Updated: December 05, 2025, 4:07 PM IST
| Abu Dhabi
۶؍دسمبر کو ابوظہبی میں ہونے والی آئی پی ایل ۲۰۲۶ء کی نیلامی میں ۱۰؍ فرنچائزیز ۷۷؍ سلاٹ پُر کرنے کے لیے ایک دوسرے سے سبقت لینے کی کوشش کریں گی، جن میں۳۱؍ غیرملکی کھلاڑی شامل ہیں۔ کل ۱۳۵۵؍ کرکٹرس جن میں ۱۰۶۲؍ ہندوستانی اور ۲۹۳؍ غیرملکی شامل ہیں، نے آئی پی ایل نیلامی کے لیے پہلے ہی رجسٹریشن کروا لیا ہے۔
آئی پی ایل ۲۰۲۶ء:تصویر:آئی این این
۶؍دسمبر کو ابوظہبی میں ہونے والی آئی پی ایل ۲۰۲۶ء کی نیلامی میں ۱۰؍ فرنچائزیز ۷۷؍ سلاٹ پُر کرنے کے لیے ایک دوسرے سے سبقت لینے کی کوشش کریں گی، جن میں۳۱؍ غیرملکی کھلاڑی شامل ہیں۔ کل ۱۳۵۵؍ کرکٹرس جن میں ۱۰۶۲؍ ہندوستانی اور ۲۹۳؍ غیرملکی شامل ہیں، نے آئی پی ایل نیلامی کے لیے پہلے ہی رجسٹریشن کروا لیا ہے۔
نیلامی میں شامل ہونے والے کھلاڑیوں کی حتمی شارٹ لسٹ ۵؍ دسمبر کے بعد، تمام ٹیموں کی دلچسپی معلوم ہونے پر طے کی جائے گی۔ تاہم، کچھ بڑے نام آنے والی آئی پی ایل نیلامی کا حصہ نہیں ہوں گے، کیونکہ کئی ہائی پروفائل کھلاڑی جنہیں ان کی سابقہ ٹیموں نے ریلیز کیا تھا، انہوں نے آئی پی ایل ۲۰۲۶ء نیلامی کے لیے رجسٹریشن نہ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کچھ معروف چہرے بھی لیگ یا کرکٹ سے مکمل ریٹائرمنٹ کے سبب مستقبل کے آئی پی ایل سیزن میں واپس نہیں آئیں گے۔ یہاں ان ٹاپ کرکٹرس کی فہرست دی گئی ہے جو آئی پی ایل ۲۰۲۶ء نیلامی میں شامل نہیں ہوں گے۔
گلیَن میکسویل
آسٹریلیائی اسٹار گلیَن میکسویل نے آئی پی ایل ۲۰۲۶ء کی نیلامی میں رجسٹریشن نہ کروانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے ساتھ فرنچائز ٹی۲۰؍ لیگ میں ان کے مسلسل ۱۳؍ سیزن کا سلسلہ ختم ہو جاتا ہے۔ میکسویل نے اپنے آئی پی ایل کریئر کا زیادہ حصہ رائل چیلنجرز بنگلور اور پنجاب کنگز کے ساتھ کھیلتے ہوئے گزارا۔
آندرے رسل
ویسٹ انڈیز کے پاور ہٹر آندرے رسل نے۱۲؍ سیزن کے بعد بطور کھلاڑی اپنے آئی پی ایل کریئر کو الوداع کہہ دیا ہے، جس کے ساتھ ٹی۲۰؍ لیگ کے سب سے دھماکے دار کریئرس میں سے ایک کا اختتام ہو گیا۔ رسل نے ۲۰۱۲ء میں دہلی ڈیئر ڈیولز کے لیے آغاز کیا، لیکن انہیں مقبولیت ۲۰۱۴ء میں کولکاتا نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) میں شامل ہونے کے بعد ملی۔ ویسٹ انڈیز کے اس آل راؤنڈر نے کے کے آر کی جارحانہ کرکٹ کی پہچان بن کر، ٹورنامنٹ کی تاریخ کے بہترین فنشرز میں جگہ بنائی۔
فاف ڈو پلیسیس
جنوبی افریقہ کے سابق کپتان فاف ڈو پلیسیس، جو ۲۰۱۱ء میں ایک ان کیپڈ کھلاڑی کے طور پر چنئی سپر کنگز میں شامل ہوئے تھے، آئی پی ایل ۲۰۲۶ء کی نیلامی میں شامل نہیں ہوں گے۔ انہوں نے اپنے کریئر میں ۱۵۴؍ میچوں میں ۴۷۷۳؍ رنز بنائے اور چنئی سپر کنگز، رائزنگ پونے سپرجائنٹ، رائل چیلنجرز بنگلور اور دہلی کیپٹلس کی نمائندگی کی۔
معین علی
انگلش آل راؤنڈر معین علی (۳۸؍ سال) نے بھی آئی پی ایل ۲۰۲۶ء نیلامی میں شامل نہ ہونے کا اعلان کیا ہے اور وہ بھی پی ایس ایل میں کھیلتے نظر آئیں گے۔ اپنے آئی پی ایل کریئر میں انہوں نے ۷۳؍ میچوں میں۱۱۶۷؍ رنز اور۴۱؍ وکٹ حاصل کئے اور آر سی بی، سی ایس کے اور کے کے آر کی نمائندگی کی۔ معین علی مڈل آرڈر میں بلے بازی اور ضرورت پڑھنے پر اسپن گیندبازی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:۱۱؍سال قبل لاپتہ ملائشیائی طیارہ ’ایم ایچ ۳۷۰‘ کی تلاش پھرشروع
روی چندرن اشون
اس سال تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کے بعد، اشون آئی پی ایل ۲۰۲۶ءکی نیلامی میں شامل نہیں ہوں گے۔ وہ آئی پی ایل کے پہلے سیزن سے چنئی سپر کنگز کا حصہ رہے، اگرچہ آغاز انہوں نے ۲۰۰۹ء میں کیا۔ اپنے کریئر میں انہوں نے سی ایس کے کے علاوہ رائزنگ پونے سپرجائنٹ، پنجاب، دہلی اور راجستھان رائلز کی نمائندگی کی۔ وہ ۲۰۱۰ء اور ۲۰۱۱ء میں سی ایس کے کے ساتھ چیمپئن بنے۔
یہ بھی پڑھئے:غزہ میں حماس کا اثر کم کرنے کیلئے اسرائیل کے حمایت یافتہ کئی گروہ سرگرم ہیں
موہت شرما
ہندوستانی تیزگیندباز موہت شرما نے بھی دسمبر میں تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کے بعد آئی پی ایل ۲۰۲۶ء نیلامی میں شامل نہ ہونے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے ۲۰۱۳ء میں سی ایس کے کے لیے آغاز کیا اور پہلے ہی سیزن میں۲۰؍ وکٹ حاصل کئے۔ اگلے سال انہوں نے پرپل کیپ بھی جیتی۔