Updated: August 11, 2025, 6:45 PM IST
| New Delhi
آج کل اے سی کا ہونا عام ہو گیا ہے لیکن بجلی کے بل بڑھنے کا خوف لوگوں کو پریشان کر رہا ہے۔ اے سی کو صحیح طریقے سے چلانے سے نہ صرف ٹھنڈک ملتی ہے بلکہ بجلی کی بچت بھی ہوتی ہے۔ کچھ آسان ٹوٹکے اپنا کر آپ گرمیوں میں آرام کے ساتھ ساتھ بجلی کے اخراجات کو بھی کم کر سکتے ہیں۔
اے سی ریموٹ۔ تصویر: آئی این این
آج کل اکثر گھروں میں ایئر کنڈیشنر(اے سی) کا ہونا عام ہو گیا ہے، خاص کر گرمیوں کے موسم میں۔ لیکن بہت سے لوگوں کی سب سے بڑی پریشانی یہ ہے کہ اے سی چلانے سے بجلی کا بل بہت بڑھ جائے گا۔ اس خوف کی وجہ سے بہت سے لوگ اے سی خریدنے سے کتراتے ہیں یا ضرورت سے کم استعمال کرتے ہیں۔ تاہم اگر آپ کچھ آسان اور کارآمد طریقے اپنا لیں تو نہ صرف آپ کو گرمی سے نجات مل سکتی ہے بلکہ بجلی کے استعمال کو بھی کافی حد تک کم کیا جا سکتا ہے۔
صحیح درجۂ حرارت سیٹ کرنے، اے سی کی باقاعدگی سے صفائی، پنکھے کا درست استعمال اور ایکو موڈ جیسے متبادل کو اپنا کر آپ اپنے بجلی کے بل کو کنٹرول میں رکھ سکتے ہیں۔ اس لیے ضروری ہے کہ اے سی کا صحیح اور سمجھداری سے استعمال کیا جائے تاکہ گرمیوں میں آرام کے ساتھ ساتھ بجلی کی بھی بچت کی جاسکے۔
یہ بھی پڑھیئے:پریشانی وقتی ہوتی ہے اس سے گھبرانا نہیں چاہئے
اے سی کا درست درجہ حرارت اور پنکھے کا استعمال
ماہرین کے مطابق اے سی کا درجہ حرارت ۲۴؍ سے ۲۶؍ ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رکھنا بہتر ہے۔ اس سے بجلی کی بچت ہوتی ہے اور کمرہ بھی ٹھنڈا رہتا ہے۔ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ۲۶؍ ڈگری ٹھنڈک نہیں دے گی لیکن اگر آپ اے سی کے ساتھ پنکھا بھی چلائیں تو ٹھنڈی ہوا پورے کمرے میں اچھی طرح پھیل جاتی ہے۔ اس کی وجہ سے اے سی کو زیادہ محنت نہیں کرنی پڑتی اور بجلی کی کھپت بھی کم ہوجاتی ہے۔
اے سی کی باقاعدگی سے صفائی ضروری ہے
اے سی کی صفائی پر بھی توجہ دینا ضروری ہے۔ خاص طور پر ایئر فلٹر کو ہر۱۰؍ سے ۱۵؍ دن بعد صاف کرنا چاہیے۔ دھول جمع ہونے کی وجہ سے اے سی کی ٹھنڈک کم ہو جاتی ہے اور یہ زیادہ دیر تک چلتا ہے جس سے بجلی کا بل بڑھ جاتا ہے۔ اس لیے وقتاً فوقتاً اے سی کو صاف کرنا نہ بھولیں تاکہ آپ کا اے سی اچھی طرح کام کرے اور بجلی کی بچت ہو۔
ایکو موڈ اور پنکھے کی ٹائمنگ کا درست استعمال
آج کل زیادہ تر اے سی میں ایکو موڈ دیا جاتا ہے جس سے بجلی کی کھپت کم ہوتی ہے لیکن بہت سے لوگ اسے استعمال نہیں کرتے یا نہیں سمجھتے۔ ایکو موڈ کو آن کرنے سے، اے سی خود بخود درجۂ حرارت کو کنٹرول کرتا ہے اور ضرورت سے زیادہ بجلی استعمال نہیں کرتا۔ اس کے علاوہ اے سی شروع کرتے وقت پنکھا چلائیں تاکہ ٹھنڈی ہوا تیزی سے پھیلے لیکن جیسے ہی کمرہ ٹھنڈا ہو جائے پنکھا بند کر دیں۔ اس سے اے سی پر لوڈ کم ہوگا اور بجلی کی بچت ہوگی۔
دھوپ سے حفاظت اور درجۂ حرارت کا ایڈجسٹمنٹ
اگر آپ کے کمرے میں براہ راست سورج کی روشنی آتی ہے تو کمرہ جلد گرم ہوجاتا ہے اور اے سی کو زیادہ کام کرنا پڑتا ہے۔ خاص طور پر بالائی منزلوں پر واقع گھروں میں یہ مسئلہ زیادہ ہے۔ ایسی حالت میں شروع میں اے سی کا درجۂ حرارت۲۳۔۲۲؍ ڈگری پر رکھیں اور جب کمرہ ٹھنڈا ہو جائے تو اسے ۲۵۔۲۴؍ ڈگری پر کر دیں۔ اس طرح بجلی کی کھپت کم ہو جاتی ہے ۔