Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج کے طلبہ کل کی ملازمتوں کیلئے کیا تیاری کریں؟ یہ ازحد ضروری ہے

Updated: June 26, 2026, 7:55 PM IST | Shahebaz Khan | Mumbai

آپ کو Unstoppable بننے کی فکر کرنی چاہئے، یاد رہے کہ تبدیلیوں کی رفتار تیز ہے جس سے قدم ملانے کیلئے آپ کو اسی رفتار سے دوڑنا ہوگا اور بدلتے دَور کے ساتھ خود کو مسلسل بدلتے رہنا ہوگا۔

The future is full of changes, but the important thing is that you have time to prepare now and your mind is fresh. Photo: INN
مستقبل تبدیلیوں سے پُر ہے لیکن اہم بات یہ ہے کہ ابھی آپ کے پاس تیاری کیلئے وقت ہے اور آپ کا ذہن تازہ ہے۔ تصویر: آئی این این

اگر آپ آج دسویں یا بارہویں جماعت میں پڑھ رہے ہیں تو ممکن ہے کہ اگلے پانچ سے دس برسوں میں عملی زندگی اور ملازمت کی دنیا میں قدم رکھیں۔ اس وقت تک دنیا آج کے مقابلے میں کافی مختلف ہو سکتی ہے۔ مصنوعی ذہانت (اے آئی) تیزی سے ترقی کر رہی ہے، نئی ٹیکنالوجیز سامنے آ رہی ہیں اور کئی شعبوں میں کام کرنے کے طریقے بدل رہے ہیں۔ اسی وجہ سے بہت سے طلبہ کے ذہن میں سوال پیدا ہوتے ہیں:
مَیں کون سا مضمون یا شعبہ منتخب کروں؟
کون سا پیشہ مستقبل میں زیادہ کامیاب ہوگا؟
کیا اے آئی ملازمتیں ختم کردے گا؟
حقیقت یہ ہے کہ اگرچہ دنیا مسلسل بدل رہی ہے لیکن کچھ چیزیں ایسی ہیں جو ہمیشہ اہم رہتی ہیں۔ کچھ صلاحیتیں اور خوبیاں ہر دور میں کامیابی کی بنیاد بنتی ہیں اور آئندہ بھی بنتی رہیں گی اس لئے مستقبل سے خوف زدہ ہونے کے بجائے خود کو اس کیلئے تیار کرنا زیادہ ضروری ہے۔ کوئی بھی مستقبل کے بہترین پیشے کی درست پیش گوئی نہیں کر سکتا۔ آج سے ۲۰؍ سال پہلے بہت کم لوگوں نے ایپ ڈیولپر، سوشل میڈیا منیجر، ڈیٹا اینالسٹ، کانٹینٹ کریئیٹر یا اے آئی اسپیشلسٹ جیسے پیشوں کے بارے میں سنا تھا۔ آج یہ تمام شعبے دنیا بھر میں اہم سمجھے جاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: آسان مراحل میں جانئے پورا سال تعلیمی ہدف پر قائم رہنے کا طریقہ

وہ اِسکلز/ خوبیاں جو ہر دَور میں قیمتی رہیں گی

Curiosity
تجسس
تجسس کی شروعات سوال سے ہوتی ہے۔ کچھ جاننے کا شوق آپ کو سوال کرنے پر مجبور کرتا ہے۔ لہٰذا جب بھی ذہن میں کوئی سوال آئے، اس کا جواب جاننے کی کوشش کریں۔ دنیا کی تیز رفتاری میں کمی نہیں آئے گی لیکن سوالوں کا جواب جاننے کی صلاحیت آپ کو قدم سے قدم ملاکر چلنے کی طاقت عطا کرے گی۔

Discipline
نظم و ضبط
زندگی میں آگے بڑھنے یا دوسروں میں ممتاز نظر آنے کی اولین خوبی ڈسپلن یعنی نظم و ضبط کو قرار دیا جاتا ہے۔ کلاس میں وہ طالب علم سبھی کا چہیتا ہوتا ہے جس میں ڈسپلن ہوتی ہے۔ عملی زندگی میں بھی یہ اسکل سب سے اہم ہے۔ روزمرہ کی چھوٹی چھوٹی عادتیں زندگی میں بڑی کامیابی کی وجوہات بنتی ہیں۔

+ve Attitude
مثبت سوچ
چیلنجز طالب علمی کے دور میں بھی آتے ہیں، اور عملی زندگی میں بھی آئیں گے لیکن ان کی نوعیت بدل جائے گی۔ مشکلات کا سامنا کرنے کا فن سبھی کے پاس نہیں ہوتا۔ مصیبت میں انسان حوصلہ ہار جاتا ہے لیکن جو ڈٹ کر اس کے سامنے کھڑا ہوجاتا ہے، وہی آگے بڑھتا ہے۔ اور یہ مثبت سوچ ہی سے ممکن ہے۔

Adaptability
موافقت
حالات کے مطابق خود کو ڈھال لینا بھی ہنر ہے۔ اگر دنیا کسی اہم تبدیلی سے گزر رہی ہے تو آپ پرانے طریقوں پر قائم رہ کر آگے نہیں بڑھ سکتے۔ اس طرح آپ مقابلہ نہیں کرسکیں گے اور کچھ ہی عرصے میں غیر متعلقہ ہوجائیں گے۔ اس لئے تبدیلی کے مطابق اپنے آپ کو ڈھالیں، آپ کی ترقی کبھی نہیں رُکے گی۔ 

یہ بھی پڑھئے: طلبہ کیلئے گوگل کے سی ای او سندر پچائی کے پانچ پیغامات

سیکھتے رہنے کی صلاحیت

مستقبل اُن لوگوں کا ہے جو سیکھتے رہنا نہیں چھوڑتے۔ اگر آپ کو کل کیلئے تیار ہونا ہے تو اپنے آپ میں آج سے سرمایہ کاری کریں۔ خود کو وقت دیں۔ اپنا ایسا ورژن تیار کریں جو برسوں بعد بھی مستحکم رہے۔ 

اچھے نمبروں سے کامیابی اہم، لیکن... 

اچھے نمبروں سے کامیابی حاصل کرنا بہت ضروری ہے کیونکہ یہی آپ کیلئے ’’بہتر‘‘ دروازے کھولتے ہیں لیکن کامیابی صرف نمبروں سے نہیں ملتی۔ مقابلہ کرنے کی صلاحیت آگے بڑھنے میں معاون ہوتی ہے۔ 

کوشش، اورسیکھتے رہنے کی خواہش 

وقت گزرنے کے ساتھ دلچسپیاں بدلتی ہیں، مواقع بدلتے ہیں، مارکیٹ بدلتا ہے اور رجحان میں تبدیلی آتی ہے لیکن مسلسل کوشش اور سیکھتے رہنے کی خواہش، ہر دَور میں آپ کی مدد کرتی ہیں اور حالات سازگار بناتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: وہ ۲۴؍ شخصیات جو اے آئی کی دنیا کو تشکیل دے رہی ہیں

وہ مہارتیں / اِسکلز جو ہر شعبے میں آپ کو کامیاب بنائیں گی

Communication Skills
رابطہ/ بات چیت کی صلاحیتیں 
اس میں گفتگو، اشارے اور تحریری اظہار شامل ہیں۔ اچھا سننے اور بولنے والا بنیں، اپنے خیالات واضح انداز میں پیش کریں۔ یہ صلاحیتیں باہمی تعاون کو فروغ دیتی ہیں، غلط فہمیوں کو کم کرتی ہیں اور تعلقات کو بہتر بناتی ہیں۔

Problem solving Skill
مسئلہ حل کرنے کی صلاحیت
یہ مہارت زندگی کے مختلف چیلنجز کا سامنا کرنے اور درست فیصلے کرنے کیلئے اہم ہے۔ اس میں مسئلے کی نشاندہی، صورتحال کا تجزیہ، ممکنہ حل پر غور اور مؤثر حکمتِ عملی اپنانا شامل ہے۔ یہ صلاحیت پیچیدہ حالات کو سمجھنے میں معاون ہے۔

Digital/AI Literacy
ڈجیٹل/ اے آئی خواندگی
ڈجیٹل خواندگی کا مطلب آن لائن ذرائع، سافٹ ویئر اور مختلف پلیٹ فارمز کا مؤثر انداز میں استعمال ہے۔ اے آئی خواندگی اس سے ایک قدم آگے ہے یعنی فیصلہ سازی اور مسائل کے حل میں اے آئی سے فائدہ اٹھانے کی قابلیت۔

Teamwork
ٹیم ورک
مختلف پس منظر اور خیالات رکھنے والے افراد جب مل کر کام کرتے ہیں تو نئے خیالات، تخلیقی سوچ اور جدت کو فروغ ملتا ہے۔ مؤثر ٹیم ورک کیلئے باہمی تعاون اور مشترکہ مقصد ضروری ہے۔ اس سے بہتر نتائج حاصل ہوتے ہیں۔

Leadership
لیڈرشپ
ایک اچھا قائد دوسروں کو حوصلہ دیتا اور ان میں کام کرنے کا جذبہ پیدا کرتا ہے، جس سے اعتماد اور تعاون کا ماحول قائم ہوتا ہے۔ قائد میں خود کو ڈھالنے، فیصلے کرنے اور اختلافات کو دانشمندی سے حل کرنے کی صلاحیت ہونی چاہئے۔

Critical Thinking
تنقیدی سوچ
اس میں مفروضوں پر سوال اٹھانا، شواہد کا جائزہ لینا اور منطقی نتائج اخذ کرنا شامل ہیں۔ یہ مہارت درست فیصلہ اور مسئلہ حل کرنے کیلئے اہم ہے۔ یہ سوچ پیچیدہ معاملات کو سمجھنے اور مؤثر حل پیش کرنے کے قابل بناتی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK