Inquilab Logo Happiest Places to Work

مالیگائوں میں ایس آئی آر کے تعلق سے تمام سیاسی جماعتیں متحرک

Updated: July 10, 2026, 11:30 AM IST | Mukhtar Adeel | Malegaon

شہر میں اپنے اپنے طور پر عوامی بیداری کی کوشش، ووٹروں کے فارم پُر کروانے ، بی ایل اوز سے رابطہ کروانےکے انتظامات ۔

Member Of Assembly Mufti Ismail And His Colleague, The Collector`s Representative, Talking.Photo:INN
رکن اسمبلی مفتی اسماعیل اور ان کے ساتھی کلکٹر کے نمائندے گفتگو کرتے ہوئے-تصویر:آئی این این
ایس آئی آرسے متعلق عوام کی مدد اور رہنمائی کیلئے صنعتی شہر  مالیگائوں میں سیاسی جماعتیںکمربستہ ہوچکی ہیں۔ انڈین سیکولرپارٹی،سماج وادی پارٹی،سوشل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیااورآل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کی جانب سےایس آئی آر فارم بھرنے ،اہم معلومات کے اندراج،بوتھ لیول آفیسرسے رابطہ اورمقامی سطح پرافسران وسرکاری اہلکاروں سے تال میل کے ذریعے کام کئے جا رہے ہیں۔ ایس آئی آر کے تعلق سے عوام میں بیداری پیداکرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں ۔
 
 
آصف شیخ رشید(سابق رکن اسمبلی،انڈین سیکولرپارٹی) نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جاری رہنمایانہ ہدایات کے مطابق ایک بوتھ لیول آفیسر (بی ایل او)کوایک ہزاررائے دہندگان تک ایس آئی آرفارم پہنچانے کی ذمے داری دی گئی ہے۔ ایس آئی آر کے آغازکو ۱۰؍ دن مکمل ہوگئے ہیں لیکن ایس آئی آرفارم رائے دہندگان تک پہنچ نہیں رہے ہیں۔اندازے کے مطابق محض ۴۰؍ فیصدفارم ہی بانٹے گئے ہیں۔ ایسے رائے دہندگان جنہیںایس آئی آرکے فارم بی ایل اوکی جانب سےنہیںملےوہ پریشانی اور تذبذب میں ہیں۔ شیخ آصف نے کہا کہ اس مسئلے پرفوری طورسے مالیگاؤںکے سب ڈیویژنل مجسٹریٹ نتن سدگیر کی توجہ مبذول کروائی گئی ہے۔
محمد مستقیم (رُکن بلدیہ،سماج وادی پارٹی) نے کہا کہ ایس آئی آر فارم بھرنے کیلئے سماج وادی پارٹی پوری طرح مستعد ہے۔ شہید عبدالحمید روڈاور اطراف کے باشندگان کی سہولت کیلئے کارپوریٹرعبدالباقی راشن والاکی رابطہ آفس پر رضاکارانہ طور پر کام جاری ہے۔مالیگاؤں کے شمالی حصے میںیک طرفہ طورسےمسلم اقلیت آباد ہے۔ ان کی پوری رہنمائی اور ایس آئی آر سے متعلق مسائل کےسدباب کیلئےسماج وادی پارٹی منظم طریقے سے کام کررہی ہے۔عبداللہ انجینئر (ایس ڈی پی آئی)نے کہا کہ ہماری پارٹی نے ایس آئی آر سے متعلق عوام کودرپیش عمومی مسائل کے سدباب کیلئے متعدد مرتبہ مقامی اور ضلعی  اعلیٰ افسران سے ملاقاتیں کی اور انہیںبتایاکہ مالیگاؤں میں۸۰؍ فیصد لوگ خط افلاس سے نیچے زندگی گزارتے ہیں۔ انہیں ایس آئی آرکی آڑ میں ہراساں نہ کیاجائے بلکہ ان کی  مدد کریں ۔
 
 
رکن اسمبلی مفتی محمد اسماعیل(ایم آئی ایم) نے کہا کہ مقامی سطح پر کلکٹر کے نمائندہ نتن سدگیر سےمجلس کے وفد نے ملاقات کی۔ایس آئی آر کے مرحلےوارطریق کار کو سمجھنے کےساتھ فیصلہ کیاکہ مجلس کے ۲۱؍ کارپوریٹرس اپنے حلقوں میںرائے دہندگان کی رہنمائی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایس آئی آر کے تعلق سے مجلس کے قومی سربراہ اسدالدین اویسی نےپارٹی  کارکنان کے نام ہدایات جاری کی ہیں۔اس کی روشنی میںمجلس اپنا کام برابر کرےگی۔

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK