Inquilab Logo Happiest Places to Work

اگر امریکہ فیفا ورلڈ کپ جیت گیا تو فٹ بال چاند پر بھیجیں گے: ناسا

Updated: July 04, 2026, 8:04 PM IST | New York

امریکی خلائی ادارے ناسا کے ایڈمنسٹریٹر جیرڈ آئزک مین نے اعلان کیا ہے کہ اگر امریکی مردوں کی فٹ بال ٹیم فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء جیتنے میں کامیاب ہوئی تو ناسا آئندہ قمری مشن کے ذریعے ایک فٹ بال چاند پر بھیجے گا۔ یہ اعلان ناسا کے مجوزہ قمری اڈے سے متعلق ایک تقریب کے دوران کیا گیا، جہاں انہوں نے امریکی ٹیم کو کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

Photo: INN.
تصویر: آئی این این۔

امریکی خلائی ادارے ناسا کے ایڈمنسٹریٹر جیرڈ آئزک مین نے امریکی مردوں کی قومی فٹ بال ٹیم کے لیے ایک منفرد اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امریکہ فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء جیتنے میں کامیاب ہو جاتا ہے تو ناسا مستقبل کے قمری مشن کے ذریعے ایک فٹ بال چاند پر بھیجے گا۔ آئزک مین نے یہ اعلان ناسا کے مستقبل کے مون بیس پروگرام سے متعلق ایک تقریب کے دوران کیا، جہاں وہ چاند پر مستقل انسانی موجودگی کے منصوبوں پر گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے امریکی ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ آپ کے لیے چیلنج ہے۔ ٹیم یو ایس اے، کام مکمل کریں، ہم چاند پر ایک فٹ بال ضرور بھیجیں گے۔ یہ امریکہ کے لیے ہماری طرف سے ایک چھوٹی سی ترغیب ہے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: فیفا: کیا رونالڈو نے پنالٹی کک سے پہلے ’بسم اللہ‘ کہا تھا؟ سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو کی حقیقت جانئے

امریکہ، کنیڈا اور میکسیکو مشترکہ طور پر فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کی میزبانی کر رہے ہیں۔ امریکی مردوں کی قومی ٹیم اب تک اپنی تاریخ میں کبھی فیفا ورلڈ کپ نہیں جیت سکی، جبکہ امریکی خواتین کی ٹیم چار عالمی ٹائٹلز اپنے نام کر چکی ہے۔ ایسے میں ناسا سربراہ کے اس اعلان کو ٹیم کے لیے ایک علامتی حوصلہ افزائی قرار دیا جا رہا ہے۔ ناسا کے مون بیس پروگرام کے مینیجر کارلوس گارسیا گالان نے بھی اس تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکہ عالمی چیمپئن بنتا ہے تو مستقبل کے قمری مشن میں فٹ بال کو شامل کرنے کے لیے مناسب جگہ ضرور نکالی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ’’اگر امریکہ ورلڈ کپ جیتتا ہے تو ہم یقیناً اس گیند کے لیے جگہ تلاش کر لیں گے۔ گیند وزن میں ہلکی ہے، لیکن اس سے پہلے کھلاڑیوں کو ایک مشکل راستہ طے کرنا ہوگا۔ امریکی ٹیم کے لیے نیک خواہشات۔‘‘ خیال رہے کہ امریکی ٹیم گروپ ڈی میں تھی۔ راؤنڈ میں ۳۲؍ میں اس کا مقابلہ بوسنیا اور ہرزینگویا سے تھا جبکہ راؤنڈ میں ۱۶؍ میں اس کا مقابلہ ۷؍ جولائی کو بلجیم سے ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے: فیفا ورلڈکپ :سوئزر لینڈ نے الجزائر کو ۰۔۲؍گول سے شکست دے دی

یہ اعلان دراصل ناسا کی تاریخ کے ایک یادگار لمحے کو بھی خراجِ تحسین پیش کرتا ہے۔ ۱۹۷۱ء میں اپالو ۱۴؍ مشن کے دوران خلا باز ایلن شیپرڈ چاند پر ایک گولف کلب اور دو گولف گیندیں لے گئے تھے اور وہاں علامتی طور پر گالف شاٹس بھی کھیلے تھے۔ اس حوالے سے جیرڈ آئزک مین نے کہا کہ ’’ہم ایلن شیپرڈ کی روایت کو ایک نئے انداز میں آگے بڑھا رہے ہیں۔‘‘ ناسا اس سے قبل بھی عالمی فٹ بال کے سب سے بڑے ٹورنامنٹ سے دلچسپی کا اظہار کرتا رہا ہے۔ ماضی میں ادارہ فیفا کی ایک فٹ بال بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (ISS) تک بھی بھیج چکا ہے، جہاں خلا بازوں نے خلا میں رہتے ہوئے ورلڈ کپ کے میچ بھی دیکھے تھے۔ اگر امریکی ٹیم پہلی مرتبہ عالمی چیمپئن بنتی ہے تو ناسا کا یہ منصوبہ کھیلوں اور خلائی تحقیق کے امتزاج کی ایک منفرد مثال بن سکتا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK