• Sun, 06 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

مجھے اپنے لمبے بال یاد آتے ہیں: سٹی کے کھلاڑی ایرلنگ ہالینڈ

Updated: September 06, 2026, 9:03 PM IST | Manchester

مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کے ناروے کے اسٹار اسٹرائیکر ایرلنگ ہالینڈ نے اپنے شاندار کریئر میں ایک اور بڑا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے کلب فٹبال میں ۳۰۰؍ گول مکمل کرلیے۔ ہالینڈ نےپریمیر لیگ ۲۷۔۲۰۲۶ء میں کوونٹری سٹی کے خلاف مانچسٹر سٹی کی ۰۔۱؍گول کی فتح میں فیصلہ کن گول اسکور کیا۔

Erling Haaland.Photo:X
ایرلنگ ہالینڈ۔ تصویر:ایکس

 مانچسٹر سٹی فٹبال کلب کے ناروے کے اسٹار اسٹرائیکر  ایرلنگ ہالینڈ نے اپنے شاندار کریئر میں ایک اور بڑا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے کلب فٹبال میں ۳۰۰؍ گول مکمل کرلیے۔ ہالینڈ نے پریمیر لیگ  ۲۷۔۲۰۲۶ء میں کوونٹری سٹی کے خلاف مانچسٹر سٹی کی ۰۔۱؍گول کی فتح میں فیصلہ کن گول اسکور کیا۔ یہ گول ان کے کلب کریئر کا ۳۰۰؍واں گول تھا اور اس کی بدولت سٹی نے سیزن میں مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرتے ہوئے اپنی ۱۰۰؍ فیصد جیت کا ریکارڈ برقرار رکھا۔  ایرلنگ ہالینڈ نے کوونٹری کے خلاف میچ کے ۲۶؍ویں منٹ میں  اینزو فرنانڈیز  کی شاندار پاسنگ اور  اینٹوئن سیمین یو  کے کراس پر زبردست ہیڈر کے ذریعے گیند کو جال میں پہنچایا۔ یہی میچ کا واحد گول ثابت ہوا۔۲۶؍ سالہ ہالینڈ نے اس گول کے ساتھ کلب فٹبال میں ۳۰۰؍ گول مکمل کرلیے۔ ان کے ۳۰۰؍ گول میں مانچسٹر سٹی کے لیے ۱۶۵؍، بوروسیا ڈورٹمنڈ کے لیے ۸۶؍گول، ریڈ بُل سالزبرگ کے لیے۲۹؍ اور مولڈے کے لیے ۲۰؍ گول شامل ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے:رائل چیلنجرز بنگلورو کے نام میں کوئی تبدیلی نہیں ہوگی، برلا کی تصدیق

ہالینڈ نے یہ ۳۰۰؍ گول صرف ۳۶۸؍ کلب میچوں  میں مکمل کیے۔ ان کی اس تیز رفتار گول اسکورنگ نے انہیں موجودہ دور کے سب سے خطرناک اسٹرائیکرز میں شامل کردیا ہے۔ تاہم تیز ترین۳۰۰؍ کلب گول کے ریکارڈ میں لیونل میسی اب بھی ان سے آگے ہیں۔ ۳۰۰؍ ویں گول کی خوشی کے ساتھ ہالینڈ کا نیا ہیئر اسٹائل بھی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔ ناروے کے اسٹار نے حال ہی میں اپنے روایتی لمبے سنہری بال کٹوا کر نیا مختصر ہیئر کٹ اپنایا ہے۔ میچ کے بعدای ایس پی این برازیل  سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اعتراف کیا کہ انہیں اپنے پرانے لمبے بال یاد آتے ہیں۔ ہالینڈ نے بتایا کہ چھوٹے بال رکھنا زیادہ آسان ہے اور انہیں لگا کہ تبدیلی کا وقت آگیا تھا۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ اپنے لمبے بالوں کو یاد کرتے ہیں اور امید ہے کہ وقت کے ساتھ وہ دوبارہ لمبے ہوجائیں گے۔ 
کوونٹری سٹی کے خلاف فتح مانچسٹر سٹی کی موجودہ یمیر لیگ سیزن میں مسلسل تیسری کامیابی ہے۔ سٹی نے تینوں ابتدائی لیگ میچ جیت کر سیزن کا بہترین آغاز کیا ہے۔ اگرچہ کوونٹری نے دوسرے ہاف میں سٹی کو سخت دباؤ میں رکھا، لیکن ہالینڈ کا واحد گول بالآخر فیصلہ کن ثابت ہوا۔  اس میچ میں سٹی کے نئے کھلاڑی  اینزو فرنانڈیز نے بھی شاندار  آغاز کیا۔ انہوں نے ہالینڈ کے گول کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا۔ فرنانڈیز نے انجری کے باعث ابتدائی لائن اَپ میں شامل ہونے والے کھلاڑی کی جگہ میدان میں اترتے ہوئے سٹی کے لیے اپنی آمد کا فوری اثر دکھایا۔ 

یہ بھی پڑھئے:سلمان خان نے منوج تیواری کی بیٹی کو انڈوں کے معاملے پر خبردار کردیا

ہالینڈ کا ۳۰۰؍واں کلب گول ان کے غیر معمولی گول اسکورنگ ریکارڈ کی ایک اور مثال ہے۔ مانچسٹر سٹی کے لیے وہ اب تک ۲۰۲؍ مقابلوں میں ۱۶۵؍ گول کرچکے ہیں۔ کلب کے ساتھ اپنے پہلے ہی سیزن ۲۳۔۲۰۲۲ء میں انہوں نے تمام مقابلوں میں ۵۲؍ گول کیے تھے، جن میں پریمیئر لیگ کے ریکارڈ ۳۶؍ گول بھی شامل تھے۔۲۴۔۲۰۲۳ءمیں انہوں نے ۳۸؍ اور ۲۵۔۲۰۲۴ءمیں ۳۴؍ گول کیے، جبکہ  ۲۶۔۲۰۲۵ء سیزن میں سٹی کے مطابق انہوں نے  ۵۲؍ میچوں میں۳۸؍ گول کیے۔  اس طرح  ایرلنگ ہالینڈ کا ۳۰۰؍واں کلب گول  نہ صرف ان کے کریئر کی ایک بڑی کامیابی ہے بلکہ یہ بھی ظاہر کرتا ہے کہ ناروے کا یہ اسٹرائیکر انتہائی کم عمر میں گول اسکورنگ کے بڑے ریکارڈز کی جانب تیزی سے بڑھ رہا ہے۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK