• Sat, 21 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جیسوال اور راہل کا جوابی حملہ، ہندوستان کاعمدہ آغاز

Updated: November 21, 2026, 1:14 PM IST | Agency | Wellington

جیسوال سنچری سے محروم رہے۔ راہل نےنصف سیکڑہ مکمل کیا۔ فلپس کے ۱۱۸؍ رن کی بدولت نیوزی لینڈ نے ۳۶۸؍ رن بنائے۔

Rahul and Jaiswal batted well. Photo: INN
راہل اور جیسوال نے اچھی بلے بازی کی۔ تصویر: آئی این این

نیوزی لینڈ نے پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن ہنری نکولس کے ناٹ آؤٹ ۱۷۵؍ رن اور گلین فلپس کے ۱۱۸؍ رن کی بدولت اپنی پہلی اننگز میں ۳۶۸؍ رن بنائے۔ جواب میں ہندوستان نے یشسوی جیسوال (۸۵؍رن) اور کے ایل راہل (ناٹ آؤٹ ۵۲؍رن) کی شاندار بلے بازی سے مضبوط آغاز کیا۔ دن کے اختتام پر ہندوستان کا اسکور ایک وکٹ پر ۱۵۹؍ رن تھا اور وہ اب بھی۲۰۹؍ رن پیچھے ہے۔

نیوزی لینڈ نے دن کا آغاز ۲۴۳؍ رن پر پانچ وکٹ سے کیا۔ نکولس اور فلپس نے چھٹی وکٹ کے لیے اپنی شراکت کو ۲۱۶؍رن تک پہنچایا۔ فلپس نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی دوسری سنچری مکمل کی۔ وہ نیوزی لینڈ کے پہلے ایسے بلے باز بن گئے جنہوں نے ایک ہی حریف کے خلاف تینوں فارمیٹس میں سنچری بنائی ہے۔ وہ ایک کیلنڈر سال میں کسی ایک حریف کے خلاف یہ کارنامہ انجام دینے والے دنیا کے دوسرے بلے باز بھی ہیں۔ اس سے قبل روہت شرما نے۲۰۱۷ء میں سری لنکا کے خلاف ایسا کیا تھا۔

یہ بھی پڑھئے: ویمنس ہاکی: ہندوستان کی نظریں خطاب کی ہیٹ ٹرک پر

ہندوستانی گیندبازوں کو صبح کے سیشن میں خاصی جدوجہد کرنا پڑی۔ آکاش دیپ نے فلپس کو آؤٹ کرکے اس شراکت کا خاتمہ کیا، لیکن اس کے بعد بھی نیوزی لینڈ کے بلے بازوں نے مزاحمت جاری رکھی۔ لنچ کے بعد پرسدھ کرشنا نے نیتھن اسمتھ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کیا۔ نکولس نے اپنی سنچری کو ۱۵۰؍ رن میں تبدیل کیا، لیکن آکاش دیپ نے کائل جیمیسن کو آؤٹ کیا، جبکہ جسپریت بمراہ نے میٹ ہنری کو پویلین بھیج کر اپنی چوتھی وکٹ حاصل کی۔ جیکب ڈفی نے آخری وکٹ کے لیے ۲۰؍ رن جوڑے، لیکن انشول کمبوج نے نکولس کو ۱۷۵؍ رن پر آؤٹ کرکے نیوزی لینڈ کی اننگز ۳۶۸؍ رن پر ختم کر دی۔ہندوستانی اوپنرز نے چائے کے وقفے تک آٹھ اوورز کا مشکل مرحلہ بغیر کسی نقصان کے گزارا۔ نیوزی لینڈ کے گیندبازوں نے ابتدا میں مسلسل چار میڈن اوور کرائے، تاہم جیسوال نے پانچویں اوور میں پہلی باؤنڈری لگائی۔ راہل نے بھی آہستہ آہستہ اپنی اننگز آگے بڑھائی۔ چائے کے وقفے تک ہندوستان نے بغیر کسی نقصان کے ۱۶؍ رن بنا لیے تھے۔ تیسرے سیشن میں جیسوال نے جارحانہ انداز اختیار کیا اور شاندار شاٹس کھیلتے ہوئے ۶۶؍ گیندوں میں اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ راہل نے بھی جیکب ڈفی کے ایک اوور میں دو چوکے لگائے۔ دونوں بلے بازوں نے چائے کے بعد پہلے گھنٹے میں ۱۵؍ اوورس کے دوران ۸۱؍ رن جوڑے۔

دونوں کے درمیان سنچری شراکت ۱۷؍ ٹیسٹ میچوں کے بعد ہندوستان کی پہلی اوپننگ سنچری شراکت تھی۔ اس سے قبل نومبر ۲۰۲۴ء میں پرتھ میں جیسوال اور راہل نے ۲۰۱؍ رن کی شراکت قائم کی تھی۔ اس بار ان کی ۱۳۰؍ رن کی شراکت اس وقت ختم ہوئی جب جیسوال اپنی سنچری سے ۱۵؍ رن دور، میٹ ہنری کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ دے بیٹھے۔ نیوزی لینڈ نے اس وکٹ کے لیے ڈی آر ایس کا سہارا لیا۔

یہ بھی پڑھئے: ویبھَو’’ٹائم ۱۰۰؍ نیکسٹ انڈیا‘‘ کی پہلی فہرست میں شامل

گلین فلپس نے روہت شرما کی برابری کر دی 

نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر گلین فلپس نے ویلنگٹن میں ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ میچ کے دوسرے دن جمعہ کو سنچری بنائی۔ فلپس نے ۱۱۸؍ رنز کی اننگز کھیلی۔ اس سنچری کے ساتھ فلپس نے ایک انوکھا ریکارڈ بنایا۔گلین فلپس ایک ہی کیلنڈر ایئر میں ہندوستان کے خلاف تینوں فارمیٹس میں سنچریاں بنانے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ فلپس دنیا کے دوسرے بلے باز ہیں جنہوں نے ایک ہی کیلنڈر ایئر میں کسی ٹیم کے خلاف تینوں فارمیٹس میں سنچریاں بنائیں۔ یہ ریکارڈ اس سے قبل سابق ہندوستانی کپتان روہت شرما کے پاس تھا۔

فلپس نے جنوری ۲۰۲۶ءمیں اندور میں  ہندوستان  کے خلاف ایک ون ڈے میں۱۰۶؍ رنز بنائے تھے۔ انہوں نے ہندوستان کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی ہوم ٹی ۲۰؍ سیریز کے چوتھے میچ میں بھی ۱۰۷؍ رنز بنائے تھے۔ موجودہ ٹیسٹ میں اپنی ۱۱۸؍ رنز کی اننگز کے ساتھ، انہوں نے ایک کیلنڈر ایئر میں ایک ہی ٹیم کے خلاف تینوں فارمیٹس میں سنچریاں بنانے کا کارنامہ انجام دیا۔

ٹیسٹ میںبیٹنگ کا انداز سمجھ چکا ہوں: فلپس

 نیوزی لینڈ کے آل راؤنڈر گلین فلپس نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی پہلی سنچری بنانے کے لیے ۱۹؍ میچوں کا انتظار کیا، لیکن اب انہوں نے گزشتہ دو ٹیسٹ میچوں کی پہلی اننگز میں مسلسل دوسری سنچری اسکور کرکے مشکل حالات میں ٹیم کو سہارا دیا ہے۔    ہندوستان کے خلاف ویلنگٹن ٹیسٹ کے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے کے بعد فلپس نے کہاکہ ہاں، اب مجھے بہت اچھا محسوس ہورہا ہے۔ میرے خیال میں میں نے کھیل کا ایک ایسا منصوبہ تیار کرلیا ہے جو میرے موجودہ انداز کے مطابق ہے۔ میں اپنی مضبوط صلاحیتوں کے مطابق کھیلنے، گیند کو جہاں تک ممکن ہو دیر سے کھیلنے اور یہ سمجھنے کی کوشش کرتا ہوں کہ میرے رنز بنانے کے علاقے دوسرے کھلاڑیوں سے کچھ مختلف ہیں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK