ارجنٹائنا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر اور انٹر میامی کے کپتان لیونل میسی ایک مرتبہ پھر امریکی فٹبال لیگ (ایم ایل ایس) میں تاریخ رقم کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ وہ مسلسل دوسرے سال ایم ایل ایس گولڈن بوٹ کا اعزاز حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن سکتے ہیں۔
EPAPER
Updated: November 03, 2026, 1:08 PM IST | Miami
ارجنٹائنا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر اور انٹر میامی کے کپتان لیونل میسی ایک مرتبہ پھر امریکی فٹبال لیگ (ایم ایل ایس) میں تاریخ رقم کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ وہ مسلسل دوسرے سال ایم ایل ایس گولڈن بوٹ کا اعزاز حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن سکتے ہیں۔
ارجنٹائنا کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر اور انٹر میامی کے کپتان لیونل میسی ایک مرتبہ پھر امریکی فٹبال لیگ (ایم ایل ایس) میں تاریخ رقم کرنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔ وہ مسلسل دوسرے سال ایم ایل ایس گولڈن بوٹ کا اعزاز حاصل کرنے والے پہلے کھلاڑی بن سکتے ہیں۔ میسی نے نیو انگلینڈ ریولوشن کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے آخری لمحات میں فیصلہ کن گول اسکور کیا، جس کی بدولت انٹر میامی نے مقابلہ ۱-۲ ؍گول سے اپنے نام کیا۔ اس کامیابی کے ساتھ میسی کے رواں سیزن کے لیگ گولز کی تعداد ۲۶ ہوگئی ہے اور وہ گولڈن بوٹ کی دوڑ میں اپنے قریبی حریف سے چار گول آگے ہوگئے ہیں۔ انٹر میامی اور نیو انگلینڈ ریولوشن کے درمیان کھیلے گئے مقابلے میں میزبان ٹیم نے پہلے برتری حاصل کی۔ نیو انگلینڈ کے ڈینیئل گازڈاگ نے ۵۳؍ویں منٹ میں گول کرکے اپنی ٹیم کو آگے کردیا، تاہم انٹر میامی نے مقابلے میں واپسی کی کوشش جاری رکھی۔میچ کے ۶۹؍ویں منٹ میں جرمن بیرتیرامے نے ٹیلاسکو سیگوویا کے ساتھ بہترین تال میل کے بعد ہیڈر کے ذریعے گول اسکور کرکے مقابلہ برابر کردیا۔ اس کے بعد ۸۳؍ ویں منٹ میں لیونل میسی نے اپنی غیر معمولی انفرادی صلاحیت کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مخالف ٹیم کے دفاعی کھلاڑیوں کو چکمہ دیتے ہوئے بائیں پاؤں سے شاندار شاٹ لگایا، جو گول کیپر میٹ ٹرنر کو چکمہ دے کر جال میں پہنچ گیا۔ میسی کے اس گول نے انٹر میامی کو ۲-۱ کی اہم کامیابی دلائی۔ اس فتح کے بعد ٹیم ایسٹرن کانفرنس میں ۵۹ ؍پوائنٹس کے ساتھ دوسرے مقام پر پہنچ گئی۔
A big win on the road. ¡Vamos Miami! 👊 https://t.co/X4D2wZhrJc
— Inter Miami CF (@InterMiamiCF) November 2, 2026
ایم ایل ایس گولڈن بوٹ ایوارڈ کی تاریخ میں ۲۰۰۵ء کے بعد سے اب تک کوئی بھی کھلاڑی مسلسل دو سیزن میں یہ اعزاز حاصل نہیں کرسکا ہے۔ اس سال سے پہلے لیگ میں بہترین اسکورر کا فیصلہ گول اور اسسٹ کے مشترکہ پوائنٹس کی بنیاد پر کیا جاتا تھا، لیکن ۲۰۰۵ء میں گولڈن بوٹ کا نیا نظام متعارف کرایا گیا، جس کے تحت سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کو یہ اعزاز دیا جاتا ہے۔اس نئے نظام کے تحت متعدد کھلاڑی ایک سے زیادہ مرتبہ گولڈن بوٹ جیت چکے ہیں، لیکن کوئی بھی مسلسل دو سال یہ کامیابی حاصل نہیں کرسکا۔ کرس وونڈولووسکی نے ۲۰۱۰ء اور ۲۰۱۲ ءمیں جبکہ بریڈلی رائٹ فلپس نے ۲۰۱۴ ءاور ۲۰۱۶ ءمیں یہ ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔ تاہم دونوں کھلاڑی مسلسل دو سیزن میں یہ اعزاز حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوئے۔
لیونل میسی نے ۲۰۲۵ ءکے سیزن میں ۲۸؍ میچوں کے دوران ۲۹ ؍گول کرکے پہلی مرتبہ گولڈن بوٹ جیتا تھا۔ اس کے علاوہ انہوں نے اسی سیزن میں ۱۹ ؍اسسٹ بھی فراہم کیے تھے۔ اب وہ ۲۰۲۶ ءمیں بھی بہترین گول اسکورر بن کر ایک نیا ریکارڈ قائم کرنے کے قریب ہیں۔ گولڈن بوٹ کی موجودہ دوڑ میں میسی کے سب سے قریبی حریف ایف سی ڈلاس کے اسٹرائیکر پیٹر موسا ہیں۔ میسی کے ۲۶؍ گول کے مقابلے میں موسا نے ۲۲؍ گول اسکور کیے ہیں۔ اس طرح ارجنٹائنا کے اسٹار کھلاڑی کو چار گول کی برتری حاصل ہے۔
یہ بھی پڑھئے:دیا مرزا کی حمایت میں لوگ آگے آئے، بی ایم سی کمشنر کو ہٹانے کا مطالبہ
ایم ایل ایس میں گولڈن بوٹ کا فیصلہ صرف باقاعدہ لیگ سیزن کے دوران کیے گئے گول کی بنیاد پر ہوتا ہے۔ اگر دو کھلاڑیوں کے گول برابر ہوں تو پہلے اسسٹ کی تعداد دیکھی جاتی ہے، اور اس کے بعد کم وقت میں زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی کو ترجیح دی جاتی ہے۔ پلے آف مرحلے میں کیے گئے گول اس ایوارڈ کے حساب میں شامل نہیں ہوتے۔ لیونل میسی جولائی ۲۰۲۳ء میں انٹر میامی سے وابستہ ہوئے تھے اور یہ ان کا ایم ایل ایس میں چوتھا سیزن ہے۔ ۳۹؍ سال کی عمر میں بھی ان کی کارکردگی مسلسل متاثر کن رہی ہے۔ وہ ۲۰۲۴ ءاور ۲۰۲۵ ءمیں لگاتار دو مرتبہ ایم ایل ایس کے سب سے قیمتی کھلاڑی (ایم وی پی) کا اعزاز بھی حاصل کرچکے ہیں۔ اب مسلسل دوسری مرتبہ گولڈن بوٹ جیتنے کی کامیابی ان کے شاندار کریئر میں ایک اور اہم سنگ میل ثابت ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے:سراج اور مکیش کی شاندار کارکردگی ،نیوزی لینڈ اے نے برتری حاصل کر لی
انٹر میامی کو باقاعدہ لیگ سیزن کا اپنا آخری مقابلہ ۷؍ نومبر کو شارلٹ ایف سی کے خلاف اپنے میدان پر کھیلنا ہے۔ اس میچ میں میسی کو اپنے گولز کی تعداد میں مزید اضافہ کرنے کا موقع ملے گا۔ چار گول کی برتری کے ساتھ وہ گولڈن بوٹ کے مضبوط امیدوار ہیں، تاہم حتمی فیصلہ آخری لیگ مقابلے کے بعد ہی ہوگا۔ فٹبال کی دنیا میں اپنی غیر معمولی صلاحیتوں اور ریکارڈز کے لیے مشہور لیونل میسی اب ایک ایسے اعزاز کے تعاقب میں ہیں جو ۲۰۰۵ء میں گولڈن بوٹ کے موجودہ نظام کے آغاز کے بعد سے کسی کھلاڑی کو حاصل نہیں ہوسکا۔ اگر وہ یہ کامیابی حاصل کرتے ہیں تو مسلسل دو مرتبہ ایم ایل ایس گولڈن بوٹ جیتنے والے لیگ کی تاریخ کے پہلے فٹبالر بن جائیں گے۔