Updated: July 11, 2026, 10:10 PM IST
| Praia
فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں شاندار کارکردگی دکھانے والے کیپ ورڈے کے گول کیپر ووزنہا کو ایک منفرد اعزاز سے نوازا گیا ہے۔ بحیرۂ کیریبین میں دریافت ہونے والی سمندری گھونگھاکی نئی نسل کا نام ان کی خدمات کے اعتراف میں الڈیسا ووزنہا (Aldisa vozinha) رکھ دیا گیا۔
ووزنہا ۔تصویر: آئی این این
فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ءمیں اپنی غیرمعمولی کارکردگی کے بعد کیپ ورڈے کے تجربہ کار گول کیپر ووزنہا کو ایک منفرد اعزاز حاصل ہوا ہے۔ بحیرۂ کیریبین میں دریافت ہونے والی سمندری گھونگا (Sea Slug) کی ایک نئی نسل کا نام ان کے نام پر رکھا گیا ہے۔ ماہر حیاتیات جیسس اورتیا نے یہ چھوٹا سرخ رنگ کا نرم جسم والا سمندری جاندار دریافت کیا اور اس کا نام الڈیسا ووزنہا (Aldisa vozinha) رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ورلڈ کپ میں ووزنہا کی شاندار کارکردگی، جس کی بدولت کیپ ورڈے جیسا چھوٹا افریقی ملک تاریخ میں ورلڈ کپ کے فائنلز تک پہنچنے والا دوسرا سب سے چھوٹا ملک بنا، اس اعزاز کی مستحق تھی۔
یہ بھی پڑھئے: ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے بعد اینچیلوتی کو استعفیٰ دے دینا چاہیے: روماریو
نئی نسل کا نام ووزنہا کے نام پر کیوں رکھا گیا؟
یونیورسٹی آف اوویڈو کے پروفیسر ایمیریٹس جیسس اورتیا نے اپنی تحقیق میں لکھا کہ وہ کیپ ورڈے کیلئے ووزنہا کے ’’نمایاں کردار‘‘ کو خراجِ تحسین پیش کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ انتخاب اس لئے بھی موزوں ہے کیونکہ ووزنہا کی سب سے یادگار کارکردگی اسپین کے خلاف تھی، جسے ’’لا روخا‘‘ (La Roja) یعنی’’سرخ ٹیم‘‘ کہا جاتا ہے۔ اورتیا نے لکھا:’’اس نئی نسل کا سرخ رنگ ووزنہا کے تاریخی کارنامے کی یاد دلاتا ہے۔ ‘‘۷۵؍ سالہ اورتیا اس سے پہلے بھی اپنی دو دلچسپیوں، یعنی سمندری حیاتیات اور فٹبال، کو یکجا کر چکے ہیں۔ وہ اس سے قبل کوسٹا ریکا کے سابق گول کیپر کیلور ناواس اور ہسپانوی کلب اسپورٹنگ خیخون کے سابق اسٹرائیکر کوئنی کے نام پر بھی نئی سمندری انواع کا نام رکھ چکے ہیں۔ واضح رہے کہ اورتیا کو۲۰۲۳ءمیں کیپ ورڈے کی سمندری حیات پر تحقیق کے اعتراف میں میڈل آف میرٹ سے بھی نوازا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھئے: اسپین کو ہرانے کے لیے ریڈ ڈیولز کو ’بہترین کھیل‘ کا مظاہرہ کرنا ہوگا: رومیلو لوکاکو
فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ءمیں ووزنہا اور کیپ ورڈے کی کارکردگی
ووزنہا نے ورلڈ کپ میں اس وقت سب کی توجہ حاصل کی جب انہوں نے یورپی چیمپئن اسپین کے خلاف گول لیس ڈرا میں شاندار گول کیپنگ کا مظاہرہ کیا۔ اس نتیجے نے کیپ ورڈے کو اپنی تاریخ کا پہلا ورلڈ کپ پوائنٹ دلایا۔ اس میچ کے بعد ووزنہا کی مقبولیت میں حیرت انگیز اضافہ ہوا۔ انسٹاگرام پر ان کے فالوورز کی تعداد صرف۵۰؍ ہزار سے بڑھ کر۲۸ء۶؍ تک پہنچ گئی، جو امریکی فٹبال کے عظیم کھلاڑی ٹام بریڈی سے بھی زیادہ ہے۔ کیپ ورڈے نے گروپ مرحلہ کامیابی سے عبور کیا اور بعد ازاں دفاعی چیمپئن ارجنٹائنا کے خلاف آخری۳۲؍ کے مرحلے میں زبردست مقابلہ کیا، تاہم ٹیم اضافی وقت (Extra Time) میں ۳۔ ۲؍ سے شکست کھا کر ورلڈ کپ سے باہر ہوگئی۔