• Thu, 04 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

شارجہ میں ایک ہی میچ میں ۲؍ ریکارڈس بنے

Updated: September 02, 2025, 6:13 PM IST | Sharjah

یو اے ای کے کپتان محمد وسیم نے روہت شرما کا ٹی ۲۰؍ کا ریکارڈ توڑ دیا۔افغانستان نے راشد خان نے ٹم ساؤدی کا ریکارڈ توڑ دیا۔ ٹی ۲۰؍ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر بن گئے۔

Rashid Khan.Photo:INN
راشدخان۔ تصویر:آئی این این

 متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے کپتان محمد وسیم نے روہت شرما کا بطور کپتان ٹی ۲۰؍ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ توڑ دیا۔ شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں افغانستان کے خلاف سہ ملکی سیریز کے میچ کے دوران محمد وسیم نے روہت شرما کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ٹی ۲۰؍ کرکٹ میں بطور کپتان سب سے زیادہ چھکے لگانے کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔ محمد وسیم نے۵۴؍ ٹی ۲۰؍ اننگز میں۱۱۰؍ چھکے لگا کر روہت شرما کا ریکارڈ توڑ دیا، ہندوستانی کھلاڑی روہت شرما نے بحیثیت کپتان۶۲؍ اننگز میں ۱۰۵؍چھکے لگائے تھے۔ واضح رہے کہ بطور کھلاڑی ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ اب بھی روہت شرما کے پاس ہے جنہوں نے۱۵۹؍ میچوں میں۲۰۵؍ چھکے لگائے۔ 

اس فہرست میں یو اے ای کے کپتان محمد وسیم دوسرے نمبر پر ہیں، انہوں نے۸۰؍ میچوں میں ۱۷۶؍ چھکے لگائے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز شارجہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں محمد وسیم نے افغانستان کے۱۸۹؍ رن کے ہدف کے جواب میں شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف۳۷؍ گیندوں پر۶۷؍ رن کی اننگز کھیلی تھی، جس میں۶؍ شاندار چھکے اور ۴؍چوکے شامل تھے۔
اسی میچ   میں افغانستان کے اسپنر راشد خان نے متحدہ عرب امارات کے خلاف سہ ملکی سیریز کے تیسرے میچ میں۱۸۹؍ رن کے ہدف کا دفاع کرتے ہوئے ایک بڑا ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ راشد ۳؍ وکٹ لے کر ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر بن گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھئیے:مشیل اسٹارک نے ٹی۲۰؍ کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا

سہ فریقی سیریز کے تیسرے میچ میں۱۸۹؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں متحدہ عرب امارات کی ٹیم ۸؍ اوورس کے بعدایک وکٹ پر ۷۶؍رن کے اسکور پر آرام دہ فتح کی طرف بڑھ رہی تھی کہ راشد نے۹؍ ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر کپتان محمد وسیم اور ایتھن ڈی سوزا کے درمیان خطرناک نظر آنے والی۶۱؍ رن کی شراکت کو توڑا ۔ راشد نے۲۱؍ رن دے کر۳؍ وکٹ حاصل کئے اور اس طرح وہ۱۶۵؍ وکٹ لے کر ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل میں سب سے زیادہ وکٹ لینے والے بولر بن گئے۔
 راشد اپنی۹۸؍ویں اننگز میں ٹی ۲۰؍ انٹرنیشنل وکٹوں کی فہرست میں سب سے اوپر پہنچ گئے۔ پچھلے ریکارڈ ہولڈر ٹم ساؤدی نے راشد سے زیادہ۲۵؍ اننگز کھیل کر ۱۶۴؍ وکٹ حاصل کی تھی۔ راشد نے یہ وکٹ ۷۵ء۱۳؍ کا شاندار اوسط سے حاصل کیا ہے  جبکہ ساؤ دی کا  اوسط۳۸ء۲۲؍  ہے۔ یہ مکمل ممبر کھلاڑیوں میں سب سے بہتر ہے جنہوں نے کم از کم۵۰؍ وکٹ حاصل کئے ہیں۔   

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK