Inquilab Logo Happiest Places to Work

کھانے کی اشیاء اخبارات میں دینے والوں پر کارروائی

Updated: June 18, 2026, 11:28 AM IST | Saadat Khan | Mumbai

ایف ڈی اے کےمطابق نیوزپیپر کی سیاہی میں کیمیکل ہونے سے کھانے پینے کی چیزوں کے آلودہ ہو جانے کی بناپر یہ کارروائی کی جارہی ہے، ۲۶؍دکانداروں پر ایک لاکھ ۵۱؍ہزار روپے جرمانہ عائد کیاگیا،یہ مہم پورے ممبئی میں ۵؍ سے ۱۶؍جون کے درمیان چلائی گئی۔

The FDA has taken action against about 26 vendors for using newspapers in violation of food safety norms. Photo: INN
ایف ڈی اے نے تقریباً ۲۶؍ دکانداروں پر فوڈ سیفٹی کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اخبارات کا استعمال کرنے پر کارروائی کی ہے۔ تصویر: آئی این این

ایف ڈی اے نے کھانے پینے کی اشیاء اخبارات اور طباعت شدہ کاغذوں میں باندھ کر فروخت کرنے والوں کے خلاف ایک مہم شروع کی ہے جس کے تحت ۱۰؍ دنوںمیں کھانے پینے کاکاروبار کرنےوالے ۲۶؍ دکانداروں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ ان سے ایک لاکھ ۵۱؍ہزارروپے بطور جرمانہ وصول کیا گیا ہے ۔ایف ڈی اے کے مطابق نیوزپیپر کی سیاہی میں کیمیکل ہونے سے کھانے پینے کی چیزوں کے آلودہ ہو جانے کی بناپر یہ کارروائی کی جارہی ہے۔

ایف ڈی اے نے ۵؍تا ۱۶؍جون کے درمیان ۵۵؍فوڈ  اسٹیبلشمنٹ کا دورہ کیا جن میں سے ۲۶؍ دکانداروںکے خلاف کارروائی کی گئی ہے۔ یہ دکاندار کھانے کو پیک یا سرو کرنےکیلئے اخبارات اور پرنٹ شدہ کاغذ استعمال کرتےہیں ۔ان پر ایک لاکھ ۵۱؍ہزارروپے جرمانہ عائد کیاگیاہے۔ یہ مہم پورے ممبئی میں ۵؍ سے ۱۶جون کے درمیان چلائی گئی۔یہ کارروائی ایف ڈی اےکے نئے مقرر کردہ کمشنر تکارام منڈے کی ہدایت پرکی گئی ہے جنہوں نے حال ہی میں کھانے پینے کی اشیاء فروخت کرنے والوں کو متنبہ کیا تھا کہ وہ وڈا پاو جیسے ناشتے کو پرنٹ شدہ کاغذ میں لپیٹ کر نہ رکھیں۔ایف ڈی اے کے اہلکاروں نے مہم کے دوران ۵۵؍ فوڈ اسٹیبلشمنٹ کا معائنہ کیا اور ان میں سے تقریباً ۲۶؍ دکانداروںکو فوڈ سیفٹی کے اصولوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اخبارات کا استعمال کرتے ہوئے پایا۔

یہ بھی پڑھئے: شیو سینا کے باغیوں کو پارٹی کا نوٹس، آج میٹنگ

ریگولیٹری کے مطابق اخبار کی سیاہی میں کیمیکل، رنگ، سیسہ اور دیگر بھاری دھاتیں ہوتی ہیں جوخصوصاً گرم اور تیل والی اشیاء کو آلودہ کر سکتی ہیں۔ اخبارات ان حالات  کے سبب جراثیم اور دیگر نقصان دہ مائکروجرثوموں کو بھی پناہ دے سکتے ہیں جن میں انہیں سنبھالا اور تقسیم کیا جاتا ہے۔ایف ڈی اے نے کہا کہ فوڈ سیفٹی اینڈ اسٹینڈرڈز اتھاریٹی آف انڈیا نے پہلے ہی اس پریکٹس کو ممنوع قرار دے دیا ہے اور تمام فوڈ بزنس آپریٹرز پر زور دیا ہے کہ وہ محفوظ پیکیجنگ مواد کااستعمال کریں۔اب دکانداروںکو خاص خیال رکھناچاہئے جو کھانے پینے کی اشیاء مثلاً وڑا پائو، پیٹس ،بھجیا، سموسہ اور اس طرح کے دیگر سامان نیوزپیپر کے کاغذمیں دینےپر ان کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ 

ممبئی سینٹر ل پوسٹ آفس کےقریب اٹلی ، میندو وڑا اور چیلا فروخت کرنےوالے ایک دکاندار سے اس بارےمیں استفسارکرنےپر اس نے کہاکہ ’’ ہمیں تواس بارے میں معلوم نہیں ہے لیکن ہم اپنےصارف کونیوز پیپر کے کاغذپر بٹر پیپر بچھا کر سامان دیتےہیں لیکن اب نیوزپیپر کا استعمال بالکل نہیں کریں گے۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: سڑک کی تعمیر میں سنگین غفلت، انفلوئنسرپریم بھاٹی کی موت

ملنڈ ویسٹ میں ایک غیر لائسنس یافتہ ڈیری میں، حکام نے مبینہ طور پر معروف برانڈز سے تعلق رکھنے والی میعاد ختم ہونے والی خوراک کی مصنوعات برآمد کیں اور مالک کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی۔

اندھیری ویسٹ میں ایف ڈی اے کے افسران نے چائے میں ملاوٹ کے مشتبہ آپریشن کا پردہ فاش کیا جہاں فروخت سے پہلے چائے کے پاؤڈر کو مبینہ طور پر رنگ اور پانی میں ملایا جا رہا تھا۔ تقریباً ۹۰۰؍ کلو گرام چائے کا پاؤڈر اور ۲ء۱۹؍لاکھ روپے مالیت کا۱۷؍ کلو گرام رنگین مواد ضبط کر کے سیل کر دیا گیا۔ ڈی این نگر پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK