شبھ من گل اور ایشان کشن کی شاندار سنچریوں کی مدد سے ٹیم انڈیا نے ۴۰۲؍ رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا تھا، مہمان ٹیم ۲۳۲؍ رن ہی بنا سکی۔
EPAPER
Updated: June 18, 2026, 4:38 PM IST | Lucknow
شبھ من گل اور ایشان کشن کی شاندار سنچریوں کی مدد سے ٹیم انڈیا نے ۴۰۲؍ رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا تھا، مہمان ٹیم ۲۳۲؍ رن ہی بنا سکی۔
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان شبھ من گل اور وکٹ کیپر بلے باز ایشان کشن نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے افغانستان کے خلاف سنچریاں بنائیں۔ ٹیم انڈیا نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۵ء۴۹؍ اوور میں ۴۰۲؍ رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔ یہ اسکور ایسا تھا جسے پار کرنا افغانستان کےلئے تقریباً ناممکن تھا۔
بڑے اسکور کے تعاقب میں افغانستان نے ۳ء۴۳؍ اوور میں تمام وکٹیں گنواکر ۲۳۲؍ رن بنائے اور اس طرح ہندوستان نے ۱۷۰؍ رنوں کے بڑے فرق سے یہ میچ جیت لیا۔اس جیت کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا نے دوصفر کی برتری حاصل کر لی۔
یہ بھی پڑھئے: آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں بنگلہ دیشی گیند بازوں کی بڑی چھلانگ
افغانستان کے ابتدائی ۴؍ بلے بازوں نے اپنا اسکور دوہرے ہندسوں تک پہنچایا لیکن کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز نہیں کھیل سکا۔ افغانستان کیلئے رحمان اللہ گڑباز نے ۴۱؍، ابراہیم زدران نے۲۱، صادق اللہ اٹل نے۴۲؍ جبکہ رحمت شاہ نے سب سے زیادہ ۷۹؍ رن بنائے۔ ٹیم انڈیا کیلئے گرنور برار اور عرشدیپ نے ۳۔۳؍ وکٹیں حاصل کیں۔
اس سے قبل کپتان شبھ من گل اور ایشان کشن کی شاندار سنچریوں کی بدولت ہندوستان نے افغانستان کے خلاف دوسرے یکروزہ میچ میں ۴۰۲؍ رن کا بڑا اسکور کھڑا کیا۔ ہندوستانی ٹیم ۵ء۴۹؍ اوور میں آل آؤٹ ہوئی لیکن اس سے قبل گل اور ایشان نے اپنی جارحانہ بلے بازی سے میچ پر مکمل گرفت بنا لی تھی۔ یشسوی جیسوال کے جلد آؤٹ ہونے کے بعد روہت شرما (۴۸) اور شبھ من گل نے اننگز کو سنبھالا۔ اس کے بعد گل اور ایشان کشن نے تیسرے وکٹ کیلئے ۲۲۴؍ رنوں کی ریکارڈ شراکت قائم کی۔
یہ بھی پڑھئے: انگلینڈ کی خاتون ٹیم نے آئرلینڈ کو چار وکٹ سے ہرایا
شبھ من گل نے ۱۵۴؍ رنوں کی اننگز کھیلی ،جس میں ۲۲؍ چوکے اور ۲ ؍چھکے شامل تھے۔ انہوں نے اپنے ون ڈے کریئر کی نویں اور بطور کپتان پہلی سنچری اسکور کی۔ دوسری جانب ایشان کشن نے صرف ۷۹؍ گیندوں پر سنچری مکمل کرتے ہوئے ۱۲۵؍ رن بنائے، جس میں ۱۴؍ چوکے اور ۷ ؍چھکے شامل تھے۔ اس دوران انہوں نے یکروزہ کرکٹ میں اپنے ایک ہزار رن بھی مکمل کئے۔
ایک مرحلے میں ہندوستان کا اسکور۳؍ وکٹ پر ۳۵۹؍رن تھا لیکن آخری اووروں میں افغانستان نے واپسی کرتے ہوئےرنوں کی رفتار پر روک لگادی اور وقفہ وقفہ سے وکٹیں بھی حاصل کیں۔ ہندوستان نے آخری۴۵؍ رن بنانے میں ۷؍ وکٹ گنوا دیں۔ کے ایل راہل (صفر)، شریس ایر (۲۶) اور واشنگٹن سندر (۱۹) امید کے مطابق مظاہر ہ نہیں کر سکے۔