لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف گزشتہ میچ میں دھواں دھار اننگز کھیلنے کے بعد اب سوریہ ونشی کی نظریں یونیورس باس کرس گیل کے ایک تاریخی ریکارڈ پر جم گئی ہیں۔
EPAPER
Updated: May 20, 2026, 10:08 PM IST | Mumbai
لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف گزشتہ میچ میں دھواں دھار اننگز کھیلنے کے بعد اب سوریہ ونشی کی نظریں یونیورس باس کرس گیل کے ایک تاریخی ریکارڈ پر جم گئی ہیں۔
آئی پی ایل ۲۰۲۶ء میں نوجوان بیٹنگ سنسنی ویبھو سوریا ونشی نے اپنی جارحانہ بلے بازی سے کرکٹ کی دنیا میں کھلبلی مچا دی ہے۔ لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف گزشتہ میچ میں دھواں دھار اننگز کھیلنے کے بعد اب سوریہ ونشی کی نظریں یونیورس باس کرس گیل کے ایک تاریخی ریکارڈ پر جم گئی ہیں۔
ویبھو سوریہ ونشی نے اس سیزن میں اب تک مجموعی طور پر۵۳؍ چھکے لگا دیے ہیں، جو کسی بھی ٹی۲۰؍ ٹورنامنٹ میں کسی بلے باز کی دوسری بہترین کارکردگی ہے۔ کرس گیل نے ۲۰۱۲ء کے آئی پی ایل میں ۵۹؍ چھکے لگائے تھے اورسوریہ ونشی اس ریکارڈ کو توڑنے سے محض چند قدم دور ہیں۔ منگل کو لکھنؤ کے خلاف ۹۳؍ رنز کی اننگز میں انہوں نے ۱۰؍ چھکے لگائے۔ وہ اب تک تین بار ایک اننگز میں ۱۰؍ یا اس سے زیادہ چھکے لگا چکے ہیں، جبکہ گیل نے یہ کارنامہ چار بار انجام دیا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:کلین سویپ: بنگلہ دیش نے پاکستان کو ٹیسٹ سیریز میں وائٹ واش کر دیا
ایک سیزن میں دو بار ۱۰؍سے زائد چھکے لگانے والے وہ دوسرے بلے باز بن گئے ہیں، ان سے قبل اسی سیزن ( ۲۰۲۶ء) میں فن ایلن نے بھی یہ کارنامہ دکھایا۔ راجستھان رائلز نے اس سیزن کے پہلے چھ اوورز (پاور پلے) میں مجموعی طور پر ۶۰؍ چھکے لگا کر سن رائزرز حیدرآباد کا ۲۰۲۴ء والا ریکارڈ (۵۹؍ چھکے) توڑ دیا ہے۔ ان ۶۰؍ چھکوں میں سے تنہا ۳۷؍ چھکے سوریا ونشی کے بلے سے نکلے ہیں۔ آج تک کوئی دوسرا بلے باز پاور پلے میں۳۰؍ چھکوں کا ہندسہ بھی عبور نہیں کر سکا ہے۔
یہ بھی پڑھئے:فرحانہ بھٹ کو اپنے خوابوں کو پورا کرنے کے لیے بھاری قیمت ادا کرنی پڑی ہے
لکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف ۲۲۱؍ رنز کا پہاڑ جیسا ہدف عبور کر کے راجستھان رائلز نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا۔ آئی پی ایل کی تاریخ میں یہ چوتھا موقع ہے جب راجستھان نے ۲۲۰؍ سے زیادہ کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا ہو، جو کہ کسی بھی ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ ہے۔ اس فہرست میں پنجاب کنگز اور ایس آر ایچ تین تین مرتبہ کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔