انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن(آئی ایف ایف ایم ) ۲۰۲۶ء اس سال ہندوستانی سنیما اور ثقافت کا ہر پہلو سے جشن منانے کے لیے تیار ہے اور اس بار موسیقی بھی اس تقریب کا ایک اہم حصہ ہوگی۔
EPAPER
Updated: August 05, 2026, 3:59 PM IST | Melbourne
انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن(آئی ایف ایف ایم ) ۲۰۲۶ء اس سال ہندوستانی سنیما اور ثقافت کا ہر پہلو سے جشن منانے کے لیے تیار ہے اور اس بار موسیقی بھی اس تقریب کا ایک اہم حصہ ہوگی۔
انڈین فلم فیسٹیول آف میلبورن(آئی ایف ایف ایم ) ۲۰۲۶ء اس سال ہندوستانی سنیما اور ثقافت کا ہر پہلو سے جشن منانے کے لیے تیار ہے اور اس بار موسیقی بھی اس تقریب کا ایک اہم حصہ ہوگی۔ معروف گلوکارہ نکھیتا گاندھی آئی ایف ایف ایم میں لائیو پرفارم کریں گی اور اپنے سپر ہٹ گانوں اور شاندار اسٹیج پرفارمنس سے آسٹریلیا میں موجود شائقین کو محظوظ کریں گی۔ ان کی شرکت سے دنیا بھر میں ہندوستانی سنیما کے سب سے بڑے فلمی میلوں میں شمار ہونے والے آئی ایف ایف ایم کی رونق مزید بڑھ جائے گی۔
یہ بھی پڑھئے:مائیکل اسمتھ کو دو سال کے لیے پاکستان کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا
نکھیتا گاندھی اپنی نسل کی سب سے باصلاحیت اور ہمہ جہت گلوکاراؤں میں شمار کی جاتی ہیں۔ انہوں نے بالی ووڈ کے ساتھ ساتھ انڈیپینڈنٹ میوزک اور تمل، تیلگو، بنگالی، کنڑ اور ملیالم فلمی صنعتوں میں بھی اپنی منفرد شناخت قائم کی ہے۔انہوں نے ’’رابطہ‘‘، ’’اُلو کا پٹھا‘‘، ’’کافرانہ‘‘، ’’برج خلیفہ‘‘، ’’ناچ میری رانی‘‘ اور بادشاہ کے ساتھ گایا گیا مقبول گانا’’جگنو‘‘ جیسے کئی سپر ہٹ نغموں کے ذریعے بے پناہ شہرت حاصل کی۔ نکھیتا نے اے آر رحمان، پریتم، امیت ترویدی، وشال شیکھر اور انیرودھ روی چندر جیسے نامور موسیقاروں کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔ فلمی گیتوں کے علاوہ انڈیپینڈنٹ پاپ موسیقی میں بھی ان کی ایک الگ پہچان ہے اور آج وہ ہندوستانی موسیقی کی مقبول ترین آوازوں میں شمار ہوتی ہیں۔
ہر سال آئی ایف ایف ایم فلموں، فنکاروں، موسیقی اور مختلف ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے ناظرین کو ایک پلیٹ فارم پر لا کر ہندوستانی ثقافت کا شاندار جشن مناتا ہے۔ گزشتہ چند برسوں میں لائیو موسیقی اس فیسٹیول کا اہم حصہ بن چکی ہے اور اس سال نکھیتا گاندھی کی پرفارمنس اس تقریب میں نئی توانائی اور جوش بھرنے کا باعث بنے گی۔
اپنی پرفارمنس کے بارے میں نکھیتا گاندھی نے کہا ’’میں اس سال آئی ایف ایف ایم میں پرفارم کرنے پر بے حد خوش اور پرجوش ہوں۔ اپنے موسیقی کو ملک کی سرحدوں سے باہر لے جانا اور دنیا کے مختلف حصوں میں لوگوں کو ان گانوں سے جڑتے دیکھنا، جو ہماری فلموں اور زندگیوں کا حصہ رہے ہیں، میرے لیے ایک خاص احساس ہے۔ میرا ہمیشہ سے ماننا رہا ہے کہ لائیو کنسرٹ صرف اسٹیج پر موجود فنکار کا نہیں ہوتا بلکہ وہاں موجود ہر اس شخص کا ہوتا ہے جو ساتھ گاتا، مسکراتا اور اس لمحے کو یادگار بناتا ہے۔ میں نے میلبورن کے شائقین اور آئی ایف ایف ایم کے شاندار ماحول کے بارے میں بہت کچھ سنا ہے اور اب خود اس کا تجربہ کرنے کا بے صبری سے انتظار کر رہی ہوں۔ مجھے یقین ہے کہ یہ موسیقی سے بھرپور ایک ناقابلِ فراموش شام ہوگی۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:جعفر جیکسن ول اسمتھ کے ساتھ ایکشن تھرلر ’سپر میکس‘ میں نظرآئیں گے
فلموں، عالمی پریمیئرز، خصوصی گفتگو، ثقافتی تقریبات اور لائیو پرفارمنس سے سجا آئی ایف ایف ایم ۲۰۲۶ء ہندوستانی سنیما اور کہانی سنانے کے فن کا ایک عظیم جشن بننے جا رہا ہے۔ نکھیتا گاندھی کی لائیو پیشکش اس فیسٹیول میں موسیقی اور سنیما کے حسین امتزاج کو مزید مضبوط کرے گی اور میلبورن کے ناظرین کو ایک یادگار تجربہ فراہم کرے گی۔