رکن اسمبلی نے کہا ’’اجیت دادا کی موت پر آواز اٹھانے کا یہی صلہ ہے؟‘‘
EPAPER
Updated: May 01, 2026, 10:46 AM IST | Mumbai
رکن اسمبلی نے کہا ’’اجیت دادا کی موت پر آواز اٹھانے کا یہی صلہ ہے؟‘‘
این سی پی ( اجیت ) نے جمعرات کو اچانک ودھان پریشد الیکشن کیلئے ذیشان صدیقی کے نام کا اعلان کرکے سبھی کو چونکا دیا۔ لوگوں کو توقع تھی کہ سونیترا پوار مہایوتی کی جانب سے ملی اپنے حصے کی ایک سیٹ پر امول مٹکری کو ٹکٹ دیں گی جو کہ اجیت پوار کے قریبی سمجھے جاتے ہیں لیکن سونیترا پوار نے مرحوم بابا صدیقی کے بیٹے اور سابق رکن اسمبلی ذیشان صدیقی کو موقع دیا۔ امول مٹکری نے ذیشان صدیقی کو ٹکٹ ملنے پر مبارکباد دی ہے لیکن خود کو ٹکٹ نہ ملنے پر ناراضگی ظاہر کی ہے۔ انہوں نے پوچھا کہ ’’ کیا مجھے اجیت دادا کی موت پر سوال اٹھانے کی سزا دی گئی ہے؟‘‘
یہ بھی پڑھئے: مزید ۱۰؍ ہزار روپے جمع کرانے کی ہدایت پر عازمین برہم
یاد رہے کہ آئندہ ۱۳؍ مئی کو ودھان پریشد میں جن ۹؍ اراکین کی میعاد پوری ہو رہی ہے ان میں امول مٹکری بھی شامل ہیں جو اجیت پوار کے انتہائی قریبی سمجھے جاتے تھے۔ توقع کی جا رہی تھی کہ اجیت پوار کی قربت کا خیال کرکے سونیترا پوار مٹکری کو دوبارہ ٹکٹ دیں گی لیکن ایسا نہیں ہوا۔ سونیترا پوار نے سابق وزیر بابا صدیقی کے بیٹے ذیشان صدیقی کو ٹکٹ دیا۔ ایک ٹی وی چینل سے بات کرتے ہوئے امول مٹکری نے کہا’’ مجھے ذیشان صدیقی سے کوئی شکایت نہیں ہے۔ انہیں ٹکٹ ملنے پر میں مبارکباد دیتا ہوں لیکن پارلیمنٹری بورڈ جس نے ٹکٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے، اس پر مجھے حیرانی ہے۔ مجھے ایک فون تو کیا جا سکتا تھا کہ آپ کی میعاد پوری ہو چکی ہے۔ فی الحال ہم آپ کو آرام دینا چاہتے ہیں اور آپ کی جگہ ذیشان صدیقی کو موقع دینا چاہتے ہیں۔‘‘ انہوں نے سوال کیا’’ کیا مجھے اجیت دادا کی موت پر سوال اٹھانے کی سزا دی گئی ہے؟ مجھے اس کا اندازہ پہلے سےتھا۔‘‘ سابق رکن اسمبلی نے کہا’’ اجیت دادا کیلئے ایسے ہزاروں مواقع اور ایسے ہزاروںعہدے میں قربان کرنے کیلئے تیار ہوں۔ ‘‘
یاد رہے کہ این سی پی کی جانب سے ٹکٹ دینے کا حتمی اختیار سونیترا پوار کو دیدیا گیا تھا۔ ذیشان صدیقی کو ٹکٹ دینے کا فیصلہ بذات خود سونیترا پوار ہی نے کیا ہے۔ ایسی صورت میں امول مٹکری کے ا س الزام کو براہ راست سونیترا پوار کے خلاف سمجھا جا سکتا ہے۔ ادھر ذیشان صدیقی نے جمعرا ت کو ممبئی میں اپنا پرچۂ نامزدگی داخل کیا اس موقع پر ان کے ساتھ خود سونیترا پوار کے علاوہ چھگن بھجبل اور سنیل تٹکرے جیسے سینئر لیڈران موجود تھے۔ ذیشان نے ٹکٹ ملنے پر خوشی کا اظہار کیا۔