• Thu, 12 February, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

رمضان کریم کی آمد آمد ہے: کچھ تیاری کرلی آپ نے؟

Updated: February 12, 2026, 2:41 PM IST | Asma Siddiqui | Mumbai

عنقریب رمضان کا مبارک مہینہ شروع ہونے والا ہے۔ خواتین ِ خانہ پیشگی چند کام کرلیں تاکہ آپ اپنے دامن میں اس مہینے کی برکتوں کو بھی سمیٹ سکیں۔

Bring rations before the arrival of Ramadan and store them well. Photo: INN
رمضان کی آمد سے قبل راشن لے آئیں اور انہی اچھی طرح محفوظ بھی کرلیں۔ تصویر: آئی این این

ویسے تو اللہ تعالیٰ کے بنائے ہوئے تمام مہینے بابرکت ہیں، مگر رمضان المبارک کی اپنی ہی شان اور عظمت ہے۔ یہ وہ مقدس مہینہ ہے جس میں ہمیں سب سے خوبصورت اور ہدایت سے بھرپور کتاب قرآن مجید عطا کی گئی۔ وہ کتاب جسے پڑھ کر ہم حق و باطل، صحیح و غلط میں تمیز سیکھتے ہیں اور ایک عام انسان سے اشرف المخلوقات بننے کا شعور حاصل کرتے ہیں۔ قرآن ہمیں ایک بہترین طرزِ زندگی سکھاتا ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ٹومیٹو فیشیل؛ چہرے کی چمک بڑھائے اور جلد کی نگہداشت کرے

رمضان کی برکتیں بے شمار ہیں، اسی لئے ہمیں چاہئے کہ اس مبارک مہینے سے زیادہ سے زیادہ فیض اٹھائیں۔ اگر ہم رمضان شروع ہونے سے پہلے کچھ تیاری کرلیں تو عبادات میں آسانی پیدا ہو جاتی ہے۔ اگر آپ کے گھر میں ملازم ہیں تو بات مختلف ہے، لیکن اگر آپ ایک ایسی خاتون ہیں جو اکیلے گھر سنبھالتی ہیں تو یہ تحریر خاص طور پر آپ کے لئے ہے:

صفائی کا اہم مرحلہ

رمضان سے پہلے ہی گھر اور خصوصاً کچن کی ڈیپ کلیننگ کرلینی چاہئے۔ بعض لوگ صفائی کے لئے عید کا انتظار کرتے ہیں اور رمضان کے آخری بابرکت دنوں میں اسی میں اپنا قیمتی وقت ضائع کر دیتے ہیں۔ اگر گھر پہلے سے صاف اور ترتیب میں ہوگا تو عید سے پہلے آپ کو زیادہ پریشانی نہیں ہوگی۔

یہ بھی پڑھئے: بچوں کی زبان سے نکلا ہر لفظ اُن کی تربیت کا عکاس ہوتا ہے

کپڑوں کی تیاری

کچھ لوگ رمضان میں نئے کپڑے شوق سے پہنتے ہیں۔ نئے ہوں یا پرانے، جو بھی اچھے کپڑے آپ کے پاس موجود ہیں، انہیں پہلے سے دھو کر استری کرکے تیار رکھ لیں۔ اس طرح خاصا وقت بچ جاتا ہے۔

افطار اور مہمان نوازی کی منصوبہ بندی

ز اگر آپ افطار کی دعوت دینے کا ارادہ رکھتی ہیں تو پہلے سے مہمانوں اور کھانوں کی فہرست بنا لیں اور تمام ضروری اشیاء خرید لیں۔ خشک راشن جیسے دال، چاول، آٹا، بیسن، شکر، چائے پتی وغیرہ پہلے ہی اسٹاک کرلیں۔

ز کوشش کریں کہ روزانہ کم از کم ایک ضرورت مند کو افطار ضرور کروائیں۔ اگر اللہ نے زیادہ وسعت دی ہے تو زیادہ بھی کروایا جا سکتا ہے، لیکن کم از کم ایک فرد کا خیال ضرور رکھا جائے۔ اس کے لئے یہ ضروری نہیں کہ روزانہ وقت طلب اور مہنگے پکوان بنائے جائیں، جو ہم خود کھا رہے ہیں وہی دوسروں کو کھلانا کافی ہے، بس کھانا تازہ ہونا چاہئے۔ ساتھ ہی خوش دلی سے کھلائیں۔

یہ بھی پڑھئے: بچوں کی ذہنی نشوونما اور شخصیت سازی میں مطالعہ کی اہمیت

ز بچاہوا افطار اگلے دن دینے سے پرہیز کریں، کیونکہ ہمارے دین میں وہی چیز دوسروں کے لئے پسند کرنے کی تلقین کی گئی ہے جو ہم اپنے لئے پسند کرتے ہیں۔

ز افطار کم بنائیں مگر تازہ اور متوازن بنائیں۔ اپنے بجٹ میں رہتے ہوئے پھل، انڈے، کیلشیم اور وٹامن سے بھرپور غذا شامل کریں تاکہ عبادات کیلئے طاقت برقرار رہے۔

عید کی تیاری

اگر عید کے کپڑوں اور جوتوں کی تیاری پہلے سے کرلی جائے تو رمضان کے آخری دنوں کی بھاگ دوڑ سے بچا جاسکتا ہے۔ جن گھروں میں چھوٹے بچے ہوتے ہیں، وہاں جوتے، کلپس، ہیئر بینڈ وغیرہ کے لئے آخری دنوں میں دوڑ لگی رہتی ہے، اس لئے بہتر ہے کہ یہ سب رمضان سے پہلے ہی مکمل کر لیا جائے۔

یہ بھی پڑھئے: تانبے کے برتن میں پانی پینے کے حیران کن فائدے

زکوٰۃ اور دینی علم

ز ’زکوٰۃ کیلکولیٹ‘ کرنے کے لئے آج کل کئی آن لائن ایپلی کیشنز موجود ہیں، جن کے ذریعے آپ پہلے ہی حساب لگا سکتی ہیں اور چاہیں تو زکوٰۃ رمضان سے پہلے بھی ادا کر سکتی ہیں۔

ز اس کے علاوہ بہت سے مفت اسلامی کورسیز اور سیشنز دستیاب ہیں جن میں قرآن کو ترجمہ اور تفسیر کے ساتھ سمجھایا جاتا ہے۔ رمضان میں اکثر خواتین قرآن کی تلاوت تو کرتی ہیں، مگر سمجھ کر پڑھنے کا موقع کم ہی ملتا ہے۔ اس لئے بہتر ہے کہ کسی اچھی تفسیر کا آن لائن کورس پہلے سے منتخب کر لیا جائے تاکہ رمضان میں سورت مکمل ہونے کے بعد اس کی تشریح سنی جاسکے۔

یہ بھی پڑھئے: اپنے اور بچوں کے لئے وقت نکالنے کی چند کارآمد تدابیر

روحانی تربیت

ز رمضان عبادت، شکر گزاری، صبر اور خود احتسابی کا مہینہ ہے۔ اس مہینے میں بری عادتیں چھوڑنے اور اچھی عادتیں اپنانے کی بھرپور کوشش کرنی چاہئے۔ روزانہ ایک نئی اچھی عادت سیکھیں، کوئی دعا، کوئی سورت یا استغفار۔

ز ایک ڈائری بنائیں اور روزانہ وہ سب لکھیں جو آپ نے سیکھا۔ جب عید آئے گی تو آپ کو احساس ہوگا کہ آپ نے صرف روزے ہی نہیں رکھے بلکہ خود کو نکھارا اور ایک بہتر شخصیت بننے کی کوشش بھی کی۔

حرفِ آخر، رمضان دعا کا مہینہ ہے۔ سب کیلئے دعا کریں، اپنے لئے، اپنے مرحومین کیلئے اور پوری امت ِ مسلمہ کیلئے کہ اللہ تعالیٰ ہم سب کو راہِ راست پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK