Updated: August 06, 2026, 10:02 PM IST
| Madrid
اسپین کی وزیر کھیل ملاگروس تولون نے کہا ہے کہ ۲۰۳۰ء فیفا ورلڈ کپ کے فائنل کی میزبانی کا سب سے زیادہ حق اسپین کو حاصل ہے اور انہیں یقین ہے کہ فیفا اسی کا انتخاب کرے گا۔ فیفا نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ ۲۰۳۰ء ورلڈ کپ کا فائنل کس ملک میں کھیلا جائے گا۔
اسپین کے کھلاڑی۔ تصویر:ایکس
اسپین کی وزیر کھیل ملاگروس تولون نے کہا ہے کہ ۲۰۳۰ء فیفا ورلڈ کپ کے فائنل کی میزبانی کا سب سے زیادہ حق اسپین کو حاصل ہے اور انہیں یقین ہے کہ فیفا اسی کا انتخاب کرے گا۔ فیفا نے ابھی تک یہ فیصلہ نہیں کیا ہے کہ ۲۰۳۰ء ورلڈ کپ کا فائنل کس ملک میں کھیلا جائے گا۔ اسپین، پرتگال اور مراکش اس ایونٹ کے مشترکہ میزبان ہوں گے۔
بدھ کو فیفا نے ان میڈیا رپورٹس کی تردید کی تھی جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فیفا صدر جیانی انفانٹینو نے اپنی صدارت کے لیے حمایت حاصل کرنے کی غرض سے مراکش کو فائنل کی میزبانی کی پیشکش کی ہے۔ ریڈیو کادینا سیر سے گفتگو میں تولون نے کہا’’سب سے اہم بات یہ ہے کہ فیفا نے ان خبروں کی تردید کر دی ہے۔ ہماری فیفا کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور ستمبر میں آئندہ اجلاس ہوگا۔ ہم اپنی کوششیں جاری رکھیں گے کیونکہ ہمارا ماننا ہے کہ ورلڈ کپ کا فائنل اسپین میں ہونا چاہیے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے:اللو ارجن کی فلم ’’راکا‘‘ میں شاہ رخ خان کے کیمیو کی افواہوں کی حقیقت سامنے آ گئی
انہوں نے کہا کہ اسپین اس وقت مردوں اور خواتین، دونوں کی عالمی چیمپئن ٹیموں کا حامل واحد ملک ہے۔ خواتین کی ٹیم نے ۲۰۲۳ء میں سڈنی میں انگلینڈ کو شکست دے کر پہلی بار ورلڈ کپ جیتا تھا جبکہ مردوں کی ٹیم نے دو سال قبل یورپی چیمپئن شپ جیتنے کے بعد گزشتہ ماہ نیو جرسی میں ارجنٹائنا کو شکست دے کر اپنا دوسرا عالمی خطاب حاصل کیا۔
تولون نے کہا کہ اسپین اور پرتگال نے مشترکہ طور پر ۲۰۳۰ء ورلڈ کپ کی میزبانی کے لیے بولی پیش کی تھی، بعد میں مراکش بھی اس میں شامل ہوا۔ ان کے مطابق اسپین کے پاس بڑے کھیلوں کے مقابلوں کی میزبانی کا وسیع تجربہ، جدید مواصلاتی نظام اور اعلیٰ سطح کا سیکوریٹی ڈھانچہ موجود ہے، اسی لیے انہیں یقین ہے کہ فیفا فائنل کے لیے اسپین کا انتخاب کرے گا۔
یہ بھی پڑھئے:SpaceX راکٹ کا چاند سے ۸۷۰۰؍ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تصادم
مراکش کاسابلانکا کے قریب زیر تعمیر کنگ حسن دوم اسٹیڈیم میں فائنل کرانے کا خواہاں ہے، جبکہ اسپین کی جانب سے ریئل میڈرڈ اور بارسلونا کے اسٹیڈیم ممکنہ میزبانوں میں شامل ہیں۔واضح رہے کہ ۲۰۳۰ء ورلڈ کپ کا آغاز مونٹیویڈیو، بیونس آئرس اور اسونسیون سے ہوگا، جس کے بعد مقابلے اسپین، پرتگال اور مراکش میں کھیلے جائیں گے۔