• Thu, 24 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

جیکس کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی، انگلینڈ نے سری لنکا کو۸۹؍رن سے ہرایا

Updated: September 24, 2026, 12:32 PM IST | Agency | Chester-le-Street

ول جیکس نے۴۷؍ گیندوں پر ۴۶؍اہم رن بنائے، اس کے بعد گیندبازی سےبھی قہر ڈھاتے ہوئے سری لنکا کے ۵؍ کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔

Will Jacks impressed with his performance. Photo: INN
ول جیکس نے اپنے کھیل سے متاثر کیا۔ تصویر: آئی این این

ول جیکس کی شاندار آل راؤنڈ کارکردگی ( ۴۶؍ رن ناٹ آؤٹ اور۵؍وکٹ)کی بدولت انگلینڈ نے پہلے یک روزہ مقابلے میں سری لنکا کو۸۹؍ رن سے شکست دے دی۔ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اتری انگلینڈ کی  ٹیم ۴۸ء۱؍اوور میں ۲۶۵؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ہیری بروک کی نصف سنچری کے بعد جیکس نے ۴۷؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۴۶؍ رن بنائے۔ اس کے بعد جیکس نے سری لنکا کی درمیانی اور آخری صف کے بلے بازی کو تہس نہس کرتے ہوئے۵؍ وکٹ بھی حاصل کئے اور انہیں واپسی کا کوئی موقع نہیں دیا جس کے نتیجے میں سری لنکا کی ٹیم ۱۷۶؍ پر ہی سمٹ گئی۔

یہ بھی پڑھئے:وراٹ کوہلی اور روہت شرما ۲۰۲۷ء ورلڈ کپ میں ہندوستان کوجتائیں: رِنکو سنگھ

انگلینڈ کی بلے بازی کی بات کریں تو کپتان ہیری بروک نے۶۹؍گیندوں  پر۶۷؍ رن کی اننگز کھیل کر ٹیم کی بلے بازی کو سنبھالا۔ انہیں  جیکس کا اچھا ساتھ ملا جبکہ تجربہ کار بلے باز جو روٹ نے بھی اہم۴۴؍ رن کا اضافہ کیا ۔ اوپنر بین ڈکٹ  نے۳۲؍ اور جوس بٹلر نے۳۱؍ رن بناکر بھی اہم کردار ادا کیا جس کی بدولت ٹیم ایسا اسکور بنانے میں کامیاب رہی جس کا دفاع کیا جاسکتا تھا، اگرچہ یہ بہت بڑا اسکور نہیں تھا۔سری لنکا کے گیند بازوں نے میزبان ٹیم کو روکنے کیلئے بھرپور کوشش کی اور استعمال کیے گئے پانچوں گیند بازوں کو وکٹیں ملیں۔ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے لیگ اسپنر سچندو کولمبگے نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے۴۴؍ رن دے کر۳؍ وکٹیں حاصل کیں۔ تیز گیند باز اسیتھا فرنانڈو نے بھی۵۳؍ رن دے کر۳؍ وکٹ لئےجبکہ دلشان مدوشنکا، دشمنتھا چمیرا اور دونیتھ ویلالاگے نے ایک ایک وکٹ لے کر انگلینڈ کو پورے اوور کھیلنے سے روک دیا۔

یہ بھی پڑھئے: ہندوستان نے کبڈی میں ایران کو۲۳-۳۷؍سے ہرا یا، سیمی فائنل کی راہ دور نہیں

۲۶۶؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سری لنکا کی ٹیم اچھی شراکت داری قائم کرنے کیلئے جدوجہد کرتی رہی اور بالآخر۳۷؍ اوور میں ۱۷۶؍ رن پر آل آؤٹ ہوگئی۔ اوپنر پاتھم نسانکا نے۳۷؍ گیندوں پر۲۷؍ رن بناتے ہوئے یک روزہ کرکٹ میں ۳؍ہزار رن مکمل کرنے کا اعزاز حاصل کیا۔ کوسل مینڈس نے درمیانی صف میں۴۲؍ رن کی ٹھوس اننگز کھیل کر ٹیم کو سنبھالے رکھا جبکہ دونیتھ ویلالاگے نے آخر میں زبردست جوابی حملہ کرتے ہوئے صرف۳۶؍ گیندوں پر۴۵؍ رن بنائےجو مہمان ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور رہا۔ تاہم، سری لنکا کی بلے بازی کے باقی کھلاڑی انگلینڈ کے مسلسل دباؤ کا سامنا نہیں کر سکے۔اس میچ کے اسٹار کھلاڑی بلاشبہ جیکس رہے جنہوں نے گیند بازی میں بھی اہم کردار ادا کرتے ہوئے مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK