• Wed, 03 September, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

غزہ جنگ: صمود فلوٹیلا کی راہ میں رکاوٹ بین الاقوامی قانون پر حملہ ہے: ایمنسٹی

Updated: September 02, 2025, 7:21 PM IST | London

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ غزہ جانے والے فلوٹیلا کو روکنے کی کوئی بھی کوشش انسانی اصولوں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہوگی۔ علاوہ ازیں بارسلونا سے موسم صاف ہونے کے بعد غزہ کیلئے امدادی بحری جہاز’صمود فلوٹیلا‘ روانہ ہوگیا ہے۔

Global Sumud Flotilla. Photo: X
گلوبل صمود فلوٹیلا۔ تصویر: ایکس

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے پیر کو اسرائیل سے مطالبہ کیا کہ وہ ایک بین الاقوامی فلوٹیلا (کشتیوں کا قافلہ) کو غزہ میں انسانی ہمدردی کی امداد پہنچانے کی اجازت دے اور خبردار کیا کہ اسے روکنے کی کسی بھی کوشش کو انسانی اصولوں اور بین الاقوامی قانون پر حملہ تصور کیا جائے گا۔ برطانیہ میں قائم اس حقوق گروپ نے ’’گلوبل صمود فلوٹیلا‘‘ کے سرگرم کارکنوں کو فلسطینیوں کے ساتھ ان کی ’’طاقتور اور متاثر کن یکجہتی کی کارروائی‘‘ پر سراہا جو اسرائیل کی ظالمانہ اور غیر قانونی ناکہ بندی اور مقبوضہ غزہ میں جاری نسل کشی کے دوران زندہ رہنے کی جدوجہد کر رہے ہیں۔ 

یہ بھی پڑھئے: ٹرمپ کا اعتراف: اسرائیلی لابی کانگریس پر اپنا رسوخ کھو رہی ہے

ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا: ’’اسرائیل کو فلوٹیلا کو اپنا پُرامن مشن محفوظ طریقے سے انجام دینے دینا چاہئے۔ اسے روکنے کی کسی بھی کوشش کو انسانی اصولوں اور بین الاقوامی قانون پر حملہ سمجھا جائے گا۔ ‘‘ اس نے کہا کہ اس حقیقت کہ تقریباً ۵۰؍ممالک کے کارکنوں کو یہ مشن شروع کرنا پڑا، ’’عالمی برادری کی مسلسل ناکامی کا ثبوت ہے‘‘ کہ وہ اسرائیل پر اس کی غیر انسانی ناکہ بندی ختم کرنے کیلئے دباؤ ڈال سکے۔ غزہ کی تباہ کن صورت حال کو ’دنیا کی بدترین انسانی ساختہ آفات میں سے ایک‘ قرار دیتے ہوئے، گروپ نے زور دیا کہ اسرائیل پر لازم ہے کہ وہ غزہ کے شہریوں کو خوراک، ادویات اور دیگر سامان تک مناسب رسائی فراہم کرے۔ بیان میں کہا گیا کہ’’زندگی بچانے والی امداد کو روکنے کا کوئی جواز نہیں ہو سکتا، ‘‘ اور اسرائیل پر زور دیا گیا کہ وہ ناکہ بندی ختم کرے، انسانی امداد کی آزادانہ ترسیل کی اجازت دے اور غزہ میں فلسطینیوں کے خلاف نسل کشی کو ختم کرے۔ مزید کہا گیا: ’’ہم ریاستوں سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ دندناتی بے سزاواری کے خاتمے کیلئے بامعنی اقدامات کریں اور بین الاقوامی انسانی قانون کو برقرار رکھیں۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: غزہ میں صحافیوں کے قتل کیخلاف صدائے احتجاج

بارسلونا سے موسم صاف ہونے کے بعد غزہ کیلئے امدادی بحری جہاز’صمود فلوٹیلا‘ روانہ
غزہ کیلئے کارکنوں اور انسانی ہمدردی کی امداد لے جانے والا فلوٹیلا پیر کی رات بارسلونا کی بندرگاہ سے روانہ ہو گیا، ایک دن پہلے خراب موسم کے باعث واپسی پر مجبور ہونا پڑا تھا۔ گلوبل صمود فلوٹیلا نے انسٹاگرام پر کہا کہ’’اب جبکہ موسم کی پیش گوئی بہتر ہے، کشتیوں کا پہلا گروہ روانہ ہو گیا ہے جو صرف اپنے عملے ہی نہیں بلکہ اُن سب کا جذبہ بھی لے جا رہا ہے جو کنارے پر موجود تھے اور دنیا بھر میں اُٹھ کھڑے ہوئے ہیں۔ ‘‘انسٹا گرام پر مزید کہا گیا کہ ’’مزید کشتیاں آنے والے دنوں میں بحیرہ روم کے مختلف حصوں سے شامل ہوں گی۔ بارسلونا کا پیغام واضح تھا: دنیا تنگ آ چکی ہے، اور فلسطین اکیلا نہیں ہے۔ ‘‘

یہ بھی پڑھئے: گلوبل صمودفلوٹیلا کوطوفان کے سبب لنگراندازہونا پڑا

واضح رہے کہ تقریباً۲۰۰؍ کارکن، سیاستداں اور فنکار۴۴؍ ممالک سے اتوار کو بارسلونا سے ایک بڑی ریلی کے بعد روانہ ہوئے۔ اس سفر میں سویڈش ماحولیاتی کارکن گریٹا تھنبرگ، آئرش اداکار لیام کننگھم، ہسپانوی اداکار ایڈوارڈو فرنانڈیز اور بارسلونا کی سابق میئر آدا کولو شامل ہیں۔ منتظمین کا کہنا ہے کہ فلوٹیلا میں مزید کشتیاں اٹلی اور تیونس سے شامل ہوں گی، جس سے مجموعی تعداد۵۰۰؍ سے زائد افراد اور تقریباً۶۰؍ جہاز ہو جائے گی۔ یہ قافلہ ستمبر کے وسط تک غزہ پہنچنے کی امید رکھتا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK