Updated: August 04, 2026, 10:07 PM IST
| Dubai
سری لنکا کی تجربہ کار کپتان چماری اٹاپٹو نے پاکستان کے خلاف دمبولا میں کھیلی جانے والی تین میچوں کی ٹی ۲۰؍ سیریز کے ابتدائی دو مقابلوں میں بالترتیب ۲۲؍ گیندوں پر ۳۹؍ اور ۱۵؍ گیندوں پر ۴۰؍ رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو سیریز جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔
سری لنکا کی تجربہ کار کپتان چماری اٹاپٹو نے پاکستان کے خلاف دمبولا میں کھیلی جانے والی تین میچوں کی ٹی ۲۰؍ سیریز کے ابتدائی دو مقابلوں میں بالترتیب ۲۲؍ گیندوں پر ۳۹؍ اور ۱۵؍ گیندوں پر ۴۰؍ رنز کی جارحانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو سیریز جتوانے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کی شاندار کارکردگی کا صلہ انہیں آئی سی سی خواتین کی ٹی ۲۰؍ بلے بازوں کی درجہ بندی میں ایک درجہ ترقی کی صورت میں ملا، جہاں وہ اپنے کریئر کی بہترین ۷۲۸؍ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ پہنچ گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:مائیکل اسمتھ کو دو سال کے لیے پاکستان کا بیٹنگ کوچ مقرر کیا گیا
ان کی ساتھی کھلاڑی امیشا دلانی نے بلے بازوں کی فہرست میں سب سے زیادہ کامیابی حاصل کی ہے۔ پہلے میچ میں صرف ۶۴؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ۱۰۱؍ رنز کی بدولت سری لنکا نے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی، جس کے بعد وہ ۳۳؍ درجے ترقی کرکے ۲۳؍ ویں مقام پر پہنچ گئیں۔پاکستانی کھلاڑیوں کی انفرادی کارکردگی میں بھی بہتری دیکھنے کو ملی۔ منیبہ علی نے ابتدائی دو میچوں میں ۲۴؍ گیندوں پر ۴۲؍ اور۳۰؍ گیندوں پر ۴۵؍ رنز بنائے، جس کے نتیجے میں وہ چار درجے ترقی کرکے ۳۰؍ویں مقام پر پہنچ گئیں اور اپنے کریئر کی بہترین ۵۳۸؍ریٹنگ پوائنٹس حاصل کیں۔
شوال ذوالفقار اس ہفتے کی سب سے بڑی کامیاب بلے باز ثابت ہوئیں۔ انہوں نے ۶۳؍ اور ۴۸؍ رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد حیران کن طور پر ۸۹۶؍ درجے کی چھلانگ لگاتے ہوئے اپنے کریئر کی بہترین ۵۲؍ویں پوزیشن حاصل کی۔
یہ بھی پڑھئے:جعفر جیکسن ول اسمتھ کے ساتھ ایکشن تھرلر ’سپر میکس‘ میں نظرآئیں گے
آئی سی سی خواتین کی ون ڈے درجہ بندی میں سری لنکا نے ہمبن ٹوٹا میں پاکستان کو ۱۔۲؍ سے شکست دے کر آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کی سیریز اپنے نام کی، جس کا فائدہ اس کی تین نصف سنچری بنانے والی بلے بازوں کو بھی ملا۔ہرشیتھا سماراوکرما نے ۹۲؍ گیندوں پر۷۱؍ رنز کی اننگز کی بدولت چار درجے ترقی کرکے اپنے کریئر کی بہترین ۱۳؍ویں پوزیشن حاصل کی۔ چماری اٹاپٹو نے ۳۸؍ گیندوں پر ۵۲؍ رنز بنا کر تین درجے ترقی کرتے ہوئے ۱۸؍ویں مقام پر جگہ بنائی، جبکہ ہاسنی پریرا نے ۷۷؍ گیندوں پر ۵۰؍ رنز اسکور کرکے دو درجے ترقی کے ساتھ ۳۵؍ویں پوزیشن حاصل کی۔
پاکستان کی گل فیروزہ نے شکست کے باوجود ۳۵؍ گیندوں پر ۴۰؍ رنز بنا کر نو درجے ترقی کی اور پہلی بار ٹاپ ۵۰؍ میں شامل ہوتے ہوئے ۴۵؍ویں مقام پر پہنچ گئیں۔پاکستان کی اسپنر نشرہ سندھو نے اپنے مکمل ۱۰؍اوورز میں صرف ۲۳؍ رنز دے کر تین درجے ترقی کی اور آئی سی سی خواتین کی ون ڈے گیند بازوں کی درجہ بندی میں دوبارہ ٹاپ ۱۰؍ میں شامل ہوتے ہوئے ۱۰؍واں مقام حاصل کر لیا۔