Updated: March 11, 2026, 10:30 AM IST
|
Mukhtar Adeel
| Malegaon
رمضان المبارک اور عید کی خوشیاں دوبالا کرنے کیلئے ڈھائی سو طلبہ میں اُنہی کے ذریعے بینک میں جمع کروائی گئی رقم دی گئی۔
اسکول نمبر ایک کے میدان میں منعقدہ تقریب میں ایک طالبہ کو رقم دی جارہی ہے۔ تصویر:آئی این این
اِس بینک کے اکاؤنٹ ہولڈرس صرف طلبہ اور عملے میں اساتذہ ہیں۔یہاں ریزروبینک آف انڈیا کی رہنمایانہ ہدایات کی پاسداری کی جاتی ہے۔ اِس بینک کے کام کاج کے طریقے سے ریزروبینک آف انڈیا کو ’چائلڈ اینڈ اسٹوڈنٹ بینک‘کے باضابطہ قیام کیلئے نئے آئیڈیاز مل سکتے ہیں۔اے ٹی ایم،آن لائن ٹرانزیکشن اور چیک بُک کی ضرورت نہیں۔یہ بینک مالیگاؤں کے قدوائی روڈ پر جاری میونسپل اُردو اسکول نمبر ایک میں واقع ہے۔ اس کا قیام اور سرگرمیاں اسکول کے ہیڈماسٹر شفیق انور اور اُن کے ساتھی اساتذہ کی ذہنی اختراع کو عیاں کرتی ہے۔ اسے ’بچوں کا بینک‘ بھی کہاجاسکتا ہے
۲۵۰؍طلبہ اکاؤنٹ ہولڈر
میونسپل اُردو اسکول نمبر ایک کی معلمہ شعیبہ سُندس نے بتایا کہ ۲۵۰؍طلبہ اکاؤنٹ ہولڈر ہیں۔ان میں جماعت سوم سے ساتویں تک کے طلبہ شامل ہیں۔ اکاؤنٹ ہولڈرطلبہ کیلئے لازم ہےکہ وہ اپنی جیب خرچ سے کچھ رقم اپنے اکاؤنٹ میں جمع کروائے۔ہمارے اسکول کے بینک میں ہفتے میں ایک مرتبہ سنیچر کو بینک کھلتا ہے۔سنیچر کی درمیانی تعطیل یا چھٹی کے بعد اکاؤنٹ ہولڈر طلبہ ایک روپے سے ۵،۱۰؍ روپے تک اکاؤنٹ میں جمع کرواتے ہیں۔ہر طالب علم کے کھاتے میں رقومات کا اندراج کیا جاتا ہے۔
کفایت شعاری کی عملی تعلیم
شفیق انور سر نے کہا کہ بچوں کا بینک در اصل کفایت شعاری کی عملی تعلیم ہے۔یہ دورِ طالب علمی سے فضول خرچی پر قابو پاتے ہوئے دو پیسے جوڑنے کا مزاج بچوں میں پروان چڑھاتا ہے۔طلبہ کے درمیان نت نئی تخلیقی و اختراعی سرگرمیوں کے انعقاد سے اُن میں صلاحیتیں اور مہارتیں پروان چڑھتی ہیں۔طلبہ کی ہمہ جہت ترقی میں تدریس کے علاوہ ہم نصابی اور غیر نصابی سرگرمیوں کا کلیدی کردار ہوتا ہے۔واضح رہے کہ شفیق انور کے بڑے بھائی عبدالطیف انور بامبے مرکنٹائل کو آپریٹیو بینک کے وائس چیئرمین رہ چکے ہیں۔بینکنگ سسٹم کی افادیت اور اہمیت سے نئی نسل کو آشنا کروانے میں انوربرادران کی خدمات قابلِ ستائش ہیں۔
بینک پاس بُک اساتذہ تیار کرتے ہیں
’بچوں کا بینک‘ میں بینک پاس بُک تیار کرنے کی ذمے داری اساتذہ پوری کرتے ہیں۔پاس بُک سے اکاؤنٹ میں جمع شدہ رقم کی تفصیلات ملتی ہیں۔اسکول نمبر ایک میں جماعت سوم (الف) کیلئے ثمینہ عبدالحمید اور (ب) کیلئے شبینہ نہال احمد ، اسی طرح چہارم (الف)کیلئے احمد محمد مصطفیٰ اور (ب) کیلئے اسلم ہدایت اللہ، جماعت پنجم (الف) کیلئے نجمہ حشام الدین اور (ب)کیلئے ریحانہ سلطان احمد،ششم کیلئے نادرہ ابوظفر اور ہفتم کیلئے راشد احمد خورشید احمد اِن اساتذہ نے احسن طریقے سے کام کئے۔
رمضان اور عید کی خوشیاں دوبالا
رمضان مہینہ اور عید کی خوشیاں دوبالا کرنے کیلئے ڈھائی سو طلبہ کے درمیان اُنہی کے ذریعے بینک میں جمع کروائی گئی رقم دی گئی۔ایک مختصر تقریب اسکول نمبر ایک کے میدان میں منعقد ہوئی۔جماعت چہارم (الف)کے طالب علم شفان خان مشرف خان نے سب سے زیادہ رقم ۴؍ ہزار ۸۱۰ ؍روپے جمع کروائے تھے۔اسے اسٹیج پر بلا کر حوصلہ افزائی کرتے ہوئے صدر معلم شفیق انور کے ہاتھوں رقم دی گئی۔اسی طرح ہرہفتہ بلا ناغہ اور باقاعدگی سے رقم جمع کروانے والی طالبہ قریشی ثروت جہاں محمد امین(جماعت ششم) کی بھی حوصلہ افزائی کی گئی۔ان طلبہ نے کہا کہ وہ پس انداز کی گئی رقم سے ماہِ رمضان اور عید کیلئے خریداری کریں گے۔