شیفالی ورما کی طوفانی سنچری،ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں ۱۱۴؍رنوں سےکامیابی حاصل کی،فائنل میں سری لنکا سے مقابلہ۔
EPAPER
Updated: September 21, 2026, 11:56 AM IST | Agency | Washington
شیفالی ورما کی طوفانی سنچری،ایشین گیمز کے سیمی فائنل میں ۱۱۴؍رنوں سےکامیابی حاصل کی،فائنل میں سری لنکا سے مقابلہ۔
شیفالی ورما کی ناٹ آؤٹ سنچری کے بعد نندنی شرما اور دیپتی شرما کی ۳۔۳؍ وکٹوں کی شاندار گیندبازی کی بدولت ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے اتوار کو ایشین گیمز کے کرکٹ مقابلے کے دوسرے سیمی فائنل میں بنگلہ دیش کو ریکارڈ ۱۱۴؍ رنوں سے شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی، جہاں اس کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔
۱۹۶؍ رنوں کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری بنگلہ دیشی ٹیم ہندوستانی گیندبازوں کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکی اور پوری ٹیم ۱۵ء۴؍اوور میں ۸۱؍رنوں پر سمٹ گئی۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی ہندوستان نے ایشین گیمز میں اپنا ایک تمغہ یقینی کرلیا۔ دلارا اختر نے بنگلہ دیش کی جانب سے سب سے زیادہ ۲۷؍ رن بنائے۔ ان کے علاوہ شرمین اختر نے ۱۰؍اور سلطانہ خاتون نے ناٹ آؤٹ ۱۲؍رن بنائے۔ باقی کوئی بھی بلے باز دوہرے ہندسے تک نہیں پہنچ سکا۔ہندوستان کی جانب سے نندنی شرما اور دیپتی شرما نے ۳۔۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ سری چرنی نے ۲؍وکٹ جبکہ کرانتی گوڑ اور شری یانک پاٹل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھئے:سری لنکا کی خاتون ٹیم نے پاکستان کو ہراکرفائنل میں جگہ بنائی
اس سے قبل ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ اسمرتی مندھانا اور شیفالی ورما نے شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلے وکٹ کیلئے جارحانہ انداز میں ۷۲؍ رن جوڑے۔ چھٹے اوور میں ناہیدہ اختر نے مندھانا کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ مندھانا نے ۱۹؍ گیندوں پر ۵؍چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۳۷؍رن بنائے۔ اس کے بعد جی کمالنی صرف ۳؍ رن بناکر آؤٹ ہوگئیں۔
اس موقع پر کپتان ہرمن پریت کور نے شیفالی ورما کے ساتھ مل کر اننگز کو سنبھالا اور ٹیم کو بڑے اسکور کی جانب لے گئیں۔ ۱۸؍ویں اوور میں رابعہ خان نے ہرمن پریت کور کو آؤٹ کیا۔ انہوں نے ۳۳؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں کی مدد سے ۴۰؍ رن بنائے۔ رِچا گھوش ۱۹؍ویں اوور میں ۲؍ رن بناکر چوتھی وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئیں۔ ہندوستانی خواتین کی ٹیم نے مقررہ ۲۰؍اوور میں ۴؍ وکٹ پر ۱۹۵؍رن بنائے۔ شیفالی ورما نے ۴۹؍گیندوں پر ۳؍ چوکے اور ۹؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۱۰۰؍ رنوں کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ بھارتی پھولمالی ۹؍رن بناکر ناٹ آؤٹ رہیں۔بنگلہ دیش کی جانب سے معروفہ اختر، سنجیدہ اختر میگھلا، رابعہ خان اور ناہیدہ اختر نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔
یہ بھی پڑھئے: اجیت آگرکر کا اپنی مدت کار میں توسیع نہ کرانے کا فیصلہ
شیفالی نے تاریخ رقم کردی
شیفالی ورما نے اس میچ میں نہ صرف ہندوستان کو فائنل تک پہنچایا بلکہ ایشین گیمز کی کرکٹ کی تاریخ میں بھی اپنا نام درج کرا لیا۔ ایشین گیمز میں سنچری بنانے والی وہ پہلی بلے باز بن گئیں۔ انہوںنے ۴۹؍گیندوں پر ۱۰۰؍رن بنائے۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اسمرتی مندھانا کے تیز ترین ویمنز ٹی ۔۲۰؍ انٹر نیشنل سنچری کے ریکارڈ کی برابری بھی کر لی۔ مندھانا نے ۲۰۱۸ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف ۴۹؍ گیندوں پر سنچری بنائی تھی۔ شفالی کی اننگز میں ۹؍ چھکے اور ۳؍ چوکے شامل رہے، یعنی انہوں نے صرف باؤنڈریز کی مدد سے ہی ۶۶؍ رن بنائے۔
اسمرتی مندھانا نے سوزی بیٹس کو پچھاڑ دیا
ہندوستانی اوپنر اسمرتی مندھانا نے ایشین گیمز ۲۰۲۶ء کے کرکٹ مقابلے میں بنگلہ دیش کے خلاف سیمی فائنل کے دوران خواتین کے بین الاقوامی ٹی-۲۰؍کرکٹ میں سب سے زیادہ رن بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کی سابق بلے باز سوزی بیٹس کے۴؍ہز ار۷۵۸؍ ٹی-۲۰؍ رنوں کے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔اسمرتی مندھانا کے نام اب کرکٹ کے مختصر ترین فارمیٹ میں ۱۷۸؍میچوں میں۴؍ہزار۷۸۸؍ رن ہو گئے ہیں ہیں جبکہ نیوز ی لینڈ کے بلے باز سوزی بیٹس نے ۱۸۶؍ میچوں میں ۴۷۵۸؍ رن بنائے تھے۔