Inquilab Logo Happiest Places to Work

وینس ولیمز کو یو ایس او پن کا وائلڈ کارڈ ،ٹورنامنٹ میں ایک اور وائلڈ کا رڈ کا اعلان باقی

Updated: August 20, 2026, 1:31 PM IST | Agency | New York

ٹورنامنٹ میں ایک اور وائلڈ کارڈ کا اعلان روکا گیا ہے ،توقع ہےکہ یہ کارڈ ان کی چھوٹی بہن اور۲۳؍مرتبہ کی گرینڈ سلیم چمپئن سیرینا ولیمز کو مل سکتا ہے،وینس سنگلز ڈرا میںداخل ہونے والی معمر ترین کھلاڑی۔

 Venus WilliamsPicture: INN
ٹینس اسٹار وینس ولیمز۔ تصویر: آئی این این

۷؍ بار کی گرینڈ سلیم چمپئن  وینس ولیمز کو یو ایس اوپن ویمنس سنگلز مین ڈرا میں وائلڈ کارڈ مل گیا ہے۔ ٹورنامنٹ نے ایک اور وائلڈ کارڈ کا اعلان روک  رکھا ہے مگر یہ کارڈ ان کی چھوٹی بہن اور۲۳؍مرتبہ کی گرینڈ سلیم چمپئن سیرینا ولیمز کو مل سکتا ہے۔ سیرینا نے اس سال ومبلڈن میں سنگلز کے ذریعے ٹینس میں واپسی کی تھی۔۴۶؍ سالہ وینس ولیمز نے گزشتہ سال یو ایس اوپن بھی وائلڈ کارڈ کے ذریعے کھیلا تھا۔۲۰۲۳ء کے بعد ٹورنامنٹ میں یہ ان کی پہلی شرکت تھی۔ انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن(آئی ٹی ایف)کے مطابق، وینس رینی رچرڈز کے بعد یو ایس اوپن سنگلز ڈرا میں داخل ہونے والی معمر ترین کھلاڑی ہیں جنہوں نے ۱۹۸۱ء  میں ۴۷؍ سال کی عمر میں کھیلا تھا۔وینس ولیمز نے ۲۰۰۰ء اور۲۰۰۱ء میں یو ایس اوپن سنگلز ٹائٹل جیتا تھا۔ وہ پانچ ومبلڈن سنگلز ٹائٹل بھی جیت چکی ہیں۔ تاہم، ان کا سنگلز میں فارم فی الحال خراب چل رہا ہے۔ وہ جولائی ۲۰۲۵ء سے اپنے آخری ۱۴؍ ڈبلیو ٹی اے سنگلز میچ ہار چکی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: مانو سُتار کے۶؍ وکٹ، ۶۰۰؍ ویں ٹیسٹ میںہندوستان کی یادگار فتح

سیرینا نے ومبلڈن میں واپسی کی تھی 

۴۴؍ سالہ سیرینا  ولیمزنے اس سال ومبلڈن میں سنگلز میں واپسی کی تھی ۔۲۰۲۲ء  یو ایس اوپن کے بعد کسی گرینڈ سلیم کے سنگلز ڈرا میں یہ ان کا پہلا میچ تھا۔ تاہم وہ پہلے راؤنڈ میں ہار گئی تھیں۔ اس کے بعد انہوں نے فٹ ہونے کے بعد یہ خواہش ظاہر کی کہ وہ ٹینس کھیلنا جاری رکھیں گی۔یو ایس اوپن کے لیے ویمنس کا ایک وائلڈ کارڈ ابھی باقی ہے۔ اگر سیرینا نیویارک میں کھیلنے کا فیصلہ کرتی ہیں تو  انہیںیہ کارڈ مل سکتا ہے۔

چار سال بعد ایک ساتھ ڈبلز کھیلیں، سنسناٹی میں ہار گئیں

وینس اورسیرینانے پیر کو سنسناٹی اوپن میں ڈبلز میچ کھیلاتھا۔۲۰۲۲ء کے یو ایس اوپن کے بعد یہ پہلا موقع تھا جب دونوں بہنوں نے کسی ٹورنامنٹ میں ایک ساتھ ڈبلز کھیلا۔ تاہم، وہ مارٹا کوسٹیوک اور پیٹن اسٹیئرنز کے خلاف ٹائی بریکر میں ہار گئی تھیں۔دونوں بہنوں نے ومبلڈن میں ایک ساتھ ڈبلز کھیلنے کا بھی منصوبہ بنایا تھا لیکن سیرینا کو سنگلز میچ کے دوران گھٹنے کی  چوٹ  کے باعث دستبردار ہونا پڑا۔

یہ بھی پڑھئے: ورلڈ بیڈ منٹن چمپئن شپ : سندھو اور آیوش شیٹی راؤنڈ آف۱۶؍ میں پہنچ گئے

سلوین  اسٹیفنز سمیت مزید ۶؍ کھلاڑیوں کو وائلڈ کارڈ مل چکے ہیں

۲۰۱۷ء کی یو ایس اوپن چمپئن سلوین اسٹیفنز سمیت ۶؍ دیگر کھلاڑیوں کو بھی خواتین کے سنگلز کے لیے وائلڈ کارڈ ملے ہیں۔ دیگر کھلاڑیوں میں کیرول ینگ سوہلی، ریز برانٹ مائر،۱۷؍ سالہ تھیا فراڈن، فرانس کی لیولیا جین جین اور آسٹریلیا کی ٹائلا پریسٹن شامل ہیں۔ خواتین کی قرعہ اندازی کیلئے ایک وائلڈ کارڈ کا اعلان ہونا باقی ہے۔ مردوں کے سنگلز میں فرانس کے۳۹؍ سالہ گیل مونفلز اور آسٹریلیا کے الیکسی پوپیرین کو وائلڈ کارڈز ملے ہیں۔ مونفلز ستمبر میں  ۴۰؍ سال کے ہو جائیں گے اور اس سیزن کے اختتام پر ریٹائر ہو جائیں گے۔ پوپیرین نے۲۰۲۴ء میں جوکووچ کو شکست دی تھی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK