Inquilab Logo Happiest Places to Work

عزیزیہ: بسیں بند کرنے سے کئی عازمین جمعہ کی نمازادا کرنے حرم شریف نہیں پہنچ سکے

Updated: May 16, 2026, 4:28 PM IST | Saeed Ahmad Khan | Mumbai

بہت سے عازمین ٹیکسی کے ذریعے پہنچے۔اس کا سبب ٹریفک جام سے بچنا بتایا گیا ۔ کچھ عازمین نے پھر شکایت کی ہے کہ کچن سہولت بند ہونے سے انہیں کھانے پینے میں دشواری ہورہی ہے۔

This is how buses run from Azizia to the Haram Sharif. Photo: INN
حرم شریف جانے کیلئے عزیزیہ سے اس طرح بسیں چلائی جاتی ہیں۔ تصویر: آئی این این
لاکھوں عازمین حج بیت اللہ کے لئے پہنچ کر لبیک کی صدائیں بلند کررہے ہیں۔ جمعہ کے دن بسیں بند کئے جانے کے سبب حرم پاک سے ۱۰؍ کلومیٹر سے زائد دوری پر عزیزیہ میں ٹھہرائے گئے بڑی تعداد میں عازمین ِ حج نماز جمعہ کی ادائیگی کے لئے حرم پاک نہیں پہنچ سکے جبکہ بہت سے عازمین پرائیویٹ ٹیکسی کے ذریعے حرم شریف پہنچے اور نماز جمعہ ادا کی ۔بس بند ہونے سے ٹیکسی والے عزیزیہ سے فی حاجی ۵؍ریال لیتے ہیں مگر جب وہ زیادہ بھیڑ دیکھتے ہیں تو ۱۰؍ ریال بھی چارج کرنے لگتے ہیں ۔اس کے علاو ہ ٹیکسی والے حرم شریف سے کچھ پہلے ہی عازمین کو اتار دیتے ہیں۔
 
 
اس تعلق سے عزیزیہ میںمقیم ممبئی سے تعلق رکھنے والے عازمین سے بات چیت کرنے پر انہوں نے یہ تفصیلات بتائیں ۔کچھ عازمین نے یہ بھی بتایا کہ جمعہ کو بسیں بندرہنے کی اطلاع جمعرات کوبعد نماز مغرب حج انسپکٹر (ایس ایچ آئی) کے ذریعے دے دی گئی تھی تاکہ عازمین باخبر رہیں۔ یہ بھی بتایا گیا کہ ٹریفک جام سے بچنے اور حرم پاک میں بہت زیادہ بھیڑ نہ ہو جائے، ممکنہ طور پراس لئے یہ عمل کیا گیا۔ اس کی وجہ سے بہت سے عازمین ذاتی خرچ پرٹیکسی کے ذریعے حرم شریف پہنچے۔ اس وقت وہاں سخت گرمی ہے اور درجۂ حرارت ۴۴؍ ڈگری کے قریب ہے۔
کچھ عازمین نے پھریہ شکایت کی کہ کھانے پینے میں بہت دشواری ہورہی ہے۔ کچن بند کئے جانے کے سبب عازمین متفکر رہتے ہیںکہ کھانا کس وقت اورکس ہوٹل سے لائیں، کب کھائیں اورکب حرم شریف شریف کے لئے روانہ ہوں۔ یہی وجہ ہے کہ کافی وقت کھانے پینے کی فراہمی میں لگ جاتا ہے اورذہنی انتشار الگ سے رہتا ہے۔
کچھ عازمین کے مطابق بعد نماز جمعہ حرم شریف کے قریب کی ہوٹلوں میں کافی بھیڑ بھاڑتھی ۔ ایک دشواری یہ بھی ہورہی ہے کہ جب کھانا بنانے کی اجازت تھی تو کچن میں مناسب خرچ میں کھانا بن جاتا تھا مگر اب انہیں زیادہ پیسے خرچ کر نے کے باوجود انتظار کرنا پڑ تاہے۔ اس کے علاوہ ہوٹل والوںنے کھانے کے دام میں بھی اضافہ کردیا ہے۔ عمارتوں میں کچن بند کئے جانے سے عازمین میں ناراضگی پائی جارہی ہے۔ 
 
 
یہ بھی بتایا گیا کہ سعودی وزارت حج کی جانب سے سختی کے ساتھ نسک کارڈ چیک کئے جا رہے ہیں ۔ اس کے دو مقاصد بتائے جارہے ہیں۔ اول یہ کہ جس ترتیب سے عازمین کوحرم پاک اور دیگر مقامات پرجاناہے اس میںبے ترتیبی نہ ہو، دوسرے حد سے زیادہ بھیڑ بھاڑ کے سبب کسی قسم کی دشواری نہ ہواور عازمین تمام امور بعافیت اداکرسکیں۔ 
بہت سےعازمین فجر تک حرم شریف پہنچ جاتے ہیں
حج کمیٹی آف انڈیا کےسینئرافسر کےمطابق اس وقت جمعہ کو دن میںکئی طرح کی پابندیاں رہتی ہیں ۔جن عازمین کوجمعہ کی نمازحرم شریف میں پڑھنی ہوتی ہے، ان میںسے بیشتر فجر تک حرم پاک پہنچ جاتے ہیں۔‘‘

 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK