Inquilab Logo Happiest Places to Work

ویمنز ایشیا کپ: اٹاپٹو اور چیتھنا کی شاندار کارکردگی، سری لنکا کی ۹؍وکٹ سے فتح

Updated: August 30, 2026, 4:08 PM IST | Dubai

سری لنکا نے ویمنز ایشیا کپ ۲۰۲۶ء میں اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا۔ ہفتے کے روز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ بی کے مقابلے میں سری لنکا نے متحدہ عرب امارات (UAE) کو ۹؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔

Sri Lankan Player.Photo:X
سری لنکن کھلاڑی۔ تصویر:ایکس

سری لنکا نے  ویمنز ایشیا کپ ۲۰۲۶ء میں اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا۔ ہفتے کے روز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے  گروپ بی  کے مقابلے میں سری لنکا نے متحدہ عرب امارات (UAE) کو ۹؍ وکٹوں سے شکست  دے دی۔سری لنکا کی جانب سے چیتھنا ویموکتی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے ۳؍ وکٹ حاصل کیں اور انہیں  پلیئر آف دی میچ  قرار دیا گیا۔ کپتان  چماری اٹاپٹو  نے بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف ۲۵؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۴۸؍رنز  بنائے، جس میں ۷؍ چوکے اور۲؍ چھکے شامل تھے۔

ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے یو اے ای کی ٹیم ۵ء۱۹؍  اوورز میں صرف ۷۹؍ رنز  بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔یو اے ای کو اننگز کی چوتھی گیند پر ہی پہلا نقصان اٹھانا پڑا، جب  تیرتھا ستیش  بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئیں۔ اس کے بعد صرف ۹؍ رنز کے مجموعی اسکور پر  لاونیا کینی  بھی ۳؍ رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں۔  کپتان  ایشا اوجھا  نے حنا ہوچندانی کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے ۲۱؍ گیندوں پر ۱۹؍ رنز جوڑے۔ ایشا نے ۲۴؍گیندوں پر ۱۸؍ رنز بنائے، جس میں ۲؍ چوکے شامل تھے۔

یہ بھی پڑھئے:جاپان: ۲۰۲۶ء کی پہلی ششماہی میں ۱۱؍ سالوں میں پہلی بار پیدائش میں اضافہ

حنا نے سمیرا دھرنیدھرکا کے ساتھ ۱۰؍ رنز کی شراکت داری کی۔ بعد ازاں  رینیتھا راجیت نے سمیرا کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے ۱۸؍ رنز اور مہول کلکرنی کے ساتھ چھٹی وکٹ کے لیے ۱۱؍رنز کی شراکت داری کر کے ٹیم کا اسکور کسی طرح ۵۰؍ رنز سے آگے پہنچایا۔ سری لنکا کی جانب سے  میتھالی ایودھیا  نے ۵ء۳؍ اوورز میں صرف ۱۴؍رنز دے کر ۳؍وکٹ حاصل کئے جبکہ  چیتھنا ویموکتی  نے۴؍ اوورز میں ۱۶؍ رنز دے کر ۳؍ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔  سگندھیکا کماری  نے بھی ۲؍ وکٹ حاصل کر کے یو اے ای کی بیٹنگ لائن اپ کو بڑا اسکور بنانے سے روک دیا۔

یہ بھی پڑھئے:نکھل اڈوانی کی تاریخی ڈرامہ سیریز ’’دی ریوولوشنریز‘‘ ۱۱؍ ستمبر کوریلیز ہوگی

 ۷۹؍رنز کے معمولی ہدف کے تعاقب میں سری لنکا نے صرف ۵ء۷؍ اوورز  میں ایک وکٹ کے نقصان پر کامیابی حاصل کرلی۔ اوپنر ایمیشا دلانی  نے کپتان چماری اٹاپٹو کے ساتھ پہلے وکٹ کے لیے صرف ۳۵؍ گیندوں پر ۵۷؍ رنز  کی شاندار شراکت داری قائم کی۔ ایمیشا ۱۸؍ گیندوں پر ۲۵؍  رنز بنا کر رن آؤٹ ہوگئیں۔ اس کے بعد اٹاپٹو نے  سنجنا کاوندی  کے ساتھ مل کر دوسرے وکٹ کے لیے صرف ۱۲؍ گیندوں پر ۲۳؍ رن کی  ناٹ آؤٹ شراکت داری قائم کی اور سری لنکا کو آسان فتح سے ہمکنار کردیا۔ کپتان اٹاپٹو نے  ۲۵؍گیندوں پرناٹ آؤٹ ۴۸؍ رنز بنائے  جبکہ سنجنا کاوندی ۴؍ گیندوں پر  ۵؍ رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہیں۔ یو اے ای کی کوئی بھی بولر سری لنکا کی بیٹنگ لائن اپ کے خلاف وکٹ حاصل نہ کرسکی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK