Inquilab Logo Happiest Places to Work

کالا گھوڑا پر فری پارکنگ کے باوجود پیسہ وصولی، ملزم گرفتار

Updated: June 26, 2026, 11:33 AM IST | Mumbai

کرافورڈ مارکیٹ کی مفت پارکنگ پر پیسے اینٹھنے والے ۳؍ افراد کے خلاف پولیس نے کیس درج کر لیا۔

The parking lot of Kalaghoda where the money collection incident took place. (Photo: Ashish Raje)
کالاگھوڑا کا پارکنگ لاٹ جہاں پیسہ وصولی کا معاملہ پیش آیا تھا۔ (تصویر: آشیش راجے)

جنوبی ممبئی کے کالاگھوڑا علاقے میں حال ہی میں بی ایم سی نے ۲؍ اور چار پہیہ گاڑیوں کی پارکنگ لاٹ کومفت کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ شہر کے کئی اور علاقوں میں بھی شہری انتظامیہ نے پے اینڈ پارکنگ لاٹ میں مفت پارکنگ کی سہولت فراہم کی ہے، اس کے باوجود مسافروں سے پیسے اینٹھنے کی شکایتیں موصول ہورہی ہیں۔اکثر مسافروں سے جنہیں مذکورہ پارکنگ لاٹ کے فری ہونے کی اطلاع نہیں ہوتی ہے ، سے پارکنگ کے نام پر پیسے اینٹھے جارہے تھے ۔ اس بات کی شکایت ملنے کے بعد پولیس نے فری پارکنگ کے باوجود پیسے لینے والے گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتارکرلیا ہے جبکہ کرافورڈ مارکیٹ علاقے میں مفت پارکنگ میں پیسے اینٹھنے والے چند افراد کے خلاف کیس درج کرلیا ہے ۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی: جعلی کال سینٹر کا پردہ فاش، ۸؍ افراد گرفتار

کالا گھوڑا پر فری پارکنگ کا بورڈ نصب ہونے کے باوجود جب ایک شخص سے پارکنگ کیلئے پیسے کا مطالبہ کیا گیا تو اس نے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر ڈال دیا اور ممبئی پولیس کو بھی ٹیگ کیا تھا ۔ مذکورہ ویڈیو کی بنیاد پر ایم آر اے مارگ پولیس نے جال بچھا کر ایک ہاکر کو پارکنگ کرنے کی ہدایت دی تھی اور جب اروند ترپاٹھی نامی شخص نے مذکورہ علاقے میں پارکنگ  کے ۱۰۰؍ روپے طلب کئے تو پولیس نے فوری طور پر اسے گرفتار کر لیا ۔ اس معاملہ میں پولیس افسر دھنا شری کیلکر اور اہلکار شیواجی چوان نے  ہاکر منوج منڈل کو کالا گھوڑا میں کار پارک کرنے کی ہدایت دی تھی اور جال بچھا کر ملزم کو گرفتار کیا تھا ۔

یہ بھی پڑھئے: بھیونڈی میں مخدوش عمارتوں کاانتہائی سنگین بحران

کالا گھوڑا کی طرح کرافورڈ مارکیٹ  میں پولیس ہیڈکوارٹرز کے قریب پی کے وائن بار اینڈ ریسٹورنٹ کے قریب بھی فری پارکنگ کے باوجود پیسے اینٹھنے کی شکایت موصول ہوئی تھی۔آزاد میدان پولیس کے بقول بی ایم سی نے جنوبی ممبئی کے کئی علاقوں میں فری پارکنگ کی سہولت فراہم کی ہے لیکن اس کے باوجود چند جرائم پیشہ افراد  بی ایم سی کارپارکنگ کے نام پر پیسے اینٹھ رہے ہیں ۔

پولیس کے بقول کرافورڈمارکیٹ علاقے میں بھی کار پارکنگ کو فری کیا گیا ہے لیکن وہاں پر بھی مسافروں سے پیسے اینٹھنے کی شکایت ملنے پر تین نامعلوم  افراد کے خلاف شکایت درج کرلی گئی ہے اور جلد ہی انہیں بھی گرفتار کر لیا جائے گا ۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK