Updated: July 11, 2026, 12:05 PM IST
|
Agency
| Tehran
ایرانی فوج کے سربراہ عبدالرحیم موسوی نےایران کےسابق سپریم لیڈر کے جنازے میں شرکت پر ایرانی عوام کا شکریہ ادا کیا۔
کربلا میں آیت اللہ علی خامنہ ای کے جلوس جنازہ کے دوران لوگ نظر آرہے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی
ایرانی فوج کے سربراہ عبدالرحیم موسوی نے شہیدسپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے راستے پر چلنے کا عزم ظاہر کیا۔ ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کے مطابق ایرانی فوج کے سربراہ عبدالرحیم موسوی نے کہا ہے کہ ایران کی فوج شہید سپریم لیڈر کے راستے پر گامزن رہے گی۔ عبدالرحیم موسوی نے شہید سپریم لیڈر کے جنازے میں شرکت پر ایرانی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ انقلاب کے شہیدلیڈرکاراستہ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گا۔ انہوں نےسپریم لیڈر کے جنازے میں عوام کی شرکت کو تاریخی قرار دیا۔ خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی فوج کے سربراہ نے کہا کہ عوام کی شرکت نے قوم اور اسلامی انقلاب کے نظریات کے درمیان اٹوٹ رشتے کا مظاہرہ کیا اور دشمنوں کو ایک واضح پیغام دیا۔
۶؍ روزہ آخری رسومات میں۴؍ کروڑ سے زائد افراد کی شرکت
اسی دوران ایرانی سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ رہبرِ انقلاب آیت اللہ علی خامنہ ای کی نمازِ جنازہ اور تدفین کی۶؍ روزہ آخری رسومات میں۴؍ کروڑ۱۰؍ لاکھ سے۴؍ کروڑ۳۰؍ لاکھ افراد نے شرکت کی۔ شہید ایرانی سپریم لیڈر کو الوداع کہنے کے لئے مشہد کی سڑکوں پر انسانوں کا سمندر امڈ آیا۔ ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے پریس ٹی وی نے ان تقریبات کو دنیا کی تاریخ کا سب سے بڑا جنازہ قرار دیا۔ رپورٹ کے مطابق جنازے اور تعزیتی تقریبات تہران، قم، نجف، کربلا اور مشہد میں منعقد ہوئیں۔ جنازے کی مرکزی تقریب تہران کے گرینڈ مصلیٰ کمپلیکس میں ہوئی جہاں ہزاروں افراد نے آیت اللہ علی خامنہ ای کا آخری دیدار کیا۔
تقریبات میں ایران کے علاقائی اتحادیوں کے وفود بھی شریک ہوئے جن میں غزہ سے حماس اور اسلامک جہاد، لبنان سے حزب اللہ اور یمن سے حوثی نمائندے شامل تھے۔ آیت اللہ علی خامنہ ای کو امریکہ اور اسرائیل کے مشترکہ حملے میں شہادت کے۴؍ ماہ بعد امام علی رضا کے مزار کے احاطے میں سپردِ خاک کیا گیا۔
دریں اثناءایران کی پاسدارانِ انقلاب کے سربراہ بریگیڈیئر جنرل احمد وحیدی نے رہبر انقلاب آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کا بدلہ لینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کو سخت نتائج کی دھمکی دی ہے۔ احمد وحیدی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آیت اللہ علی خامنہ ای کا قتل تاریخ کی یادداشت سے کبھی مٹایا نہیں جا سکے گا۔انصاف کی مکمل فراہمی اور ذمہ دار عناصر، خصوصاً بچوں کی قاتل امریکی فوج کو مناسب سزا دینا ضروری ہے۔احمد وحیدی نے کہا کہ امریکہ اور تمام دشمن یہ جان لیں کہ اس بزدلانہ قتل کے ذریعے وہ مزاحمت کا پرچم ہرگز سرنگوں نہیں کر سکتے۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ شہداء کے خون کا بدلہ لینا ہے اور اس کے ذمہ داروں کو سزا دینا ہے۔