Inquilab Logo Happiest Places to Work

باروی ڈیم کی سطح خطرے کے قریب، ہائی الرٹ جاری

Updated: August 04, 2026, 12:36 PM IST | Ejaz Abdul Gani | Badlapur

تھانے ضلع کو پانی فراہم کرنے والے اہم باروی ڈیم کے اطراف گزشتہ کئی دنوں سے جاری موسلادھار بارش کے باعث ڈیم میں پانی کی آمد میں غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

File photo of Barvi Dam, which supplies water to Thane district. Photo: INN
تھانے ضلع کو پانی فراہم کرنے والے باروی ڈیم کی فائل فوٹو۔ تصویر: آئی این این

تھانے ضلع کو پانی فراہم کرنے والے اہم باروی ڈیم کے اطراف  گزشتہ کئی دنوں سے جاری موسلادھار بارش کے باعث ڈیم میں پانی کی آمد میں غیرمعمولی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ اس وقت ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ۹۰؍ فیصد سے تجاوز کر چکا ہے اور ڈیم مکمل بھرنے کے دہانے پر پہنچ گیا ہے۔پانی کی سطح میں مسلسل اضافے کے پیشِ نظر ڈیم کے خودکار دروازے کسی بھی وقت کھولے جانے کا امکان ہے جس کے بعد باروی ندی میں بڑے پیمانے پر پانی چھوڑا جا سکتا ہے۔اس ممکنہ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ انتظامیہ نے ندی کے کنارے واقع تمام دیہاتوں اور متعلقہ محکموں کو ہائی الرٹ جاری کرتے ہوئے ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار رہنے کی ہدایت دی ہے۔

باروی ڈیم ڈویژن کے ایگزیکٹو انجینئر امیش دیشمکھ نے ۳ ؍اگست کو کلیان، امبرناتھ، اُلہاس نگر اور مرباڈکے تحصیلداروں کو ایک ہنگامی مراسلہ جاری کرتے ہوئے فوری احتیاطی اقدامات کرنے کی ہدایت دی ہے۔عیاں رہے کہ اس وقت باروی ڈیم کی سطحِ آب ۷۱ء۶۴؍میٹر تک پہنچ چکی ہے جبکہ ڈیم میں پانی کا مجموعی ذخیرہ ۹۰ء۹۹؍ فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ڈیم کی خطرناک یا اوور فلو سطح ۷۲ء۶۰؍میٹر مقرر ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ’’تبدیلی مذہب مخالف قانون آئین کے برخلاف ہے‘‘

مسلسل موسلادھار بارش اور پہاڑی علاقوں سے پانی کی تیز آمد کے باعث ڈیم کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں ڈیم کے خودکار دروازے کسی بھی وقت ازخود کھل سکتے ہیں اور باروی ندی میں بڑی مقدار میں پانی چھوڑا جا سکتا ہے۔

انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ پانی کے اخراج کے بعد باروی ندی میں اچانک طغیانی کی کیفیت پیدا ہو سکتی ہے۔جس سے نشیبی علاقوں میں جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔ اسی لئے ندی کے اطراف واقع تمام دیہات اور متعلقہ سرکاری محکموں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔انتظامیہ نے شہریوں اور سیاحوں کے لئے بھی سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی بھی شخص ندی یا تیز بہتے پانی کے قریب نہ جائے جبکہ باروی ندی میں نہانے یا تیرنے پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK