• Tue, 17 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

سرما کی خشک ہوائیں اور نسوانی حسن کی نگہداشت

Updated: November 16, 2026, 12:23 PM IST | Jasmine Shaukat | Mumbai

سردی کا موسم ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنی مصروف زندگی میں سے کچھ وقت اپنی ذات کیلئے بھی نکالیں اور جلد اور بالوں کے ساتھ ساتھ مجموعی صحت پر بھی خاص توجہ دیں۔

For winter skincare, choose products that help maintain the skin`s moisture. Photo: INN
سردی کے موسم میں جلد کی نگہداشت کے لئے ایسے پروڈکٹ کا انتخاب کریں جن سے جلد کی نمی برقرار رہے۔ تصویر: آئی این این

موسمِ سرما بھی اپنی خوشگوار دھوپ، ٹھنڈی ہواؤں، گرم ملبوسات اور طویل راتوں کے ساتھ جب دستک دیتا ہے تو ماحول کے ساتھ انسانی جسم کی ضروریات بھی بدلنے لگتی ہیں۔ یہ موسم جہاں اپنے دامن میں خوشگوار لمحات سمیٹے ہوتا ہے، وہیں صحت، جلد اور بالوں کی نگہداشت کے حوالے سے خصوصی توجہ کا متقاضی بھی ہے۔ خصوصاً خواتین کیلئے موسم ِ سرما میں اپنی جلد اور حسن کی حفاظت ایک اہم ضرورت بن جاتی ہے۔ خواتین کی شخصیت میں چہرے کی شادابی، جلد کی نرمی اور بالوں کی خوبصورتی نمایاں اہمیت رکھتی ہے۔ تاہم، سرد اور خشک ہوائیں جلد کی قدرتی نمی کو متاثر کرتی ہیں، جس کے نتیجے میں جلد خشک، کھردری اور بے رونق ہونے لگتی ہے۔ بعض خواتین کو ہونٹوں کے پھٹنے، ہاتھوں اور پاؤں کی جلد خشک ہونے اور چہرے پر کھنچاؤ محسوس ہونے کی شکایت بھی ہوتی ہے۔ ایسے میں ضروری ہے کہ خواتین موسم کی تبدیلی کیساتھ اپنی نگہداشت کے معمولات میں بھی مناسب تبدیلی لائیں:

جلد کی نمی برقرار رکھنا ضروری

موسم ِ سرما میں جلد کی حفاظت کا بنیادی اصول اس کی قدرتی نمی کو برقرار رکھنا ہے۔ بہت زیادہ گرم پانی سے نہانا یا بار بار چہرہ دھونا جلد کی قدرتی چکنائی کو کم کرسکتا ہے۔ اس لئے نیم گرم پانی استعمال کرنا بہتر ہے۔ نہانے یا منہ دھونے کے فوراً بعد مناسب موئسچرائزر لگانے سے جلد کی نمی برقرار رکھنے میں مدد ملتی ہے۔ خشک جلد والی خواتین اپنی جلد کی ضرورت کے مطابق کریم یا لوشن کا انتخاب کریں، جبکہ حساس جلد رکھنے والی خواتین خوشبو اور سخت کیمیکل سے پاک مصنوعات کو ترجیح دیں۔ یہ ضروری نہیں کہ جلد کی خوبصورتی کیلئے ہمیشہ مہنگی مصنوعات ہی استعمال کی جائیں۔ مناسب صفائی، متوازن غذا، پانی کا مناسب استعمال اور باقاعدگی سے جلد کو نمی فراہم کرنا بھی اس کی صحت اور شادابی کے لئے اہم ہے۔

یہ بھی پڑھئے: آئیوری اور گولڈن کامبی نیشن والا یہ لُک شادی کی تقریبات کیلئے موزوں

ہونٹوں، ہاتھوں اور پاؤں کی خصوصی نگہداشت

سردیوں میں ہونٹوں کا خشک ہونا اور پھٹنا ایک عام مسئلہ ہے۔ سرد ہواؤں کے باعث ہونٹوں کی نازک جلد متاثر ہوتی ہے۔ اس سے بچنے کے لئے معیاری لپ بام یا پیٹرولیم جیلی کا استعمال مفید ہے۔ ہونٹوں کو بار بار زبان سے تر کرنے کی عادت سے بھی گریز کرنا چاہئے کیونکہ اس سے خشکی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ اسی طرح ہاتھوں اور پاؤں کی جلد بھی خصوصی توجہ چاہتی ہے۔ گھریلو کاموں کے دوران صابن، ڈٹرجنٹ اور دیگر صفائی کی اشیاء کے مسلسل استعمال سے ہاتھوں کی جلد خشک ہوسکتی ہے۔ اس لئے کام کے بعد ہینڈ کریم لگانا اور رات کو سونے سے پہلے پاؤں پر مناسب موئسچرائزر استعمال کرنا مفید ہے۔ ضرورت کے مطابق سوتی موزے پہننے سے بھی پاؤں کی جلد کی حفاظت کی جاسکتی ہے۔

بالوں کی خوبصورتی بھی ضروری

موسم ِ سرما کے اثرات صرف جلد تک محدود نہیں رہتے بلکہ بال بھی اس سے متاثر ہوتے ہیں۔ خشکی، بالوں کا بے رونق ہونا اور سر کی جلد میں خارش جیسے مسائل سامنے آسکتے ہیں۔ خواتین کو چاہئے کہ بالوں کی صفائی کا مناسب خیال رکھیں اور اپنی ضرورت کے مطابق ہلکا شیمپو استعمال کریں۔ سَر کی جلد کے مطابق تیل لگانا بھی مفید ہوسکتا ہے۔ البتہ ضرورت سے زیادہ تیل یا غیر ضروری کیمیائی مصنوعات کے استعمال سے گریز کرنا چاہئے۔ گیلے بالوں کو تولیے سے زور زور سے رگڑنے کے بجائے نرمی سے خشک کرنا بہتر ہے۔

یہ بھی پڑھئے: پٹاخے، آلودگی اور ماؤں کو لاحق فکر اور ذمہ داری

غذا اور پانی کا استعمال

یہ حقیقت فراموش نہیں کرنی چاہئے کہ حسن کا تعلق صرف ظاہری آرائش سے نہیں بلکہ اندرونی صحت سے بھی ہے۔ اگر جسم کو مناسب غذائیت نہ ملے تو اس کے اثرات جلد، بالوں اور مجموعی صحت پر بھی ظاہر ہونے لگتے ہیں۔ موسم ِ سرما میں خواتین کو اپنی غذا میں موسمی پھل، سبزیاں، خشک میوہ جات، دودھ، دالیں اور پروٹین سے بھرپور غذائیں شامل کرنی چاہئیں۔ گاجر، مالٹا، امرود اور دیگر موسمی پھل و سبزیاں جسم کو ضروری وٹامن اور معدنیات فراہم کرتی ہیں۔ اکثر خواتین سردیوں میں پیاس کم محسوس ہونے کی وجہ سے پانی پینے میں بھی کمی کر دیتی ہیں، حالانکہ موسم کوئی بھی ہو، جسم کو مناسب مقدار میں پانی کی ضرورت رہتی ہے۔ اس لئے پانی کا استعمال جاری رکھنا چاہئے۔ اس کے ساتھ مناسب نیند اور متوازن غذا بھی چہرے کی تازگی اور جسمانی صحت کے لئے اہم ہیں۔

دھوپ اور ورزش کی اہمیت

سردیوں کی نرم دھوپ سے لطف اندوز ہونا ہر کسی کو اچھا لگتا ہے۔ دھوپ جسم میں وٹامن ڈی کی تیاری میں مدد دیتی ہے، تاہم جلد کو تیز دھوپ کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنا بھی ضروری ہے۔ موسم سرد ہو یا گرم، دن کے وقت باہر نکلتے ہوئے دھوپ کی شدت اور جلد کی نوعیت کے مطابق سن اسکرین کا استعمال کرنا چاہئے۔ اسی طرح سردی میں جسمانی سرگرمیاں بھی کم ہو جاتی ہیں۔ لہٰذا اپنی صحت کیلئے بھی کچھ وقت ضرور نکالیں۔ روزانہ چہل قدمی، ہلکی پھلکی ورزش اور یوگا جیسی سرگرمیاں جسم کو متحرک رکھنے، دورانِ خون بہتر بنانے اور ذہنی سکون فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہو سکتی ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: یہ چھ غذائیں جگر کی صحت کے لئے مفید ثابت ہوں گی

موسم ِ سرما ہمیں یہ موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنی مصروف زندگی میں سے کچھ وقت اپنی ذات کیلئے بھی نکالیں۔ گھر، خاندان اور دیگر ذمہ داریوں کی ادائیگی کے ساتھ اپنی صحت اور شخصیت کا خیال رکھنا بھی اتنا ہی ضروری ہے۔ جلد، بالوں، غذا، نیند اور جسمانی صحت کی نگہداشت کوئی غیر ضروری لوازمات نہیں بلکہ بہتر زندگی گزارنے کی بنیادی ضرورت ہے۔ خوبصورتی محض ظاہری آرائش کا نام نہیں بلکہ صحتمند طرزِ زندگی، صفائی، اعتدال اور خود اعتمادی کا حسین امتزاج ہے۔ سردیوں کی آمد پر اپنی نگہداشت کو روزمرہ معمول بنائیے کیونکہ اپنی ذات سے محبت اور اس کا خیال رکھنا بھی زندگی سے محبت کرنے کا ایک خوبصورت انداز ہے۔

(مضمون نگار رابعہ گرلز ہائی اسکول اینڈ جونیئر کالج، بھیونڈی کی سپروائزر ہیں)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK