ازدواجی زندگی دراصل محبت، اعتماد اور باہمی احساس کا ایک حسین سفر ہے۔ اس سفر کی کامیابی کا راز بڑے کارناموں میں نہیں بلکہ چھوٹی چھوٹی باتوں میں پوشیدہ ہوتا ہے۔
EPAPER
Updated: March 30, 2026, 1:30 PM IST | Zarfishan Bhulsar | Mumbai
ازدواجی زندگی دراصل محبت، اعتماد اور باہمی احساس کا ایک حسین سفر ہے۔ اس سفر کی کامیابی کا راز بڑے کارناموں میں نہیں بلکہ چھوٹی چھوٹی باتوں میں پوشیدہ ہوتا ہے۔
ازدواجی زندگی دراصل محبت، اعتماد اور باہمی احساس کا ایک حسین سفر ہے۔ اس سفر کی کامیابی کا راز بڑے کارناموں میں نہیں بلکہ چھوٹی چھوٹی باتوں میں پوشیدہ ہوتا ہے۔ یہی معمولی دکھائی دینے والے عمل دلوں کو جوڑتے اور رشتوں میں مٹھاس پیدا کرتے ہیں۔ ایک خوشگوار گھرانہ وہی ہوتا ہے جہاں میاں بیوی ایک دوسرے کے جذبات کو سمجھیں اور اپنی ذمہ داریوں کو خوش دلی سے نبھائیں۔
بیوی کا کردار اس گھر کو سنوارنے میں نہایت اہم ہوتا ہے۔ جب شوہر صبح دفتر کے لئے روانہ ہو تو بیوی کا مسکرا کر اسے دروازے تک چھوڑنا، نیک تمناؤں اور دعاؤں کے ساتھ رخصت کرنا، اس کے جوتے صاف ستھرے رکھنا، یہ سب ایسے اعمال ہیں جو شوہر کے دل میں اپنائیت اور محبت کو مزید گہرا کر دیتے ہیں۔ یہ چھوٹے چھوٹے انداز دراصل اس بات کا اظہار ہوتے ہیں کہ بیوی اپنے شوہر کی قدر کرتی ہے اور اس کی خوشی کو اپنی خوشی سمجھتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: پھول والی ہیئر کلپ نوعمر لڑکیوں میں کافی مقبول
اسی طرح جب شوہر دن بھر کی تھکن کے بعد گھر واپس آئے تو بیوی کا خندہ پیشانی سے استقبال کرنا، آگے بڑھ کر سلام کرنا اور اس کی راحت کا خیال رکھنا ایک بہترین روایت ہے۔ اگر بیوی کچن کے کاموں کے بعد اپنے کپڑے تبدیل کر لے تاکہ مسالوں کی خوشبو باقی نہ رہے، اور صاف ستھرے لباس میں شوہر کے سامنے آئے تو یہ اس کے سلیقے اور نفاست کی خوبصورت علامت ہے۔ اس طرح کے رویے نہ صرف شوہر کے دل کو خوش کرتے ہیں بلکہ ازدواجی تعلق کو مضبوط بھی بناتے ہیں۔
مزید یہ کہ بیوی اگر شوہر کی چھوٹی چھوٹی ضرورتوں کا خیال رکھے، جیسے تازہ دم ہونے کے لئے چائے بنا کر دینا، اس کے لئے آرام کا ماحول بنانا، اور اس کی تھکن کو کم کرنے کی کوشش کرنا تو یہ سب باتیں محبت کے انمول رنگ بکھیرتی ہیں۔ یہ خدمت دراصل کسی مجبوری کا نام نہیں بلکہ خلوص اور چاہت کا عملی اظہار ہے۔
ان تمام باتوں کا اثر صرف میاں بیوی کے رشتے تک محدود نہیں رہتا بلکہ بچوں کی تربیت پر بھی گہرا اثر ڈالتا ہے۔ بچے اپنے والدین کے رویوں کو دیکھ کر سیکھتے ہیں۔ جب وہ گھر میں محبت، عزت اور حسنِ سلوک کا ماحول دیکھتے ہیں تو ان کے اندر بھی یہی صفات پیدا ہوتی ہیں۔ وہ بڑے ہو کر ایک ذمہ دار، بااخلاق اور محبت کرنے والے انسان بنتے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: عورت بھی نگراں ہے اپنی ذمہ داریوں کی...
آج کے مصروف دور میں جہاں رشتوں میں دوریاں بڑھتی جا رہی ہیں، وہاں ان چھوٹی چھوٹی باتوں کی اہمیت اور بھی بڑھ جاتی ہے۔ اگر بیوی تھوڑی سی توجہ، خلوص اور محبت سے گھر کو سنوارے تو وہی گھر سکون، راحت اور خوشی کا مرکز بن سکتا ہے۔ اسی طرح شوہر کا بھی فرض ہے کہ وہ بیوی کی قدر کرے، اس کی محنت کو سراہے اور اس کے جذبات کا احترام کرے تاکہ یہ رشتہ دونوں طرف سے مضبوط اور خوشگوار بنے۔
حقیقت یہ ہے کہ ازدواجی زندگی کا حسن انہی چھوٹی چھوٹی باتوں میں پوشیدہ ہے۔ اگر ان کو اپنایا جائے تو نہ صرف میاں بیوی کے درمیان محبت بڑھتی ہے بلکہ پورا گھرانہ ایک مثالی اور خوشحال زندگی کی طرف گامزن ہو جاتا ہے۔