• Fri, 02 October, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ایرانی کپ: ریسٹ آف انڈیا ۲۳۷؍رنوں پر ڈھیر

Updated: October 02, 2026, 1:24 PM IST | Agency | Srinagar

جموں کشمیر کے گیندبازوں کی شاندار کارکردگی،ناصر لون اور سنیل کمار نے ۳۔۳؍وکٹیں حاصل کیں جبکہ عمر نظیر نے ۲؍بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔

Jammu and Kashmir bowler Nasir Lone took 3 wickets. Photo: PTI
جموں کشمیر کے گیندباز ناصر لون نے ۳؍وکٹیں حاصل کیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

رنجی ٹرافی چمپئن جموں  کشمیر نے ایرانی کپ میں شاندار آغاز کرتے ہوئے پہلے ہی دن مضبوط ریسٹ آف انڈیا کی ٹیم کو ۲۳۷؍ رنوں پر روک دیا۔ سری نگر کے شیرِ کشمیر اسٹیڈیم کی مشکل پچ پر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جموں کشمیر کے گیند بازوں، خاص طور پر سنیل کمار اور ناصر لون مظفر نے ۳۔۳؍ وکٹیں لے کر زیادہ تر وقت ریسٹ آف انڈیا کے بلے بازوں کو دباؤ میں رکھا۔ تاہم سمرن روی چندرن کی اہم نصف سنچری نے ریسٹ آف انڈیا کو ۲۰۰؍رنوںکے پار پہنچایا۔ یہ اننگز اس لئے بھی اہم رہی کہ ایک وقت ٹیم کا اسکور ۲؍وکٹ پر صرف ۲۱؍ رن تھا۔

جموں کشمیراپنی ٹیم کے اہم تیز گیندباز عاقب نبی کے بغیر کھیل رہی ہے، جو ویسٹ انڈیز کے خلاف جاری ون ڈے سیریز کیلئے ہندوستانی ٹیم کے ساتھ ہیں۔ اس کمی کے باوجود نئی گیند سے عمر میر اور سنیل کمار نے ریسٹ آف انڈیا کے بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ سنیل نے اننگز کے چوتھے اوور میں سنات سنگوان کو آؤٹ کیا جبکہ ناصر لون نے زیادہ رن بنانے والے سدیپ کمار گھرامی کو پویلین بھیجا۔

یہ بھی پڑھئے:خواتین اور مردوں کی اسکواش ٹیموں نے کانسے کے تمغے جیتے

اس کے بعد شکھر موہن اور سرفراز خان نے تیسری وکٹ کیلئے۷۶؍ رنوں کی شراکت کرکے ریسٹ آف انڈیا کی اننگز کو سنبھالا۔ سرفراز نے ہوا میں شاٹس کھیلنے سے گریز کیا اور بیک فٹ پر کھیلتے ہوئے رن بنائے، جس میں تیز گیندبازوں کی شارٹ گیندوں پر کھیلے گئے اپر کٹ بھی شامل تھے۔ شکھر موہن نے بھی اچھی بلے بازی کرتے ہوئے ۹؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا لیکن ایک بڑا ڈرائیو کھیلنے کی کوشش میں ناصر لون کی گیند پر  وکٹ کیپر کنہیا ودھاون نے کیچ دے بیٹھے۔

یہ بھی پڑھئے:کشتی رانی: ہندوستان نے چاندی کا تمغہ جیت لیا

ریسٹ آف انڈیا کے کپتان رشبھ پنت پانچویں نمبر پر بلے بازی کیلئے آئے۔ انہوں نے تیز گیندبازوں کے خلاف ریورس اسکوپ کھیلنے کی کچھ کوششیں کیں، لیکن زیادہ تر وقت محتاط رہے۔ اس کے بعد سرفراز خان عمر نذیر کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوگئے اور ۴۵؍ رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ اگلے ہی اوور میں نذیر نے پنت کو کور کی سمت سیدھا شاٹ کھیلنے پر مجبور کیا اور وہ بھی آؤٹ ہوگئے۔ اس طرح ۲؍وکٹ پر ۱۰۸؍ رن سے ریسٹ آف انڈیا کا اسکور تیزی سے ۷؍ وکٹ پر ۱۵۵؍ رن ہوگیا۔اس مشکل صورتحال میں سمرن روی چندرن نے محاذ سنبھالا۔ انہوں نے آکاش دیپ کے ساتھ ۳۹؍ رنوں کی شراکت کی، جس میں تیز گیند باز آکاش دیپ نے ۲۴؍گیندوں پر ۲۲؍رن بنائے، جس میں ۲؍ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ آکاش دیپ کے آؤٹ ہونے کے بعد سمرن نے اننگز کو آگے بڑھایا اور نمبر ۱۰؍کے بلے باز مکیش چودھری کے ساتھ ۴۳؍رنوں کی شراکت میں ۳۲؍ گیندوں پر ۳۸؍ رن بنائے۔ آخرکار سمرن ۶۸؍ رن پر آؤٹ ہوئے، لیکن اس وقت تک وہ ریسٹ آف انڈیا کے مجموعی اسکور کو مضبوط بنیاد فراہم کر چکے تھے۔

کم ہوتی روشنی میں دوسری اننگز کے ۷؍ اوور میں بھی ریسٹ آف انڈیا کا پلڑا بھاری رہا۔ مکیش چودھری نے شبھم پونڈیر کو آؤٹ کیا۔ جموں کشمیر نے عمر نذیر کو نائٹ واچ مین کے طور پر بھیجالیکن وہ صرف ۹؍ گیندیں کھیل سکے اور کھیل ختم ہونے سے ایک گیند قبل آکاش دیپ کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔جس وقت کھیل ختم ہوا تو جموں کشمیر ۲؍وکٹ پر ۲۱؍رن بناچکی تھی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK