ایشیا کپ کے اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کو ۹۴؍رنوں سے ہرادیا،شیفالی ورما کی نصف سنچری۔
EPAPER
Updated: September 01, 2026, 12:43 PM IST | Agency | Dubai
ایشیا کپ کے اپنے پہلے میچ میں تھائی لینڈ کو ۹۴؍رنوں سے ہرادیا،شیفالی ورما کی نصف سنچری۔
اوپنر شیفالی ورما (۶۴) کی شاندار نصف سنچری اور نندنی شرما و دیپتی شرما (۳۔۳؍ وکٹیں) کی قیادت میں گیند بازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے ویمنز ایشیا کپ میں گروپ’ بی‘ کے میچ میں تھائی لینڈ کو ۹۴؍ رنوں سے شکست دے کر فاتحانہ آغاز کیا۔
یہ بھی پڑھئے: ہندوستان، تھائی لینڈ کے خلاف بڑی جیت کا خواہاں
ہندوستان نے مقررہ ۲۰؍ اوور میں ۹؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۵۹؍ رن کا اسکور بنانے کے بعد تھائی لینڈ کی پوری ٹیم کو ۱۶ء۱؍اوور میں ۶۵؍ رن پر آؤٹ کر دیا۔ تھائی لینڈ کی جانب سے نانناپات کونچارونکائی نے سب سے زیادہ ۴۱؍ رنز بنائے اور وہ واحد بلے باز رہیں جو دو ہندسوں تک پہنچ سکیں۔ نندنی شرما نے ۱۸؍ رن دے کر ۳؍ وکٹ، شری چرنی نے ۱۰؍ رن دے کر ۲؍ وکٹ اور دیپتی شرما نے صرف ایک رن دے کر ۳؍ وکٹ حاصل کئے۔ کرانتی گاؤڈ کو ۲۶؍ رن کے عوض ایک وکٹ ملا۔
یہ بھی پڑھئے: پراگنانندھا نے تاریخ رقم کرتے ہوئے گلوبل چیس ٹور جیت لیا
شیفالی کی جارحانہ نصف سنچری سے ایک وقت ایسا محسوس ہو رہا تھا کہ ہندوستان ۲۰۰؍ رن کے اسکور تک بھی پہنچ سکتا ہے لیکن بعد میں ٹیم کے آل آؤٹ ہونے کا خطرہ منڈلانے لگا۔ تاہم کرانتی گاؤڑ اور شری چرنی نے مل کر یہ نوبت نہیں آنے دی اور ہندوستانی اسکور کو ۱۵۰؍ کے پار پہنچا دیا۔ تھائی لینڈ نے عمدہ فیلڈنگ کی اور کچھ اچھے کیچ لینے کے ساتھ ساتھ اسمرتی مندھانا اور دیپتی شرما کو رن آؤٹ بھی کیا۔
دیپتی شرما نے تاریخ رقم کردی
ہندوستان خواتین کرکٹ ٹیم کی تجربہ کار آل راؤنڈر دیپتی شرما نے خواتین کے ٹی ۔۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ میں تاریخ رقم کر دی ہے۔ تھائی لینڈ کے خلاف ٹیم انڈیا کی ۹۴؍ رنوں کی یک طرفہ فتح کے دوران دیپتی نے یہ شاندار کامیابی حاصل کی۔ وہ اب خواتین کے ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی گیندباز بن گئی ہیں جن کے نام اب ۱۷۱؍ وکٹیں درج ہو چکی ہیں۔ اس فہرست میں تھائی لینڈ کی تھیپاتچا پتاو وونگ (۱۷۰؍وکٹیں) دوسرے، روانڈا کی ہینریئٹ اسیوی (۱۶۴؍ وکٹیں) تیسرے، انگلینڈ کی سوفی ایکلیسٹون (۱۵۴؍ وکٹیں) چوتھے اور ہانگ کانگ کی کیری چانگ (۱۵۳؍ وکٹیں) پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔