Inquilab Logo Happiest Places to Work

شہرومضافات میں ۱۵؍ مئی سے ۱۰؍ فیصد پانی کٹوتی کا فیصلہ

Updated: May 12, 2026, 1:02 PM IST | Shahab Ansari | Mumbai

تھانے، بھیونڈی اور دیگر علاقوںپر بھی اس کااطلاق ہوگا۔ بارش سے جھیلوں میں پانی ذخیرہ ہونے تک کٹوتی جاری رہے گی۔

Water Cut.Photo:INN
پانی کی کٹوتی۔ تصویر:آئی این این
 ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی ساتوں جھیلوں میں مجموعی طور پر پانی کے ذخیرے میں کمی کے پیش نظر شہری انتظامیہ نے جمعہ، ۱۵؍ مئی ۲۰۲۶ء سے ۱۰؍ فیصد پانی کٹوتی کا اعلان کردیا ہے۔ اس کٹوتی سے شہر و مضافات، تھانے اور ان تمام علاقوں میں پانی سپلائی متاثر ہوگی جہاں ان ساتوں جھیلوں سے پانی سپلائی ہوتا ہے۔
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن نے وضاحت کی ہے کہ پانی کٹوتی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک خاطرخواہ بارش ہونے سے جھیلوں میں   پانی  ا طمینان بخش ذخیرہ نہ ہوجائے۔
بی ایم سی نے کہا ہے کہ ممبئی شہر و مضافات کے ساتھ تھانے، بھیونڈی نظام پور میونسپل کارپوریشن اور دیگر دیہاتوں کو سپلائی کئے جانے والے پانی کی مقدار میں بھی ۱۰؍ فیصد پانی کٹوتی کا  اطلاق ۱۵؍ مئی سے ہوگا۔
برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ پیر کو جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ محکمہ موسمیات نے ’ایل نینو‘ اور ’آئی او ڈی(انڈین اوشیئن ڈی پول) کے اثرات سے مانسون میں  معمول سے کم بارش ہونے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔ واضح رہے کہ ایل نینو اور آئی او ڈی سمندر کے ماحولیات اور خصوصاً ہندوستان کے مانسون پر اثرانداز ہوتے ہیں۔
پانی سپلائی کے علاوہ شدید گرمی کے سبب جھیلوں سے پانی تیزی سے بھاپ بن کر اڑ رہا ہے۔ تاہم شہری انتظامیہ نے عوام کو اطمینان دلاتے ہوئے کہا ہے کہ متذکرہ باتوں کے پیش نظر بی ایم سی نے احتیاطی تدابیر کے طور پر ۱۵؍ مئی سے ۱۰؍ فیصد پانی کٹوتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ جو پانی دستیاب ہے، اسے زیادہ دنوں تک چلایا جاسکے۔
بی ایم سی کے مطابق پیر، ۱۱؍ مئی کو ممبئی کو پانی سپلائی کرنے والی ساتوں جھیلوں میں کُل ۳؍ لاکھ ۴۰؍ ہزار ۳۹۹؍ ملین لیٹر پانی دستیاب تھا۔ ان جھیلوں میں سالانہ پانی کا ذخیرہ ۱۴؍ لاکھ ۴۷؍ ہزار ۳۶۳؍ ملین لیٹر ہوتا ہے جس کے مقابلے پیر کو ۲۳ء۵۲؍ فیصد پانی ہی دستیاب تھا۔ 
 
 
دریں اثناء ریاستی حکومت کے کوٹے سے بی ایم سی کو سپلائی کیلئے بھاتسا جھیل سے ایک لاکھ ۴۷؍ ہزار ۹۲؍ ملین لیٹر اور اَپر ویترنا جھیل سے ۹۰؍ ہزار ملین لیٹر پانی ملنے والا ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ ممبئی واسیوںکیلئے بی ایم سی کے پاس موجودہ ۲۳؍ فیصد سے زیادہ پانی دستیاب ہوگا اور پانی کٹوتی احتیاطی تدبیر کے طور پر کی گئی ہے اس لئے عوام کو پریشان ہونے یا گھبرانے کی ضرورت نہیں ہےلیکن موجودہ حالات اور پانی کٹوتی کے پیش نظر عوام سے پانی کو کفایت شعاری سے استعمال کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
 
 
میونسپل کارپوریشن پانی سپلائی پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اورروزانہ پانی سپلائی کا منصوبہ بنایا جاتا ہے۔اس نے مختلف طریقے بھی بتائے ہیں جس سے پانی کی بچت کی جاسکتی ہے۔ بی ایم سی کے مطابق   پانی کی بچت کے اقدامات کو اپنانا آسان ہے۔ ان پر عمل کرتے ہوئے پانی بچانے کی کوششوں میں تعاون کریں۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK