Updated: July 13, 2026, 10:02 AM IST
|
Inquilab News Network
| Malegaon
ایس آئی آر کے انومیریشن فارم بھرنے کیلئےدشواریوں کا سامنا،بی ایل اوز کا کہنا ہے کہ تدریسی سرگرمیوں سے وقت ملے تو یکسوئی سے کام ہو
کریم نگر میں ایس آئی آر فارم بھرے جانے کا منظر ۔ تصویر:آئی این این
مردم شماری اور فہرست رائے دہندگان سازی میںشاندار کارکردگی کاریکارڈ رکھنے والے شہر مالیگاؤں میں اِن دنوں اسپیشل انٹینسیوریویزن(ایس آئی آر)کیلئے نامزدبوتھ لیول آفیسر(بی ایل او)کی عدم دستیابی سےعوام کوشدید پریشانیاںہورہی ہیں۔اُدھربی ایل اوکی ڈیوٹی کیلئےمنتخب ہونے والوںکاجوازہے کہ ہمیںاسکول اور تدریسی سرگرمیوں سے وقت ملےتوانومیریشن فارم تقسیم کاری اور اُسے بھرنےکیلئے یکسوئی سےکام کرسکیں۔تیسری جانب سیاسی حلقےبی ایل اور،اسکول انتظامیہ اور سرکاری افسران کےپاس پہنچ کراس صورتحال سے نمٹنے کیلئے موثرلائحہ عمل طے کرنے کیلئے زور دے رہے ہیں۔اِس سہ رُخی صورتحال کے سبب مالیگاؤں میں ایس آئی آرالگ ہی طریقے سےنظر آرہاہے۔
محمد شعیب ،کئی دنوںسے بی ایل اوکوفون لگارہاہے۔اُس کا نام فہرست رائے دہندگان سے کٹ گیا ہے۔بی ایل اوسے رابطہ ہونے پرووٹرلسٹ نمبرکے ذریعے اُس کی میپنگ اوراُس کےبعدایس آئی آرفارم بھرنے کی کارروائی ہوگی۔بی ایل اوکی جانب سے کوئی تعاون نہ ملنے سے وہ پریشان ہے۔ایسے ہی ایک معاملے میںنمائندئہ انقلاب نےایک بی ایل اوکوکال کیاتوکوئی جواب نہیں ملا۔آدھے گھنٹےبعدکال کرنےپراُدھرسےنسوانی آوازآئی،’’مَیں اُن کی بیگم بول رہی ہوں۔وہ شام میں۶؍بجےکےبعدآتے ہیں۔موبائل گھرچھوڑکرچلےگئے۔‘‘بی ایل اوکی ڈیوٹی کرنےوالےایک معلم نے (نام نہ لکھنے کی شرط پر)کہا کہ فہرست رائے دہندگان کے خلط ملط سےہم لوگ پریشان ہیں۔ایک رائے دہندہ کا نام ایک فہرست میںمل بھی جارہاہےتواُس کے آدھارکارڈ،الیکشن آئی ڈی یادوسرے دستاویزات میںناموں کے حروف تہجی کےفرق سےمماثلت نہیں ہوپارہی ہے۔جب مماثلت ہی نہیںہوئی تو آگے کا کام ازخودرُک جارہا۔ہم لوگوں کو آن لائن بھی معلومات درج کرناہے۔
اس معاملے میںسابق رُکن اسمبلی شیخ آصف نےسب ڈیویژنل مجسٹریٹ نتن سدگیر سےملاقات کرکے پیداشدہ صورتحال کی جانب سے توجہ مبذول کروائی۔انہوں نے کہا کہ بی ایل اوفارم بانٹ نہیں رہے۔اس وجہ سےعوام کوعلم نہیںہورہا۔رائے دہندہ کے گھرفارم پہنچےگاتواُسےبھرنے کیلئے رائے دہندہ آپ تک آئے گا۔شیخ آصف نے کہا کہ بی ایل اوزکوچاہئےکہ وہ اس کام کو قومی فریضہ سمجھ کرانجام دیں۔تساہل اور غفلت سےنقصان ہی ہوگا۔