Inquilab Logo Happiest Places to Work

بمراہ کی بادشاہت ختم، مچل اسٹارک پہلی بار ٹیسٹ درجہ بندی میں سرفہرست

Updated: August 27, 2026, 12:45 PM IST | Agency | Dubai

جسپریت بمراہ فروری۲۰۲۴ء میں پہلی بار ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں سرفہرست پہنچے تھے اور گزشتہ دو برس کے زیادہ تر عرصے تک یہ مقام برقرار رکھا۔

Australian fast bowler Mitchell Starc. Picture: INN
آسٹریلیائی تیز گیندباز مچل اسٹارک۔ تصویر: آئی این این

ہندوستان کے جسپریت بمراہ کی آئی سی سی ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں نمبر ایک کی پوزیشن ختم ہوگئی ہے اور آسٹریلیا کے مچل اسٹارک بنگلہ دیش کے خلاف شاندار کارکردگی کے بعد پہلی بار عالمی نمبر ایک ٹیسٹ گیندباز بن گئے ہیں۔ بمراہ فروری۲۰۲۴ء میں پہلی بار ٹیسٹ بولنگ رینکنگ میں سرفہرست پہنچے تھے اور گزشتہ دو برس کے زیادہ تر عرصے تک یہ مقام برقرار رکھا۔ تاہم سری لنکا کے خلاف جاری ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ سیریز میں ان کی عدم شرکت اور بنگلہ دیش کے خلاف اسٹارک کی شاندار کارکردگی نے رینکنگ میں بڑی تبدیلی کردی۔

یہ بھی پڑھئے: سری لنکا فالو آن کھیلنے پر مجبور، ہندوستان جیت سے۴؍ وکٹ دور

مکائے میں دوسرے ٹیسٹ میں اسٹارک نے مجموعی طور پر۱۰؍ وکٹیں حاصل کیں، جس کی بدولت وہ دو درجے اوپر چڑھ کر بمراہ اور نیوزی لینڈ کے میٹ ہنری کو پیچھے چھوڑتے ہوئے پہلی بار سرفہرست  مقام پر پہنچ گئے۔ بمراہ دوسرے اور ہنری تیسرے نمبر پر ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: رونالڈو میچ کے دوران جلد متبادل بنائے جانے پر برہم

آسٹریلیا کے پیٹ کمنز ایک مقام آگے بڑھ کر چوتھے نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ ناتھن لیون دو درجے کی بہتری کے ساتھ دسویں مقام پر آگئے ہیں۔انگلینڈ کے اولی رابنسن اور جوش ٹنگ بھی پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کے بعد رینکنگ میں آگے بڑھے ہیں۔ رابنسن۱۵؍درجے کی چھلانگ لگا کر۱۱؍ویں جبکہ ٹنگ۱۶؍ درجے اوپر چڑھ کر۱۷؍ویں مقام پر پہنچ گئے۔ٹیسٹ بلے بازوں کی رینکنگ میں انگلینڈ کے ہیری بروک اور جو روٹ بالترتیب پہلے اور دوسرے نمبر پر برقرار ہیں ۔ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ تیسرے اور ٹریوس ہیڈ چوتھے نمبر پر ہیں۔ ہندوستان کے رشبھ پنت۶؍ درجے اوپر چڑھ کر مشترکہ طور پر ساتویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔دیگر بلے بازوں میں کیمرون گرین۹؍ درجے کی بہتری کے ساتھ۲۱؍ویں، سری لنکا کے دھننجے ڈی سلوا مشترکہ طور پر۲۲؍ویں، پاکستان کے عبداللہ شفیق مشترکہ۲۷؍ویں اور کے ایل راہل پانچ درجے اوپر چڑھ کر۳۰؍ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ٹیسٹ آل راؤنڈرز کی رینکنگ میں رویندر جڈیجا بدستور نمبر ایک پر قائم ہیں جبکہ پیٹ کمنز ساتویں، کیمرون گرین مشترکہ۱۷ویں اور اولی رابنسن ۲۳؍ویں مقام پر پہنچ گئے ہیں۔

سری لنکا کے خلاف  ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ سیریز میں بمراہ کی عدم شرکت اور بنگلہ دیش کے خلاف اسٹارک کی شاندار کار کردگی نے انہیں فائدہ دلایا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK