Updated: June 04, 2026, 8:02 PM IST
| Brasillia
برازیل کی قومی فٹ بال ٹیم کو ورلڈ کپ کے لیے روانگی کے وقت ریو ڈی جنیرو کے گالیاؤ ہوائی اڈے پر روایتی واٹر کینن سلامی دی گئی۔ اس جذباتی تقریب کو خوش بختی اور کامیاب سفر کی علامت قرار دیا جاتا ہے جسے برازیلین ’’بپتسمہ‘‘قرار دے رہے ہیں۔ ٹیم کارلو اینچلوٹی کی قیادت میں امریکہ روانہ ہوئی، جبکہ زخمی سپر اسٹار نیمار بھی اسکواڈ کے ہمراہ موجود تھے۔ تاہم ان کی فٹنس بدستور تشویش کا باعث بنی ہوئی ہے اور ابتدائی میچ میں ان کی شرکت مشکوک بتائی جا رہی ہے۔
برازیل کی قومی فٹ بال ٹیم نے پیر کو ورلڈ کپ مہم کا آغاز ایک یادگار اور جذباتی انداز میں کیا، جب ریو ڈی جنیرو کے Galeão International Airport پر روانگی سے قبل ٹیم کے طیارے کو خصوصی واٹر کینن سلامی دی گئی۔ روایتی تقریب کے دوران ہوائی اڈے کے دو فائر انجنوں نے طیارے کے اوپر پانی کی بلند محرابیں بنائیں، جن کے درمیان سے ہوائی جہاز نے ٹیکسی کرتے ہوئے اپنی پرواز کا آغاز کیا۔ ہوابازی کی دنیا میں اس رسم کو ’’واٹر کینن سلامی‘‘ کہا جاتا ہے اور اسے خصوصی مواقع، تاریخی پروازوں یا اہم شخصیات کے استقبال و رخصت کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ اس روایت کو خوش قسمتی اور کامیاب سفر کی علامت سمجھا جاتا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ہوائی اڈے کے حکام نے برازیلین فٹ بال کنفیڈریشن کے ساتھ رابطہ کر کے برازیلی ٹیم کے لیے اس خصوصی خراجِ تحسین کا انتظام کیا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ شائقین اسے ’’بپتسمہ‘‘قرار دے رہے ہیں۔
فٹ بال سے بے پناہ محبت رکھنے والے برازیل میں اس تقریب کو غیر معمولی اہمیت دی جا رہی ہے۔ پانچ مرتبہ کی عالمی چیمپئن ٹیم اس بار اطالوی کوچ Carlo Ancelotti کی قیادت میں ایک اور عالمی اعزاز حاصل کرنے کی امید لے کر میدان میں اتر رہی ہے۔ برازیلین اسکواڈ امریکی ریاست نیو جرسی کے شہر نیوآرک روانہ ہوا، جہاں ٹیم اپنے ابتدائی میچ سے قبل آخری تیاریوں میں مصروف رہے گی۔ کھلاڑیوں نے خصوصی طور پر تیار کردہ بوئنگ ۷۶۷؍ طیارے میں سفر کیا، جو اس سے قبل مشہور راک بینڈ The Rolling Stones کے عالمی دورے میں بھی استعمال ہو چکا ہے۔

اسکواڈ میں برازیل کے اسٹار فارورڈ نیمار بھی شامل تھے، تاہم ان کی فٹنس اب بھی تشویش کا موضوع بنی ہوئی ہے۔ نیمار حال ہی میں بچھڑے کی انجری کا شکار ہوئے تھے، جو قومی ٹیم میں شمولیت کے فوراً بعد سامنے آئی۔ ابتدائی طور پر چوٹ کو معمولی قرار دیا گیا تھا، لیکن بعد میں ہونے والے طبی معائنے سے صورتحال نسبتاً سنگین معلوم ہوئی۔ ذرائع کے مطابق اسکواڈ کے بعض ارکان نے بھی نجی طور پر نیمار کی مکمل فٹنس کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا ہے۔ جب نیمار قومی کیمپ میں شامل ہوئے تو وہ مکمل تربیتی سرگرمیوں میں حصہ لینے سے قاصر تھے۔ رپورٹس کے مطابق ان کے اگلے ہفتے مراکش کے خلاف برازیل کے گروپ سی کے پہلے میچ میں شرکت کے امکانات کم دکھائی دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: انڈونیشیا اوپن میں ساتوک چِراغ کا سفر ختم
چوٹ کے باوجود نیمار نے ٹیم کے ساتھ امریکہ کا سفر کیا ہے اور برازیلین شائقین امید کر رہے ہیں کہ وہ ٹورنامنٹ کے دوران مکمل فٹنس حاصل کر کے ٹیم کی مہم میں اہم کردار ادا کریں گے۔ فی الحال برازیل کی نظریں ورلڈ کپ کے کامیاب آغاز پر مرکوز ہیں، جبکہ ٹیم اور مداح اس امید کا اظہار کر رہے ہیں کہ روانگی کے وقت ملنے والی روایتی سلامی (یا بپتسمہ) پورے ٹورنامنٹ میں کامیابی اور خوش بختی کی نوید ثابت ہوگی۔
بپتسمہ کیوں کیا گیا؟
مسیحیت میں بپتسمہ ایک اہم مذہبی رسم ہے جس کا بنیادی مقصد گناہوں کی معافی، توبہ اور یسوع مسیح (حضرت عیسیٰؑ) پر ایمان کا اعلانیہ اظہار کرنا ہے۔ (مقدس) پانی میں مکمل ڈبکی لے کر یا پانی چھڑک کر کی جانے والی یہ رسم، پرانی زندگی کے خاتمے اور مسیحیت میں ایک نئی روحانی زندگی کے آغاز کی علامت ہے۔
برازیل ٹیم کے مداحوں کا کہنا ہے کہ بپتسمہ (یعنی پانی کا چھڑکاؤ) خوش بختی کی علامت ہے۔ انہیں امید ہے کہ نیمار صحت یاب ہوکر فیفا کے میچ کھیل سکیں گے اور ورلڈ کپ میں ملک کا نام روشن کریں گے۔