Inquilab Logo Happiest Places to Work

آئی ایس ایل: ایسٹ بنگال نے محمڈن اسپورٹنگ کو ۷؍گول سے روند دیا

Updated: March 24, 2026, 8:07 PM IST | Kolkata

ایسٹ بنگال ایف سی نے کولکاتا ڈربی میں ایک تاریخی کارکردگی پیش کرتے ہوئے پیرکو کولکاتا کے ویویکانند یووا بھارتی کریڑانگن میں انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل)۲۶۔۲۰۲۵ءکے میچ میں محمڈن اسپورٹنگ کلب کو ۰۔۷؍گول سے ہرا دیا۔

East Bengal Players.Photo:PTI
ایسٹ بنگال۔ تصویر:پی ٹی آئی

ایسٹ بنگال ایف سی نے کولکاتا ڈربی میں ایک تاریخی کارکردگی پیش کرتے ہوئے پیرکو کولکاتا کے ویویکانند یووا بھارتی کریڑانگن میں انڈین سپر لیگ (آئی ایس ایل)۲۶۔۲۰۲۵ءکے میچ میں محمڈن اسپورٹنگ کلب کو ۰۔۷؍گول سے ہرا دیا۔ انور علی اور یوسف ایجیزری نے دو، دو گول کیے۔
یہ شاندار جیت دونوں ٹیموں کے درمیان تاریخ کی سب سے بڑی فتح ہے، اور آئی ایس ایل کی تاریخ میں بھی مشترکہ طور پر سب سے بڑے مارجن کی جیت ہے، جو  ۲۰۱۵ء میں ایف سی گوا کی ممبئی سٹی ایف سی پر۰۔۷؍ گول   کی جیت کے برابر ہے۔ اس نتیجے کے بعد ’’ریڈ اینڈ گولڈ بریگیڈ‘‘ چھ میچوں میں ۱۱؍ پوائنٹس کے ساتھ اسٹینڈنگ میں چوتھے نمبر پر پہنچ گئی، جبکہ محمڈن ایس سی پانچ میچوں میں ایک بھی پوائنٹ حاصل کیے بغیر نچلے حصے میں موجود ہے۔ انور علی کو ’’پلیئر آف دی میچ‘‘ قرار دیا گیا۔
ایسٹ بنگال نے زبردست آغاز کرتے ہوئے ابتدائی منٹوں میں ہی کھیل پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔ ان کا دباؤ چھٹے منٹ میں رنگ لایا، جب سینٹر بیک انور علی نے بائیں جانب سے بائیں پیر کے ساتھ طویل فاصلے سے شاٹ لیا۔ محمڈن کے گول کیپر پدم چھیتری گیند کو قابو میں نہ رکھ سکے اور گیند گول کے نچلے دائیں کونے میں جا لگی، جس سے میزبان ٹیم کو۰۔۱؍گول  کی برتری مل گئی۔
۱۴؍ویں منٹ میں یہ برتری دگنی ہو گئی، جب باکس کے اندر لیفٹ بیک سجاد حسین نے میگوئیل فگورا کو فاؤل کیا، جس کے نتیجے میں پینالٹی ملی۔ یوسف ایجیزری نےپینالٹی کو کامیابی سے گول میں تبدیل کر کے اسکور ۰۔۲؍گول کر دیا۔ میزبان ٹیم مسلسل دباؤ ڈالتی رہی، اور ہاف کے وسط میں ایڈمنڈ لالرنڈیکا نے پدم کا امتحان لیا۔ ۲۹؍ویں منٹ میں محمڈن کو ایک نادر موقع ملا، لیکن اسٹرائیکر محمد فردین کی کوشش کو پربھسکھن گل نے آسانی سے بچا لیا۔
کھیل مزید ایسٹ بنگال کے حق میں ہو گیا جب محمدن کے رائٹ بیک جوزف لالموانوما کو دوسری پینالٹی دینے کے بعد دوسرا یلو کارڈ ملنے پر میدان سے باہر بھیج دیا گیا۔ کپتان ساؤل کریسپو نے ۳۸؍ویں منٹ میں پینالٹی کے ذریعے اسکور ۰۔۳؍گول کر دیا۔ ہاف ٹائم سے پہلے ایسٹ بنگال چوتھا گول کرنے کے قریب تھی، جب پی وی وشنو کی شاٹ کراس بار سے ٹکرا گئی۔ یوں میزبان ٹیم ۰۔۳؍گول  کی برتری کے ساتھ وقفے میں گئی۔

یہ بھی پڑھئے:رنویر سنگھ کی فلم ’’دُھرندھر۲‘‘ پر پابندی لگانے کا مطالبہ


دوسرے ہاف میں بھی ایسٹ بنگال کا ہی غلبہ رہا۔ ۵۴؍ویں منٹ میں ایجیزری نے اپنی دوسری پینالٹی کو گول میں بدلا۔ یہ آئی ایس ایل کے کسی ایک میچ میں کسی ٹیم کی جانب سے تین پینالٹی گول کرنے کا پہلا موقع تھا۔ یہ پینالٹی اس وقت ملی جب پدم نے باکس کے اندر میگوئیل فگورا کو گرا دیا۔دس کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے باوجود محمڈن نے واپسی کی کوشش کی، لیکن ۶۸؍ویں منٹ میں جوویل مجمدار قریب سے گول کرنے میں ناکام رہے۔ دوسری جانب ایسٹ بنگال مسلسل مواقع پیدا کرتی رہی۔ مڈفیلڈر لالہلانسانگا کا ہیڈر تھوڑا سا باہر چلا گیا۔۷۵؍ویں منٹ میں پی وی وشنو نے پانچواں گول کیا۔

یہ بھی پڑھئے:کائلیان ایمباپے کی فٹنیس اور ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں شرکت ؟


چار منٹ بعد، ایسٹ بنگال نے چھٹا گول کیا جب مہیش ناؤریم کے پاس پر انور علی نے باکس کے اندر سے شاندار فنش کے ساتھ اپنا دوسرا گول اسکور کیا۔ میزبان ٹیم نے اسٹاپیج ٹائم میں اپنی شاندار کارکردگی کا اختتام کیا۔ اضافی وقت کے چھٹے منٹ میں متبادل کھلاڑی نندھا کمار نے بہترین فنش کے ساتھ اسکور۰۔۷؍ گول  کر دیا۔ اس طرح ایسٹ بنگال نے کولکاتا ڈربی میں ۰۔۷؍گول کی زبردست جیت کے ساتھ پورے تین پوائنٹس حاصل کیے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK