۶ء۹۹؍ملی میٹر موٹائی والا یہ فون دائیں بائیں مڑا ہوا ہے جو دیکھنے میں اچھا لگتا ہے،اعلیٰ پروسیسر،بہترین کیمرے اور کافی اچھی بیٹری دی گئی ہے۔
EPAPER
Updated: February 02, 2026, 6:01 PM IST | Mohammed Habib | Mumbai
۶ء۹۹؍ملی میٹر موٹائی والا یہ فون دائیں بائیں مڑا ہوا ہے جو دیکھنے میں اچھا لگتا ہے،اعلیٰ پروسیسر،بہترین کیمرے اور کافی اچھی بیٹری دی گئی ہے۔
آجکل عموماً ایسے فون دیکھنے کو ملتے ہیں جن کا ڈیزائن ایک دوسرے سے ملتا جلتا ہوتا ہے اور جن کی موٹائی بھی کچھ زیادہ ہی ہوتی ہے۔ اس میں کوئی برائی نہیں، لیکن اگر آپ سے کہا جائے کہ ایک پریمیم اسمارٹ فون بھاری یا موٹا ہوئے بغیر بھی فلیگ شپ درجے کی کارکردگی دے سکتا ہے تو؟ موٹرولا اسی خیال پر یقین رکھتا ہے، اور یہی وجہ ہےکہ کمپنی نے موٹرولا سگنیچر متعارف کرایا ہے۔ کمپنی کا تازہ ترین اسمارٹ فون وہ تمام خصوصیات رکھتا ہے جو ایک فلیگ شپ ڈیوائس سے توقع کی جاتی ہیں، چاہے وہ فلیگ شپ پروسیسر ہو، اعلیٰ درجے کے کیمرے ہوں یا پھر پریمیم ڈیزائن۔
یہ بھی پڑھئے: ریڈمی پیڈ۲؍پرو۵؍جی:عمدہ صلاحیتوں کا حامل ٹیب
قیمت
موٹرولا کے اس نئے فون کی قیمت ۱۲؍جی بی ریم اور ۲۵۶؍جی بی اسٹوریج والے بیس ویریئنٹ کے لیے ۵۹؍ہزار ۹۹۹؍روپے رکھی گئی ہے، جبکہ ۱۶؍جی بی ریم اور ۵۱۲؍جی بی اسٹوریج ماڈل ۶۴؍ ہزار ۹۹۹؍روپے میں دستیاب ہے۔ اسی طرح ۱۶؍جی بی ریم اور ایک ٹی بی اسٹوریج والا ویریئنٹ ۶۹؍ہزار ۹۹۹؍روپےمیں ملتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: پوکو ایم ۸؍،۵؍جی کم قیمت میں ایک عمدہ فون کا تجربہ
ڈیزائن
ڈیزائن کی بات کریں تو موٹرولا سگنیچر کو مقابلے سے الگ بنانے والی سب سے بڑی چیز اس کامنفرد ڈیزائن ہے۔ یہ اسمارٹ فون محض ۶ء۹۹؍ملی میٹر کی انتہائی پتلی باڈی کے ساتھ آتا ہے۔ اس کا فریم ایئرکرافٹ گریڈ ایلومینیم سے تیار کیا گیا ہے، جبکہ سامنے کی جانب کوآڈ کروڈ ڈسپلے دیا گیا ہے، جو اسے نہایت نفیس اور جدید شکل عطا کرتا ہے۔
ڈسپلے
ڈسپلے کے معاملے میں بھی موٹرولا نے کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ موٹرولا سگنیچر میں۶ء۸؍انچ کا۱ء۵؍ کے،ایل ٹی پی او ایکسٹریم امولیڈ ڈسپلے دیا گیا ہے، جو۱۶۵؍ہرٹز تک کے ریفریش ریٹ، ڈولبی وژن سپورٹ اور۶۲۰۰؍نِٹس کی پییک برائٹنیس کے ساتھ آتا ہے۔ مجموعی طور پر یہ اسمارٹ فون بہترین ویونگ ایکسپیرینس فراہم کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: موٹرولا ایج ۷۰: انتہائی پتلا اور ہلکا اسمارٹ فون
سافٹ ویئر
سافٹ ویئر کی بات کریں تو موٹرولا سگنیچر ہیلو یو آئی پر چلتا ہے، جو اینڈرائیڈ ۱۶؍پرمبنی ہے۔کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ فون ۷؍سال تک اینڈرائیڈ او ایس اپڈیٹس اور ۷؍سال تک سیکیورٹی پیچز حاصل کرے گا، جو اس وقت صرف چند ہی برانڈز جیسے سیمسنگ اور گوگل فراہم کرتے ہیں۔یہ اسمارٹ فون موٹو اے آئی۲؍کے ساتھ متعدد اے آئی فیچرز سےلیس ہے۔ اس میں اپڈیٹڈ کیچ می اپ۲؍فیچر دیا گیا ہے، جو ایل ایل ایم ٹیکنالوجی کی مدد سے مسڈ نوٹیفکیشنز، پیغامات اور دیگر معلومات کا خلاصہ پیش کرتا ہے۔ تمام نوٹیفکیشنز کا ایک جامع خلاصہ مل جانا واقعی خاصا کارآمد ثابت ہوتا ہے۔
ہارڈ ویئر
ہارڈ ویئرکے شعبے میں موٹرولا سگنیچر کو جدید ترین کوالکوم اسنیپ ڈریگن۸؍جین۵؍پروسیسر سے لیس کیا گیا ہے، جو سب سے پہلے ون پلس ۱۵؍آر میں متعارف کرایا گیا تھا۔ مجموعی کارکردگی نہایت متاثر کن ہے،تاہم تھرمل پرفارمنس اس فون کی مضبوط ترین خصوصیت نہیں کہی جا سکتی۔ طویل وقت تک گیمنگ کرنے پر فون خاصا گرم ہو جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: ریڈ می ۱۵؍سی:کم قیمت میں بڑے اسکرین والا فون
کیمرہ
کیمرے کی بات کریں تو یہی وہ شعبہ ہے جہاں موٹرولا سگنیچر سب سے زیادہ متاثر کرتا ہے۔ اسمارٹ فون کے پچھلے حصے میں ٹرپل کیمرہ سیٹ اپ دیا گیا ہے، جس میں زیادہ تر سینسرز ۵۰؍میگا پکسل کے سونی کی ایل وائی ٹی سیریز سے لیے گئے ہیں، جو فوٹوگرافی کے شوقین صارفین کے لیے خاص کشش رکھتے ہیں۔
بیٹری
اس میں۵؍ہزار۲۰۰؍ایم اے ایچ کی بیٹری دی گئی ہے، جو سلیکون کاربن ٹیکنالوجی پر مبنی ہے۔یہ فون نے ۱۶؍گھنٹے تک بآسانی ساتھ نبھاتاہے۔