جب حکومت  ہند نے کولکاتا نائٹ رائیڈرز سے آئی پی ایل ۲۰۲۶ء میں بنگلہ دیشی کھلاڑی مصطفیٰ ظہور رحمان کو ٹیم سے ہٹانے کو کہا اور بعد میں آئی سی سی کی جانب سے ٹیم کو بڑے ٹورنامنٹ سے باہر کیے جانے پر ختم ہوا۔

یہ بھی پڑھئے:’’لوکاہ چیپٹر ۲‘‘ کی تیاری شروع، کلیانی پریہ درشن کی واپسی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ۹؍ فروری کو اعلان کیا کہ ہندوستان میں اپنے میچ کھیلنے سے انکار پر بنگلہ دیش کو کوئی سزا نہیں دی جائے گی۔ ساتھ ہی بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کو ۲۰۳۱ء کے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ۲۰۳۱ء سے قبل ایک اضافی آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کا حق بھی دیا گیا، جس میں وہ ہندوستان کے ساتھ شریک میزبان ہوں گے۔

یہ بھی پڑھئے:دوحہ اوپن : کوارٹر فائنل میں الکاراز کا کھاچانوف سے مقابلہ

امین الحق نے کہاکہ ’’کھیل سے لے کر دیگر شعبوں تک ہم ہندوستان کے ساتھ حقیقی اور مضبوط تعلقات چاہتے ہیں۔ سفارتی مسائل کی وجہ سے ہم ورلڈ کپ میں نہیں کھیل سکے، اگر یہ مسائل پہلے حل ہو جاتے تو شاید ہماری ٹیم حصہ لے سکتی تھی۔‘‘ہندوستان اس سال ستمبر میں بنگلہ دیش کا دورہ کرے گا، جو اگست  ۲۰۲۵ء سے مؤخر ہوا تھا، جس میں تین ون ڈے اور تین ٹی۲۰؍ میچوں کی سیریز کھیلی جائے گی۔ تاہم اس دورے کا اعلان حالیہ واقعات سے پہلے کیا گیا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK