Inquilab Logo Happiest Places to Work

سیمی فائنل میں پہنچنےکیلئےہندوستان کو ڈرا کی ضرورت

Updated: March 11, 2026, 1:08 PM IST | Agency | Hyderabad

ہاکی ورلڈ کپ کوالیفائرس میں آج ویلز سے مقابلہ،میزبان ٹیم کا پلڑا بھاری ،مخالف ٹیم بھی پہلی فتح کیلئے ایڑی چوٹی کا زور لگانے کیلئے تیار۔

Women Hockey Players.Photo:INN
خواتین ہاکی کھلاڑی۔ تصویر:آئی این این
ہندوستان کی خواتین ہاکی ٹیم ایف آئی ایچ ورلڈ کپ کوالیفائر کے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لئے بدھ کے روز یہاں پول مرحلے کے اپنے آخری میچ میں ویلز کے مدمقابل ہوگی۔ میزبان ٹیم کو اگلے مرحلے میں پہنچنے کے لئے اس میچ میں کم از کم ڈرا کی ضرورت ہے۔ہندوستان اس وقت پول ’بی‘ میں ۲؍ میچوں میں ۴؍ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔ اسکاٹ لینڈ کے بھی ۴؍ پوائنٹس ہیں لیکن بہتر ’گول ڈفرنس‘ کی بنیاد پر ہندوستان پہلے نمبر پر موجود ہے۔ ہر پول سے ٹاپ ۲؍ ٹیمیں سیمی فائنل کے لئے کوالیفائی کریں گی اور ہندوستان کو کسی بھی `اگر مگر سے بچنے کے لئے جیت یا ڈرا درکار ہے۔ 
اگر ہندوستانی ٹیم یہ میچ ہار جاتی ہے تو اس کے پوائنٹس ۴؍ ہی رہیں گے اور ایسی صورت میں اس کی قسمت کا فیصلہ اسکاٹ لینڈ اور یوروگوئے کے درمیان ہونے والے میچ پر ہوگا۔ٹورنامنٹ میں ہندوستانی ٹیم کا سفر اب تک شاندار رہا ہے۔ ٹیم نے ۸؍مارچ کو یوروگوئے کو چار صفرسے شکست دے کر مہم کا شاندار آغاز کیا تھا اور پیر کے روز  اسکاٹ لینڈ کے خلاف سخت مقابلے کے بعد میچ ۲۔۲؍سے ڈرا کیا تھا۔
نوجوان فارورڈ سنیلیتا ٹوپو بہترین فارم میں ہیں اور انہوں نے دونوں میچوں میں گول کئے۔ لالریمسوامی، نونیت کور اور رتوجا داداسو پسال نے بھی گول اسکور کر کے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ وہیںگول کیپر بچو دیوی نے مسلسل شاندار بچاؤ کرتے ہوئے دفاعی لائن کو مضبوط رکھا ہے۔
 
 
کپتان سلیمہ ٹیٹے اپنی ٹیم کی کارکردگی سے مطمئن نظر آتی ہیں۔ انہوں نے کہا’’ابتدائی ۲؍ میچوں کے بعد ٹیم میں مثبت ماحول ہے۔ نوجوان کھلاڑی موقع کا بھرپور فائدہ اٹھا رہی ہیں۔ ہمارا واحد مقصد ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کرنا اور چمپئن بننا ہے۔‘‘
 
 
ویلز کے خلاف ہندوستانی ہاکی ٹیم کا ریکارڈ متاثر کن رہا ہے، جہاں گزشتہ ۶؍مقابلوں میں سے۵؍ میں ٹیم انڈیا نے کامیابی حاصل کی ہے۔ تاہم، ہندوستان کو حد سے زیادہ اعتماد  سے بچتے ہوئے توجہ کے ساتھ کھیلنا ہوگا کیونکہ ویلز اپنی پہلی جیت کے لئے ایڑی چوٹی  کا زور لگا دےگی۔  واضح رہے کہ اس ٹورنامنٹ کی ٹاپ ۳؍ ٹیمیں رواں سال کے آخر میں بلجیم اور نیدرلینڈس میں ہونے والے ورلڈ کپ کے لئے کوالیفائی کریں گی۔ آج (بدھ) ہونے والے دیگر میچوں میں انگلینڈ کا مقابلہ آسٹریا سے، اٹلی کا کوریا سے اور اسکاٹ لینڈ کا مقابلہ یوروگوئے سے ہوگا۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK