Inquilab Logo Happiest Places to Work

یوئیفا چیمپئن لیگ: گلتاسرائے کوارٹر فائنل کے قریب، لیورپول کے لیے بقا کی جنگ

Updated: March 17, 2026, 6:01 PM IST | Liverpool

ترک چیمپئن گلتاسرائے بدھ کے روز اینفیلڈ کے تاریخی میدان میں لیورپول کے خلاف اپنی ایک گول کی برتری کا دفاع کرنے اترے گی۔ استنبول میں کھیلے گئے پہلے مرحلے میں ماریو لیمینا کے گول کی بدولت گلتاسرائے نے ۰۔۱؍گول سے کامیابی حاصل کی تھی۔

Liverpool`s Player.Photo;INN
لیورپول کے کھلاڑی۔ تصویر:آئی این این

ترک چیمپئن گلتاسرائے بدھ کے روز اینفیلڈ  کے تاریخی میدان میں لیورپول کے خلاف اپنی ایک گول کی برتری کا دفاع کرنے اترے گی۔ استنبول میں کھیلے گئے پہلے مرحلے  میں ماریو لیمینا کے گول کی بدولت گلتاسرائے نے ۰۔۱؍گول سے کامیابی حاصل کی تھی، جس نے لیورپول کے دفاعی مسائل کو ایک بار پھر بے نقاب کر دیا ہے۔
گلتاسرائے نے گزشتہ چار مقابلوں میں لیورپول کو مسلسل شکست دی ہے اور حالیہ تین میچوں میں ان کے خلاف کوئی گول نہیں ہونے دیا۔ کوچ اوکان بروک سے توقع ہے کہ وہ اپنے روایتی۱-۳-۲-۴؍ فارمیٹ پر بھروسہ کریں گے۔ اگرچہ ڈیوینسن سانچیز معطلی کی وجہ سے باہر ہیں، لیکن ٹیم کی تمام تر امیدیں وکٹر اوسیمہن سے وابستہ ہیں جنہوں نے اس سیزن میں چیمپئن لیگ کے ۷؍ گول اسکور کر رکھے ہیں۔
لیورپول کے لیے یہ میچ واپسی کا بہترین موقع ہے کیونکہ اینفیلڈ میں ان کا ریکارڈ شاندار رہا ہے (گزشتہ ۱۹؍ میں سے ۱۵؍ فتوحات) درج کی ہیں۔ لیورپول کو مقررہ  وقت میں کم از کم ۲؍ گول کے فرق سے جیتنا ضروری ہے۔۰۔۱؍ کی جیت میچ کو اضافی وقت ( میں لے جائے گی۔اگر گلتاسرائے ایک بھی گول کرنے میں کامیاب ہو گئی، تو لیورپول کو میچ جیتنے کے لیے کم از کم۳؍ گول درکار ہوں گے۔
 پریمیئر لیگ: برینٹ فورڈ نے دو گول کی برتری گنوا دی 
 لندن کے جی ٹیک کمیونٹی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پریمیئر لیگ کے ایک سنسنی خیز مقابلے میں برینٹ فورڈ کی ٹیم دو گول کی برتری برقرار رکھنے میں ناکام رہی اور آخری نمبر پر موجود وولور ہیمپٹن وانڈررز نے شاندار واپسی کرتے ہوئے میچ ۲۔۲؍گول  سے برابر کر دیا۔ اس ڈرا کے بعد برینٹ فورڈ ۴۵؍پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے، جبکہ وولوز ۱۷؍ پوائنٹس کے ساتھ اب بھی ریلیگیشن زون میں موجود ہے۔

برینٹ فورڈ کے اسٹرائیکر ایگور تھیاگو کے لیے یہ دن یادگار رہا  کیونکہ پیر کے روز ہی انہیں برازیل کے قومی اسکواڈ میں پہلی بار شامل کیا گیا تھا۔ انہوں نے اس خوشی کو سیزن کے اپنے۱۹؍ ویں پریمیئر لیگ گول کے ساتھ منایا۔ میچ کے پہلے ہاف میں برینٹ فورڈ مکمل طور پر حاوی نظر آئی۔مائیکل کایوڈے نے۲۲؍ ویں منٹ میں ہیڈر کے ذریعے برینٹ فورڈ کو برتری دلائی۔ ایگور تھیاگو نے گول کیپر کائیمن کیلیہر کی لمبی پاس پر ٹیم کی برتری کو دُگنا کر دیا۔

یہ بھی پڑھئے:بحرین اور سعودی عرب گرینڈ پرکس کی منسوخی سے فارمولا ون کو کتنا نقصان ہوگا؟

دو گول کے خسارے میں جانے کے باوجود وولوز نے ہمت نہ ہاری۔ ہاف ٹائم سے ٹھیک ایک منٹ قبل ایڈم آرمسٹرانگ نے باکس کے کنارے سے بہترین فنشنگ کے ذریعے اسکور ۱۔۲؍گول کر دیا۔ یہ وولوز کے لیے آرمسٹرانگ کا پہلا گول تھا۔ دوسرے ہاف میں وولوز نے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط کی۔ٹولو اروکوڈارے جو متبادل کھلاڑی کے طور پر میدان میں آئے تھے، انہوں نے کھیل کے ۷۸؍ ویں منٹ میں ہیڈر کے ذریعے برابری کا گول اسکور کیا۔

یہ بھی پڑھئے:مجتبیٰ خامنہ ای علاج کے لئے ماسکو میں ہیں: کویتی اخبار الجریدہ کا دعویٰ


وولوز کی قسمت نے ساتھ نہ دیا ورنہ ان کی دو ہٹس گول پوسٹ سے ٹکرا کر واپس آ گئیں، جس کی وجہ سے وہ جیت سے محروم رہے۔برینٹ فورڈ کے لیے یہ ڈرا مایوس کن رہا کیونکہ وہ چیمپئن لیگ کی دوڑ میں شامل ٹیموں کے درمیان فرق کم کرنے کا موقع گنوا بیٹھے۔ دوسری جانب، وولوز اگرچہ اب بھی سیفٹی زون سے ۱۲؍ پوائنٹس دور ہیں، لیکن ان کی حالیہ کارکردگی میں بہتری نظر آ رہی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK