۲؍ الگ الگ معاملات میں جھوٹے کیس میں پھنسانے کی دھمکی دے کر رشوت لینے کا الزام درست ثابت ہوا۔
EPAPER
Updated: April 12, 2026, 10:30 AM IST | Mumbai
۲؍ الگ الگ معاملات میں جھوٹے کیس میں پھنسانے کی دھمکی دے کر رشوت لینے کا الزام درست ثابت ہوا۔
پونے کے پولیس کمشنر امیتیش کمار نے واضح اشارہ دیا ہے کہ شہر کی پولیس فورس کی شبیہ کو خراب کرنے والے ۶؍ پولیس اہلکاروں کو برخاست کر دیا جائے گا۔ انہوں نے سختی سے کہا کہ ہفتہ وصولی، بلیک میلنگ اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے والوں پر کوئی رحم نہیں کیا جائے گا۔
اطلاع کے مطابق پولیس سب انسپکٹر اجیت بدے، ریل اسٹار کم پولیس اہلکار سونالی ہنگے اور پولیس کانسٹیبل سدام تائیڑے کے خلاف منگوار پیٹھ کے ایک مشہور کالج کے پرنسپل کو پوکسوکے تحت جھوٹے مقدمے میں پھنسانے کی دھمکی دے کر ۷؍ لاکھ روپے کی رقم وصول کرنے کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ تینوں کو پہلے ہی معطل کیا جا چکا ہے، اور کمشنر نے واضح کیا ہے کہ اب انہیں برخاست کر دیا جائے گا، ان پر الزام ہے کہ ان کے اقدامات سے پولیس فورس کی شبیہ خراب ہو رہی ہے۔ یاد رہے کہ خاتون اہلکار سونالی ہنگے سوشل میڈیا پر بھی مقبول ہیں۔
یہ بھی پڑھئے: بیڑ کے ایک اسکول میں عیسائی مذہب کی تبلیغ کا الزام
دریں اثنا، واگھولی پولیس اسٹیشن میں ایک اور معاملے میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ پولیس کانسٹیبل کرن ابداگیرے، پولیس کانسٹیبل گنیش کھڈے اور کرن کامبلے نے ایک آئی ٹی انجینئر کو سیکس ریکیٹ میں پھنسانے کی دھمکی دے کر اس سے ۱۰؍ہزار روپے ہفتہ وصول کیا۔ معلوم ہوا ہے کہ اس واقعہ میں نوجوان کی پٹائی بھی کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس سومے منڈے نے ان تینوں کو معطل کر دیا ہے۔ متعلقہ نوجوانوں کی جانب سے اس معاملے کی براہ راست پولیس کمشنر سے شکایت کرنے کے بعد انکوائری کا حکم دیا گیا۔ انکوائری میں انکشاف ہوا کہ متعلقہ پولیس نے ڈیوٹی کے دوران اپنے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا اور دھمکیاں دے کر رقم وصول کی۔ مناسب قانونی کارروائی کرنے کے بجائے انہوں نے دھمکیوں کا سہارا لیا۔ ہفتہ وصولی کے معاملے میں کیس درج ہوتے ہی تینوں پولیس سب انسپکٹر اجیت بدے، ریل اسٹار سونالی ہنگے اور پولیس افسر سدام تائیڑے فرار ہو گئے۔ ان کی تلاش کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں اور اعلیٰ حکام نے بتایا ہے کہ انہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔