بیسٹ کے موجودہ اور سابق ملازمین کے طویل وقت سے زیر التوا مطالبات پراب یونین کے صبر کا پیمانہ لبریز، مطالبات پر فوری توجہ دینے کا یونین کا مطالبہ ، آج شام ۵؍ بجے میٹنگ جس میںہڑتال سے متعلق حکمت عملی طے کی جائےگی۔
EPAPER
Updated: June 18, 2026, 11:52 AM IST | Saeed Ahmed Khan | Colaba
بیسٹ کے موجودہ اور سابق ملازمین کے طویل وقت سے زیر التوا مطالبات پراب یونین کے صبر کا پیمانہ لبریز، مطالبات پر فوری توجہ دینے کا یونین کا مطالبہ ، آج شام ۵؍ بجے میٹنگ جس میںہڑتال سے متعلق حکمت عملی طے کی جائےگی۔
متعدد مطالبات پر عدم توجہی سے ناراض بیسٹ کے ملازمین جمعرات ۱۸؍ جون کی درمیانی رات ۱۲؍ بجے کے بعد سے بے مدت ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان بیسٹ ملازمین کی۱۲؍ یونین کی مشترکہ کمیٹی کی جانب سے کیا گیا ہے۔ اس کی وجہ سے شہریوں کو شدید دقتوں کا اندیشہ ہے۔بیسٹ جوائنٹ ورکرز ایکشن کمیٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ٹال مٹول کافی دنوں سے کیا جارہا ہے مگر اب یہ ناقابل برداشت ہوگیا ہے، اس لئے فوری طور پر ان کے مطالبات پورے کئے جائیں ورنہ مزید سخت قدم اٹھایاجائے گا۔
آج شام۵؍ بجے مشترکہ کمیٹی کی میٹنگ
بیسٹ یونین کی مشترکہ کمیٹی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آج شام۵؍بجے دادر میں شاردا سنیما کے پاس واقع مراٹھی گرنتھ سنگرہالیہ ہال میں میٹنگ بلائی گئی ہے۔ اس میں مزید تبادلہ خیال کرنے ساتھ حکمت عملی طے کی جائے گی۔ اس تعلق سے بیسٹ کامگار سینا کے لیڈر ادے امونکر نے بتایا کہ بیسٹ کے موجودہ اور سبکدوش ملازمین کے کئی مطالبات ہیں ، اس پر توجہ نہ دینے کے سبب نوبت بے مدت ہڑتال تک پہنچ گئی ہے ۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ ریٹائرڈ ملازمین کا فائنل حساب اور گریجویٹی کی رقم یکمشت دی جائے، فیصد کے لحاظ سے کاٹ کر نہیں ، یعنی یہ نہیں چلے گا اتنا فیصد ابھی لے لیجیے بقیہ بعد میں۔ اس دفعہ ایسا نہیں ہوگا اور تمام رقم یکمشت ادا کی جانی چاہئے۔ اسی طرح ڈیوٹی پر موجود ملازمین کے مطالبات پورے کرنے پر بھی فوری توجہ دی جائے۔ بیسٹ کے سبکدوش ملازمین کی کمیٹی کے سربراہ ہیمنت پاٹنکر نے کہا کہ چونکہ یہی مطالبات ہم سب کے ہیں ، اس لئے ہم لوگ بھی دادر میں ہونے والی میٹنگ میں شریک ہوں گے اور مشترکہ کمیٹی جو بھی طے کرے گی، ہم سب اس میں پوری طاقت سے حصہ لیں گے۔
یہ بھی پڑھئے: شہر و مضافات میں مختلف مقامات پر محرم کا وعظ اور مجالس کا انعقاد
ملازمین کے۵؍ اہم مطالبات کیا ہیں؟
یونین کی مشترکہ کمیٹی کے مطالبات یہ ہیں: (۱) ملازمین کی تنخواہیں بڑھائی جائیں ، کافی وقت سے اضافہ نہیں کیا گیا ہے۔(۲)بیسٹ کی نجکاری ناقابل قبول ہے جس پر تیزی سے عمل جاری ہے، ا سے روکا جائے ۔(۳)بیسٹ کی اپنی۳۷۰۰؍ سے زائدبسیں ہونی چاہئیں مگر محض۲۴۹؍ رہ گئی ہیں ، اس تعداد کو پورا کیا جائے۔(۴)تمام شعبوں میں خالی اسامیاں پر کی جائیں۔ (۵) ریٹائرڈ ہوچکے ملازمین کا بقایا جات خاص طور پر گریجویٹی اور فائنل بل ادا کیا جائے، مزید ٹالا نہ جائے۔
بیسٹ کی جانب سے جاری سرکیولر میں کیا ہے؟
۱۸؍ جون کی آدھی رات سے بیسٹ کی جوائنٹ ورکرز ایکشن کمیٹی کے ذریعے بیسٹ ملازمین کی آواز بلند کرنے والی۱۲؍ ٹریڈ یونینوں کی طرف سے غیر معینہ مدت ہڑتال کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس طرح بیسٹ جوائنٹ ورکرز ایکشن کمیٹی نے موجودہ اور سبکدوش ملازمین کے زیر التواء مطالبات پر جارحانہ موقف اختیار کیا ہے۔ کمیٹی نے سخت وارننگ بھی دی ہے کہ ۱۸؍ جون کی نصف شب کے قبل تک مزدوروں کے تمام مطالبات پر فیصلہ کیا جائے بصورت دیگر وہ غیر معینہ مدت ہڑتال کریں گے۔
یہ بھی پڑھئے: کھانے کی اشیاء اخبارات میں دینے والوں پر کارروائی
امکان ہے کہ بیسٹ کے دیگر محکموں بشمول ٹرانسپورٹ اور بجلی فراہم کرنے والے محکموں میں کام کرنے والے ملازمین بھی مذکورہ ہڑتال میں حصہ لیں گے ۔سرکیولر میں یہ لکھاگیا کہ ٹرانسپورٹ سروس اور ممبئی شہر میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی یہ دونوں خدمات مہاراشٹر ضروری خدمات تحفظ قانون ۲۰۲۳ء کے تحت لازمی زمرے میں آتی ہیں۔ لہٰذا، تمام برانچ، محکمہ کے سربراہوں کو مشورہ دیا جاتا ہے کہ مذکورہ ہڑتال اور احتجاج واپس لینے کی تاریخ تک دیگر ملازمین کو کسی بھی قسم کی چھٹی نہ دی جائے۔ تاہم یہ ہدایات پہلے اور بعد میں لی گئی چھٹیوں پر لاگو نہیں ہوگی۔ ان صورتوں میں جہاں برانچ اور محکمہ کے سربراہان بیماری کی چھٹی اور کسی دوسری چھٹی کے معاملے میں متعلقہ ملازمین کی طرف سے بتائی گئی معقول وجوہات سے مطمئن ہیں۔ اس کے علاوہ یہ بھی مشورہ دیا جاتا ہے کہ ملازمین کی طرف سے ہفتہ وار تعطیل میں تبدیلی یا مذکورہ دن کام کے اوقات میں تبدیلی کی کسی بھی درخواست پر تصدیق کے بغیر غور نہ کیا جائے۔یہ سرکیولر جنرل منیجر کی منظوری سے اسپیشل آفیسر سنیل کیکنے کی دستخط سے جاری کیا گیا ہے۔ دیکھنا ہوگا کہ آج کی میٹنگ میں یونین لیڈران اور ملازمین آئندہ کیلئے کیا حکمت عملی اپناتے ہیںاور مطالبات پر ان کا کیا رُخ ہوتا ہے۔