Updated: July 26, 2026, 11:39 AM IST
| Harare
ایشان کشن اور تلک ورما کی شاندار نصف سنچریاں، ہندوستان نے زمبابوے کو ۹۰؍رنوں سے ہراکر دوصفر کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کرلی۔
ہندوستانی کھلاڑی۔ تصویر:پی ٹی آئی
ہندوستان نے زمبابوے کو دوسرے ٹی۔۲۰؍ میچ میں ۹۰؍ رنوں سے ہراکر ۳؍ میچوں کی سیریز میں دوصفرکی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔ ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ۲۰؍ اوور میں ۵؍وکٹوں کے نقصان پر ۲۱۹؍رن بنائے تھے۔جواب میں زمبابوے کی ٹیم ۱۷ء۵؍اوور میں ۱۲۹؍رنوں پر آؤٹ ہو گئی۔
ہندوستان کو شریاس ایرکی کپتانی میں پہلی بار ٹی۔۲۰؍ سیریز میں فتح ملی ہے۔ ان کی کپتانی میں ہندوستان کو آئرلینڈ اور انگلینڈ کے خلاف سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ شریاس کو بطور کپتان اپنے پہلے ۷؍ میچوں میں فتح درج نہیں کر سکے تھے لیکن زمبابوے کے دورے پر انہیں راحت ملی ہے۔ ٹیم نے اس سیریز کے دونوں میچ اپنے نام کر کے سیریز پر قبضہ جما لیا ہے۔
ایشان کشن (۸۱) اور تلک ورما (ناٹ آؤٹ ۶۰) کی شاندار نصف سنچریوں کے بعد گیندبازوں کی عمدہ کارکردگی کی بدولت ہندوستان نے ہفتہ کو دوسرے ٹی۔۲۰میچ میں زمبابوے کو ۹۰؍رنوں سے شکست دے کر ۳؍ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی۔ہندوستان کی جانب سے ابھیشیک شرما نے ۳؍ وکٹیں حاصل کیں۔ یش ٹھاکر اور پرنس یادو نے ۲۔۲؍ وکٹیں حاصل کیںجبکہ روی بشنوئی، تلک ورما اور شیوم دوبے نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل زمبابوے نے ہندوستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی تھی۔ ہندوستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور اس نے ۲۹؍ رن پر اپنے دونوں اوپنرز کی وکٹیں گنوا دیں۔ ابھیشیک ۸؍ رن بنا کر جبکہ جارح مزاج ویبھو سوریہ ونشی ۲۰؍رن بنا کرپر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں ۳؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا۔اس کے بعد ایشان کشن اور شریاس ایر نے اننگز کو سنبھالا اور تیسرے وکٹ کیلئے۶۶؍ رنوں کی شراکت قائم کی۔ دسویں اوور میں برائن بینیٹ نے شریاس ایر کو ۲۵؍ رن پر آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔۱۸؍ویں اوور میں نیومین نیامہوری نے سنچری کی جانب بڑھ رہے ایشان کشن کو آؤٹ کر دیا۔ ایشان نے ۴۴؍ گیندوں پر ۹؍چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۸۱؍رنوں کی شاندار اننگز کھیلی۔ رنکو سنگھ ۱۲؍رن بنا کر آخری اوور میں پانچویں وکٹ کے طور پر آؤٹ ہوئے۔ تلک ورما نے ۲۹؍ گیندوں پر ۵؍ چوکوں اور۳؍ چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ ۶۰؍رن بنائے جبکہ شیوم دوبے ۶؍ رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔