Updated: January 16, 2026, 6:00 PM IST
|
Agency
| Mumbai
عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے ایک بار پھر مالیاتی میدان میں اپنے تمام حریفوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اسپورٹیکو (Sportico) کی جانب سے جاری کردہ سال ۲۰۲۵ء کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، پرتگالی سپر اسٹار دنیا کے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے ایتھلیٹس کی فہرست میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہو گئے ہیں۔
کرسٹیانو رونالڈو۔ تصویر: آئی این این
عالمی شہرت یافتہ فٹبال اسٹار کرسٹیانو رونالڈو نے ایک بار پھر مالیاتی میدان میں اپنے تمام حریفوں کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اسپورٹیکو (Sportico) کی جانب سے جاری کردہ سال ۲۰۲۵ء کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق، پرتگالی سپر اسٹار دنیا کے سب سے زیادہ کمائی کرنے والے ایتھلیٹس کی فہرست میں پہلی پوزیشن پر براجمان ہو گئے ہیں۔
رونالڈو نے۲۰۲۵ء کے دوران مجموعی طور پر۲۶۰؍ ملین ڈالر (تقریباً ۱۹۴؍ ملین پاؤنڈ) کمائے۔ ان کی آمدن کا بڑا حصہ سعودی کلب النصر کے ساتھ سالانہ ۲۰۰؍ ملین ڈالرس کے بھاری بھرکم معاہدے سے حاصل ہوا۔ میدان سے باہر، اشتہارات اور مختلف برانڈز کے ساتھ کاروباری شراکت داری سے انہوں نے مزید ۶۰؍ ملین ڈالر سمیٹے۔
یہ بھی پڑھئے: موکھاڑے نے گریم پولاک کے عالمی ریکارڈ کی برابری کی
یہ مسلسل تیسرا سال ہے جب رونالڈو کی سالانہ آمدن ۲۰۰؍ ملین ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے اور وہ گزشتہ ۹؍ برسوں سے ہر سال کم از کم ۱۰۰؍ ملین ڈالر کما رہے ہیں۔ رونالڈو کے دیرینہ حریف لیونل میسی اس فہرست میں تیسرے نمبر پر رہے۔ میسی کی ۲۰۲۵ء کی کل آمدن ۱۳۰؍ ملین ڈالر رہی، جو کہ رونالڈو کی کمائی کا نصف ہے۔ ارجنٹائنی اسٹار نے حال ہی میں اپنی ٹیم انٹر میامی کے ساتھ ۲۰۲۸ء تک کے نئے معاہدے پر دستخط کیے ہیں جبکہ ان کی ٹیم حالیہ ایم ایل ایس کپ کی فاتح بھی رہی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: انڈر۱۹؍ورلڈ کپ: ہینل پٹیل کے ۵؍ شکار، ہندوستان نے امریکہ کو دبوچا
۴۰؍سالہ رونالڈو نے جہاں النصر کے ساتھ اپنے معاہدے میں موسمِ گرما ۲۰۲۷ء تک توسیع کر دی ہے، وہیں انہوں نے اپنے بین الاقوامی کریئر کے حوالے سے بھی بڑا اعلان کیا ہے۔ رونالڈو کا کہنا ہے کہ’’۲۰۲۶ء کا فٹبال ورلڈ کپ میرا آخری میگا ایونٹ ہوگا اور میں آئندہ ایک سے دو سال کے اندر فٹبال سے ریٹائرمنٹ لے لوں گا۔‘‘پرتگالی کپتان اب تک کلب اور بین الاقوامی سطح پر ۹۵۰؍ سے زائد گول اسکور کر چکے ہیں اور وہ ۱۰۰۰؍ گولز کا سنگ میل عبور کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔