جب معاشرے کا ہر فرد اپنی جواب دہی کا مخلصانہ محاسبہ شروع کر دے گا اور یہ جان لے گاکہ قبر کے اندھیرے سے لے کر حشر کے میدان تک اپنے ہر عمل کا تنہا اور خود ذمہ دار ہے، تو وہیں سے اُس حقیقی انقلاب تک رسائی حاصل ہوجائے گی جسے اُسوۂ حسنہ نے ہمارے سامنے عملی طور پر پیش کیا تھا۔
سیرت نبویؐ پر عمل دونوں جہان میں سرخروئی کی ضمانت دیتا ہے۔ تصویر: آئی این این
تاریخ انسانی میں جتنے بھی انقلابات برپا ہوئے، اُن میں سب سے توانا، ہمہ گیر اور دیرپا انقلاب سرورِ کائنات حضرت محمد مصطفیؐ کا لایا ہوا انقلابِ فکر و عمل ہے۔ سیرتِ طیبہ کا اگر گہرائی سے مطالعہ کیا جائے، تو اُس کا ایک بنیادی اور اصل پیغام جو معاشرے کی کایا پلٹ سکتا ہے، وہ ہے: اِنفرادی ذمہ داری اور جواب دہی کا احساس۔ یعنی ہر شخص اپنے عمل کا خود ذمہ دار ہے اور بارگاہِ الٰہی میں اُسے اپنے ہی اعمال کا حساب دینا ہے۔
یہ بھی پڑھئے: آپؐ کی ذاتِ مبارکہ تمام انسانیت اور تمام عالم کیلئے رحمت ِ بیکراں ہے
موجودہ زمانےکاسب سے بڑا المیہ یہ ہے کہ ہم بطور معاشرہ اپنی ناکامیوں، کوتاہیوں اور بداخلاقیوں کا ملبہ دوسروں پر ڈالنے کے عادی ہو چکے ہیں۔ نظام خراب ہے، حکومت ناکام ہے، ماحول سازگار نہیں ہے۔ یہ وہ بہانے ہیں جو ہمیں اپنی انفرادی ذمہ داریوں سے فرار کا راستہ فراہم کرتے ہیں، لیکن سیرتِ النبیؐہمیں اس کے بالکل برعکس درس دیتی ہے۔ حضرت اُسامہ بن شریک رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہؐ نے فرمایا:کوئی شخص کسی کے حق میں ہرگز بُرا نہ کرے( ابن ماجہ) کیونکہ ہرشخص خوداپنے بُرےعمل کا ذمہ دار ہے، نہ باپ کےبُرے عمل کا ذمہ دار بیٹا ہے اور نہ بیٹے کے بُرے عمل کا ذمہ دار باپ ہے۔ دوسرے لفظوں میں کہاجائے توہم سے خراب نظام، ناکام حکومت اور ناسازگار حالات کے سلسلے میں نہیں پوچھا جائےگا بلکہ ہم سے ہمارے ذاتی اعمال کے بارے میں پوچھا جائےگا لہٰذا ہماراحسن عمل اگر ہمیں فائدہ دیتا ہے تو ہماری بدعملی ہمیں نقصان بھی پہنچاسکتی ہے۔
خودفریبی سے اجتناب
ہم لوگ اکثر؛کثرت اور بھیڑ کے پیچھے چھپنے کی کوشش کرتے ہیں اور یہ کہتے نظر آتے ہیں کہ جب سب جرم کر رہے ہیں تو میرے اکیلے نہ کرنے سے کیا ہوگا؟ یا جب پورا نظام ہی بےایمان ہے تو میں اکیلاایمان دار ہوکر کیا بدل لوں گا؟ یہ وہ فریبِ نفس ہے جومعاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔ لہٰذاسیرت النبیؐ کا اسلوبِ تربیت اِس فکری مغالطے کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکنے کی تحریک وترغیب دیتا ہے۔ حضرت حذیفہؓ سے مروی ہےکہ نبی کریمؐ نے واضح طورپر فرمایاہے: لکیر کا فقیر نہ بنوکہ تم یہ کہنے لگوکہ اگر لوگوں نے اچھا کیا تو ہم بھی اچھا کریں گے، اور لوگوں نے ظلم کیا تو ہم بھی ظلم کریں گے، بلکہ تم اپنے آپ سے عہدوپیمان کرو کہ اگرلوگوں نے اچھا کیا تو تم بھی اچھا کروگے اور اگر اُنھوں نے بُرا کیا تو تم ظلم نہیں کرو گے۔ ( ترمذی)پس معاشرتی واخلاقی گراوٹ کاذمہ دار، کثرت یا اندھی تقلید کو نہیں ٹھہرایا جاسکتا اور طوفان چاہے جتنابھی تیز ہو، چراغ کو اپنی لو برقرار رکھنے کیلئے جنگ خود ہی لڑنی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: دنیا پرستی اللہ تعالیٰ کے ساتھ عہد شکنی اور باہمی تعلقات کے ٹوٹنے کی سب سے بڑی وجہ
اِحساسِ جواب دہی کی تاکید
سیرت النبیؐ کا پیغام دراصل قرآنی اصول کا عملی تسلسل ہے جس میں تاکیدی طورپریہ تنبیہ کیا گیا ہے کہ ’’کوئی بوجھ اُٹھانے والا کسی دوسرے کا بوجھ نہیں اٹھائے گا۔ ‘‘ (الفاطر) اوررسول اللہؐ نے صرف وعظ نہیں فرمایا، بلکہ اپنے عمل سے اُس کو ثابت کیا اور اُسےاستحکام بھی بخشا۔ آپؐنےقریش، بنوعبد مناف، حضرت عباس اور حضرت صفیہ کے ساتھ اپنی چہیتی بیٹی حضرت فاطمہؓ سے مخاطب ہو کر فرمایا: اے فاطمہ بنت محمد! میری مالیت میں سے جو چاہو مانگ لو، لیکن اللہ تعالیٰ کے حضور؛ میں تمہارے کچھ کام نہ آسکوں گا (بخاری)۔ جب اہل خاندان اور بالخصوص سیدہ کائنات اور خاتونِ جنت کیلئے انفرادی عمل اور جواب دہی کا یہ معیار ہے، تو اُمت کے عام فرد کیلئے کسی خوش فہمی، محض خاندانی جاہ و جلال، یا زبانی دعوؤں کے سہارے بیٹھے رہنے کی کیا گنجائش باقی رہ جاتی ہے؟
مخزومی خاتون کاواقعہ
تاریخ سیرت؛ بےشمارایسے واقعات سے بھری پڑی ہے جہاں قانون اور اِنفرادی جواب دہی کے سامنے بڑے بڑے حسب و نسب کو جھکا دیا گیا تھا، مثلاً: قبیلہ بنو مخزوم کی ایک معزز خاتون چوری کے جرم میں پکڑی گئی، تواہل قبیلہ نے ذلت ورسوائی سے بچنے کیلئے رسول اللہؐ کے چہیتے صحابی حضرت اسامہ بن زیدؓکو سفارش کیلئے بھیجا۔ غصے میں آپؐ کا چہرہ سرخ ہوگیا، آپ نے فرمایا: تم قانونِ ربانی میں سفارش کرتے ہو؟اس کے بعد جو تاریخی جملہ آپ نےفرمایا وہ قیامت تک کیلئے اِنفرادی جواب دہی کا آفاقی منشور بن گیا، فرماتے ہیں :بےشک تم سے پہلے کی اُمتیں اِسی لیے تباہ ہوگئیں کہ جب اُن میں کوئی بڑا آدمی چوری کرتا تو اُسے چھوڑ دیتے اور غریب چوری کرتا تو اُسے سزا دیتے۔ واللہ! اگر محمدکی بیٹی فاطمہ چوری کرتی تو میں اُس کا بھی ہاتھ کاٹ دیتا (بخاری)۔ آج کی معاشرت وسیاست خواہ اِسلامی ہو یاغیراِسلامی؛ اِسی طرح کی جانبداری، چھوٹے بڑے، اپنے بیگانے اور قوی ضعیف جیسےامتیازی سلوک کی شکارہے، اس سے نکلنے کا واحدراستہ اِنفرادی جوابدہی کا اِحساس ہےجس کا پیغام سیرت میں واضح طور پر ملتاہے۔ اگر ہم آج کے دور پر نظر ڈالیں، تو اِنفرادی جوابدہی کا نبوی اُصول ہماری روز مرہ زندگی کے ہرچھوٹے بڑے عمل سے جڑا ہوا ہے، مثلاً:
۱۔ جب ایک ملازم یہ سوچ کر رِشوت لینےاور کام چوری سےبچےکہ پورا محکمہ بدعنوانی کرتاہے تو کرے، مجھے اپنی بدعنوانی کا خودجواب دینا ہے، تو وہیں سے نظام بدلتا نظر آئےگا۔ جب ایک دکان دار ناپ تول پورا رکھتاہے، تو وہ اُسی انفرادی جواب دہی کا مظاہرہ کر رہا ہوتا ہے، جس کا مطالبہ سیرت میں کیا گیا ہے۔ اُسی طرح ایک مبلغ وعالم بھی جب اپنے فرائض میں ایمان داری اور وفاداری کا مظاہرہ کرتا ہے تو اُس کے پیش نظر بھی وہی جواب دہی ہوتی ہے کہ اُسے دنیوی زندگی کےمختلف مراحل سے گزرناہے اورپھر مختلف منازل طے کرتے ہوئے رب کے حضور بھی حاضر ہونا ہےجہاں اُس سے ایک ایک عمل کا حساب اور جواب طلب کیا جائےگا۔ حضرت عبداللہ ابن عمرؓ سے مروی ہےکہ رسول اللہؐ نے فرمایا کہ تم میں سے ہر شخص اپنی ذمہ داری کامحافظ اور جواب دہ ہے۔
۲۔ اُسی طرح جب تک معاشرے میں یہ احساس بیدار نہ ہوگاکہ ’’ہر شخص خود اپنا جواب دہ ہے‘‘، تب تک کوئی قانون، کوئی تعزیراور کوئی اصلاحی تحریک کامیاب نہیں ہو سکتی۔ نیز جب انسان کو یہ یقین ہو جائے کہ اس کے اعمال کا حساب کسی اور کو نہیں بلکہ خوداُسے ہی دینا ہے، تو وہ ڈیوٹی پرتعینات پہریدار یا دیوار میں نصب کیمرے کا محتاج نہیں رہتا بلکہ خود اُس کا اپنا ضمیر اُس کامحافظ ونگراں بن جاتا ہے۔ اِس طرح وہ کسی بھی معاشرت کو نقصان پہنچانے کا مرتکب نہیں ہوتا اور وہ خودبھی ہر طرح کےنقصان سےمحفوظ و مامون رہتاہے۔ حضرت ابو سعید خدریؓسے مروی ہےکہ رسول اللہؐ نے فرمایا:نہ خود نقصان اُٹھانا جائزہے اور نہ ہی کسی کو نقصان پہنچانا۔ جس نےکسی کو نقصان پہنچایا، اللہ تعالیٰ اُسے نقصان پہنچائے گااور جس نے کسی کوتکلیف میں ڈالا، اللہ تعالیٰ اُسے مشقت میں ڈالے گا(دارِ قطنی)۔
یہ بھی پڑھئے:صلیبی دنیا اور ہم
اوربلاشبہ اِس قبیح عمل سے محفوظ رہنے کا بہترین ذریعہ؛ جوابدہی کااحساس ہے۔
۳۔ آج اکثروبیشتر افراد کسی کی پگڑی/عزت اچھالنے، منفی خبریں پھیلانے اور تنقید کا نشانہ بنانے (Trolling) کو معمولی سمجھتے ہیں کہ ’’سبھی کر رہے ہیں تو وہ بھی کررہے ہیں۔ ‘‘ لیکن اِنفرادی جوابدہی کانبوی اُصول یہ احساس دلاتا ہے کہ سوشل میڈیاپر لکھی کی گئی ہر سطر اور شیئر کی گئی ہر خبر/پوسٹ کا بوجھ اُسی کی گردن پر ہوگاجس نے اُسے پوسٹ کیا ہے۔
۴۔ انفرادی جواب دہی کا یہ احساس انسان کو مایوسی کے دلدل سے بھی نکالتاہے۔ جب انسان کو اِحساس ہوجائے کہ اُس سے پوری دنیا کی اصلاح کا سوال نہیں ہوگا بلکہ صرف اُس کی بساط اور اُس کے دائرۂ اختیار سے متعلق پوچھا جائےگا، تو اُس کاسارا بوجھ ہلکا ہوجاتا ہے اوروہ ساری دنیا کو بدلنے کا جوکھم اُٹھانے کے بجائے، اپنے حصے کی شمع جلانے میں مگن دکھائی دیتاہے، جو اُس کیلئےانتہائی آسان بھی ہے اور کامیابی کاراز بھی۔
حاصل کلام یہ کہ آج سیرتِ طیبہ کے نام پر جلسے، جلوس اور سیمینار تو کثرت سے ہوتے ہیں، لیکن معاشرتی واخلاقی بگاڑ جوں کا توں ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہی ہے کہ ہم دوسروں کے کفر اور گناہوں کے فیصلے کرنے میں جتنے مستعد نظر آتے ہیں، اپنے اعمال کی اصلاح وتعمیر میں اُتنے ہی سخت غافل دکھائی دیتےہیں اور یہ احساس جوابدہی سے دوری کا نتیجہ ہے۔ چنانچہ اگر ہم واقعی ایک صالح، پُرامن اور فلاحی معاشرہ تشکیل دینا چاہتے ہیں، تو ہمیں انگلیوں کا رُخ دوسروں کی طرف کرنے کے بجائے اپنی طرف کرنا ہوگا اور اپنےگریبان میں جھانکنا ہوگا۔ ہمیں یہ مروجہ بیانیہ بدلنا ہوگا کہ ’’پہلے دوسرے ٹھیک ہوں تو میں بھی ٹھیک ہوجاؤں گا۔ ‘‘ ہمیں یہ سمجھنا ہوگا کہ تبدیلی کا آغاز ’ہم سے‘ ہونا ہے۔ جب معاشرے کا ہر فرد اپنی جواب دہی کا مخلصانہ محاسبہ شروع کر دے گا اور یہ جان لے گاکہ قبر کے اندھیرے سے لے کر حشر کے میدان تک اپنے ہر عمل کا تنہا اور خود ذمہ دار ہے، تو وہیں سے اُس حقیقی انقلاب تک رسائی حاصل ہوجائے گی جسے اُسوۂ حسنہ نے ہمارے سامنے عملی طور پر پیش کیا تھا۔