Inquilab Logo Happiest Places to Work

پیراگوئے نے فٹ بال کی دنیا میں تاریخی کرشمہ کر دیا!

Updated: June 30, 2026, 8:06 PM IST | New York

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں سرپرائز اور اپ سیٹ کا سلسلہ جاری ہے، جہاں جنوبی امریکی انڈر ڈاگ ٹیم پیراگوئے نے فٹ بال تاریخ کا سب سے بڑا دھماکہ کرتے ہوئے چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن جرمنی کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔

Paraguay.Photo:X
پیراگوئے۔ تصویر:آئی این این

فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء میں سرپرائز اور اپ سیٹ کا سلسلہ جاری ہے، جہاں جنوبی امریکی انڈر ڈاگ ٹیم پیراگوئے نے فٹ بال تاریخ کا سب سے بڑا دھماکہ کرتے ہوئے چار مرتبہ کی عالمی چیمپئن جرمنی کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا ہے۔ مقررہ اور اضافی وقت میں مقابلہ ۱۔۱؍ سے برابر رہنے کے بعد پیراگوئے نے پنالٹی شوٹ آؤٹ پر جرمنی کو شکست دے کر راؤنڈ آف  ۱۶؍ میں جگہ بنا لی ہے۔یہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب جرمن ٹیم کو پنالٹی شوٹ آؤٹ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

 


اس تاریخی فتح کی بنیاد پیراگوئے کے گول کیپر اورلینڈو گِل نے رکھی، جنہوں نے جرمنی کے نامور کھلاڑیوں کائی ہاورٹز اور نک وولٹیمیڈ کی پنالٹی ککس کو شاندار انداز میں روکا۔ اس کے بعد جوناتھن ٹاہ کا شاٹ گول پوسٹ کے اوپر سے گزر گیا، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ہوزے کینالے نے فیصلہ کن پنالٹی اسکور کر کے اپنی ٹیم کو کرشماتی  فتح دلا دی۔میچ کے بعد روتے ہوئے جذباتی کھلاڑیوں کے جھرمٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گِل نے کہا’’اس احساس کو لفظوں میں بیان کرنا مشکل ہے۔ ہم پر ہر طرف سے حملے ہو رہے تھے، لیکن ہم نے آخری دم تک مزاحمت کی۔ اس نے ثابت کیا کہ پیراگوئے بڑی چیزیں حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔‘‘ اب پیراگوئے کا اگلا مقابلہ ہفتے کے روز فلاڈیلفیا میں فرانس یا سویڈن کے خلاف ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے:وہ مہاجر بیٹے جنہوں نے کنیڈا کو پہلی بار ورلڈ کپ کے آخری ۱۶؍ مرحلے تک پہنچایا


گول کیپر گِل کی کارکردگی کے علاوہ، پیراگوئے کی جیت کا سہرا ۶۳؍ سالہ کوچ گسٹاوو الفارو کے سر جاتا ہے، جنہیں گروپ اسٹیج میں حد سے زیادہ دفاعی کھیل پیش کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔ یہاں تک کہ سابق مایہ ناز گول کیپر چِلاورٹ نے بھی ان کے انداز کو ناپسند کیا تھا، لیکن الفارو نے جرمنی کے خلاف اپنے اسی مضبوط دفاع پر بھروسہ کیا۔ جرمنی کے پاس ۷۵؍ فیصد بال پوزیشن تھی اور انہوں نے گول پر ۲۱؍ حملے کیے، جبکہ پیراگوئے نے صرف ۷؍ بار حریف کے گول کا رخ کیا۔ لیکن پیراگوئے کا دفاع ایک ایسی ناقابلِ عبور دیوار بن گیا جسے جرمن فارورڈز توڑنے میں ناکام رہے۔
کھیل کے ۴۲؍ویں منٹ میں جولیو اینسیسو نے ہیڈر کے ذریعے گول کر کے پیراگوئے کو حیران کن برتری دلائی۔ تاہم، دوسری ہاف کے نویں منٹ میں کائی ہاورٹز نے ہیڈر کے ذریعے گول کر کے اسکور ۱۔۱؍گول  سے برابر کر دیا۔ اضافی وقت میں جرمنی کا ایک گول وی اے آر  نے گول کیپر پر فاؤل کی وجہ سے مسترد کر دیا۔ کپتان گسٹاوو گومیز نے میچ کے بعد کہاکہ ’’جرمنی گہرائی میں جانتا تھا کہ اگر انہیں ہمیں ہرانا ہے تو انہیں خون پسینہ بہانا پڑے گا، کیونکہ ہم نے اپنی شکست کی قیمت بہت مہنگی کر دی تھی۔‘‘

یہ بھی پڑھئے:نمرت کور اہلووالیا نے اپنے یادگار لمحے کو یاد کیا


دوسری طرف، جرمنی کے ۳۸؍ سالہ کوچ جولین ناگلزمین کے لیے یہ شکست کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں ہے۔ جرمنی مسلسل تیسرے ورلڈ کپ میں بری طرح ناکام ہوا ہے۔  ۲۰۱۸ء اور ۲۰۲۲ء میں گروپ اسٹیج سے باہر ہونے کے بعد اب وہ راؤنڈ آف ۳۲؍ میں ہی ڈھیر ہو گئے۔ناگلزمین کو اس وقت شدید تنقید کا سامنا ہے، حالانکہ ان کا معاہدہ ۲۰۲۸ء کے یورپی چیمپئن شپ تک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ خود استعفیٰ نہیں دیں گے۔‘‘انہوں نے کہاکہ میں بھاگنے والوں میں سے نہیں ہوں۔ اگر جرمن فٹ بال اسوسی ایشن چاہتی ہے، تو میں یورپین چیمپئن شپ اور نیشنز لیگ کے لیے ٹیم تیار کروں گا، لیکن فٹ بال میں سب کچھ آپ کے ہاتھ میں نہیں ہوتا۔جرمن مڈفیلڈر ندیم امیری نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت مستقبل کے بارے میں سوچنا بہت مشکل ہے اور یہ ہار جرمن فٹ بال کے مداحوں کے لیے ایک بہت بڑا جھٹکا ہے۔ تاہم، جمال موسیالا اور فلورین ورٹز جیسے نوجوان کھلاڑیوں کی موجودگی سے مستقبل میں واپسی کی امیدیں ضرور وابستہ ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK