Updated: January 12, 2026, 8:07 PM IST
| Jeddah
فٹبال کی دنیا کے سب سے بڑے حریفوں، بارسلونا اور ریئل میڈرڈ کے درمیان کھیلے گئے ہسپانوی سپر کپ کے فائنل میں بارسلونا نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد ۲۔۳؍گول سے فتح حاصل کر لی۔ اس جیت کے ساتھ ہی بارسلونا نے نہ صرف اپنے اعزاز کا دفاع کیا بلکہ ریکارڈ۱۶؍ویں مرتبہ یہ ٹرافی اٹھانے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
فاتح بارسلونا۔ تصویر:آئی این این
فٹبال کی دنیا کے سب سے بڑے حریفوں، بارسلونا اور ریئل میڈرڈ کے درمیان کھیلے گئے ہسپانوی سپر کپ کے فائنل میں بارسلونا نے اعصاب شکن مقابلے کے بعد ۲۔۳؍گول سے فتح حاصل کر لی۔ اس جیت کے ساتھ ہی بارسلونا نے نہ صرف اپنے اعزاز کا دفاع کیا بلکہ ریکارڈ۱۶؍ویں مرتبہ یہ ٹرافی اٹھانے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔
بارسلونا کی فتح کے مردِ آہن برازیلین اسٹار رافینہا رہے، جنہوں نے دو اہم گول اسکور کیے۔ میچ کا آغاز انتہائی تیز رہا۔ رافینہا نے ۳۶؍ویں منٹ میں گول کر کے بارسلونا کو برتری دلائی، لیکن ریئل میڈرڈ کے ونیشیئس جونیئر نے بہترین انفرادی گول کے ذریعے اسکور برابر کر دیا۔ ہاف ٹائم سے چند لمحے قبل رابرٹ لیوانڈوسکی نے بارسلونا کو دوبارہ برتری دلائی، مگر میڈرڈ کے گونزالو گارسیا نے انجری ٹائم میں گول کر کے مقابلہ ۲۔۲؍سے برابر کر دیا۔
یہ بھی پڑھئے:چوٹ کے باعث واشنگٹن سندر باہر، آیوش بدونی ون ڈے ٹیم میں شامل
میچ کا فیصلہ ۷۳؍ویں منٹ میں ہوا جب رافینہا کی ہٹ ریئل میڈرڈ کے دفاعی کھلاڑی سے ٹکرا کر گول پوسٹ میں چلی گئی، جس نے بارسلونا کو۲۔۳؍ کی برتری دلا دی جو آخر تک برقرار رہی۔بارسلونا کے کوچ ہینسی فلک کے دورِ کوچنگ کی یہ چوتھی ٹرافی ہے۔ انہوں نے گزشتہ سیزن میں بھی میڈرڈ کو چاروں مقابلوں میں شکست دی تھی۔ دوسری جانب، میڈرڈ کے کوچ زابی الونسو نے اسٹار کھلاڑی کیلین ایمباپے کو گھٹنے کی تکلیف کے باعث ابتدائی الیون میں شامل نہیں کیا، انہیں آخری ۱۵؍منٹ میں میدان میں اتارا گیا لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔
یہ بھی پڑھئے:ہندوستان-جرمنی نے تعاون بڑھانے کے لیے چھ شعبوں میں مفاہمت ناموں پر دستخط کئے
میچ کے آخری لمحات میں بارسلونا کے اہم مڈ فیلڈر فرینکی ڈی جونگ کو ایمباپے پر خطرناک فاؤل کرنے کی وجہ سے ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔ ایک کھلاڑی کم ہونے کے باوجود بارسلونا نے ریئل میڈرڈ کے حملوں کو ناکام بنایا۔ میچ کے اختتام پر مارکس رشفورڈ کے پاس برتری بڑھانے کا موقع تھا لیکن وہ گیند کو نیٹ میں نہ ڈال سکے۔تاریخی اعداد و شمار بتاتے ہیں کہ ہسپانوی سپر کپ جیتنے والی پچھلی چاروں ٹیموں نے اسی سیزن میں لا لیگا کا خطاب بھی جیتا ہے۔ بارسلونا کے مداح اس فتح کو ہسپانوی لیگ میں کامیابی کا پیش خیمہ قرار دے رہے ہیں۔