Inquilab Logo Happiest Places to Work

پی ٹی او کے ۵۲؍ ہزار کوٹے کیلئے ۲۶؍ کمبائنڈ حج گروپ آرگنائزر کا تقرر

Updated: August 08, 2026, 1:19 PM IST | Saeed Ahmed Khan | Mumbai

ممبئی کے۸؍ بڑے ٹورآپریٹرس ’سی ایچ جی او‘ بنائے گئے ۔ فہرست جاری۔ تقریباً ۹۰۰؍ پی ٹی او نے اپنی خدمات جاری رکھنے کیلئے درخواست دی۔

Atlas Tours and Travels is also included in the ‘Combined Hajj Group Organizer’. Photo: INN
’کمبائنڈحج گروپ آرگنائزر‘ میں اٹلس ٹورس اینڈٹراویلس بھی شامل ہے۔ تصویر: آئی این این

پرائیویٹ ٹور آپریٹرس کو ۵۲؍ ہزار حج کوٹے کی تقسیم کیلئے ۲۶؍  کمبائنڈ حج گروپ آرگنائزر (سی ایچ جی او) کو حکومت ہند کی منظوری دینے کے بعد جمعرات۶؍ اگست کی شام کو ان کی فہرست جاری کردی گئی۔ اس فہرست میں ممبئی کے الخالد ٹورس، العرفان ٹور اینڈ ٹراویلس، الائنس انٹرنیشنل ٹور اینڈ ٹراویلس، عربین ٹور اینڈ ٹراویلس، بکھلا ٹور اینڈ ٹراویلس، اٹلس ٹورس اینڈ ٹراویلس، کوسمک ٹراویلس اینڈ ٹور اور کوکن ٹور کارپوریشن وغیرہ کوشامل کیا گیا ہے جبکہ۵؍سی ایچ جی او کو تبدیل کرکے دیگر۵؍ٹوروالوں کو موقع دیا گیا ہے۔ 

ایک سی ایچ جی او کیلئے۲؍ ہزار عازمین کی ذمہ داری ہوگی اور پہلے کی طرح الگ الگ ٹور والے کوٹے کے حساب سے ان کے ساتھ جڑیں گے۔ اس کے علاوہ دیگر ٹور آپریٹرس کی جانب سے اپنی خدمات جاری رکھنے کیلئے مجموعی طور پر ملک بھر سے  ۹۰۰؍کے قریب ٹور آپریٹرس نے آن لائن درخواستیں وزارت برائے اقلیتی امور حج  سیل کو بھیجی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ممبرا میں رکن اسمبلی جتیندر اوہاڑ کی سالگرہ پر تعلیمی، فلاحی و سماجی پروگرام

حج ۲۰۲۷ء کے لئے ان ٹور آپریٹرس کو ۴؍ زمروں میں۵۰، ۱۰۰، ۲۰۰؍ اور ۲۵۰؍  کا کوٹہ دیا جائے گا۔ اس میں تخفیف تو ہوسکتی ہے مگر اضافے کی امید نہیں ہے۔ دیکھنا ہوگا کہ اصول و ضوابط کی خانہ پری کے بعد ان میں سے کتنی فائلیں منظور کی جاتی ہیں اور انہیں عازمین کو حج پر لے جانے کا موقع دیا جاتا ہے اور کتنے کی فائلیں رد کی جاتی ہیں۔

آن لائن درخواست دینے والے ان ٹور آپریٹرس کی جانچ پڑتال کے بعد کچھ ہی دن بعد یہ واضح ہوجائے گا کہ ان۹۰۰؍ میں کتنے ٹور والے حکومت کی گائیڈ لائن کے مطابق کھرے اترے ہیں اور کتنوں کی درخواستوں پر غور نہیں کیا گیا۔

فائلیں منظور کئے جانے کے بعد فوراً ہی دوسرا مرحلہ ’سی ایچ جی او‘ کے ساتھ جڑ کر ۲؍ہزار عازمین کا ایک ایک گروپ تیار کرنا ہوگا ۔ اس کے بعد انہیں جلد سے جلد سعودی حکومت کی ہدایات کے مطابق دیگر ضوابط کو وقت اور تاریخ کی پابندی کے ساتھ پورا کرنا ہوگا۔ اس میں بطور خاص مشاعر ، ہوٹلس اور ٹرانسپورٹیشن وغیرہ سروسیز کیلئے رقومات کی ادائیگی کرنی ہوگی۔

یہ بھی پڑھئے: آئی آئی ٹی بامبےکےماہر نفسیات پروفیسرعزیزالدین خان جےسی بوس فیلوشپ کیلئےمنتخب

ٹور آپریٹرس کے مطابق یہ سب سے اہم اور مشکل مرحلہ ہوتا ہے کیونکہ اس کے لئے خاطر خواہ رقم کا انتظام کرنا ہوتا ہے۔ ایک مشکل یہ بھی ہوتی  ہے کہ ان تمام ضابطوں کی خانہ پری کرنے کے بعد ہی حج ویزا جاری کیا جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ٹور آپریٹرس نے کوٹہ ملنے سے قبل ہی اپنی جانب سے پیش بندی شروع کردی ہے تاکہ گزشتہ سال جیسے حالات کا انہیں سامنا نہ کرنا پڑے۔ سعودی حکومت کی ہدایات کے مطابق پیشگی انتظامات کا مثبت اثر بھی دیکھنے کو ملا اور حج۲۰۲۶ء میں حجاج کو کسی قسم کی پریشانی نہیں ہوئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ ۲؍ برس سے سعودی وزارت حج کی جانب سے مزید بہتر انتظامات اور تیاریوں کا حوالہ دیتے ہوئے حج کے تمام کام حج پر روانگی سے کئی ماہ قبل ہی پورے کرلئے جاتے ہیں۔ اس کا اندازہ اس سے بھی آسانی کے ساتھ کیا جاسکتا ہے کہ حج کمیٹی آف انڈیا نے۲۰۲۷ء کیلئے عازمین سے درخواستیں منگوانے کے بعد قرعہ اندازی بھی کرلی اور۱۰؍ اگست تک ہر منتخب عازم کو ایک لاکھ ۵۲؍ ہزار ۳۰۰؍ روپے پیشگی جمع کرانے کی بھی ہدایت دی ہے۔ اس آخری تاریخ میں محض ۲؍دن باقی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK