میونسپل کمشنر نے خستہ حال عمارتوں کا سروے کرنے،سیلابی صورتحال اور شہری مشکلات سے نمٹنے کیلئے متعلقہ محکموں کو اہم ہدایات جاری کیں۔
EPAPER
Updated: June 20, 2026, 11:58 AM IST | khalid Abdul Qayyum Ansari | Mumbai
میونسپل کمشنر نے خستہ حال عمارتوں کا سروے کرنے،سیلابی صورتحال اور شہری مشکلات سے نمٹنے کیلئے متعلقہ محکموں کو اہم ہدایات جاری کیں۔
مانسون کے دوران ممکنہ آفات، سیلابی صورتحال اور شہری مشکلات سے نمٹنے کے لئے میونسپل کمشنر انمول ساگر نے متعلقہ محکموں کو متعدد اہم ہدایات جاری کی ہیں۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے جائزہ اجلاس میں انہوں نے واضح کیا کہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے معاملے میں کسی قسم کی لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
میونسپل کمشنر نے شہر کی تمام خستہ حال عمارتوں کا فوری سروے کرکے انہیں سی۔۱؍تا سی-۳؍ زمروں میں تقسیم کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ سی-۱؍درجے کی انتہائی خطرناک عمارتوں میں رہائش پذیر افراد کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور ایسی عمارتوں کے بجلی و پانی کے کنکشن منقطع کرکے ضروری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔
یہ بھی پڑھئے: پروٹوکول کی خلاف ورزی معاملے میں میونسپل افسران پر تادیبی کارروائی ہوگی
شہر میں بارش کے دوران پانی جمع ہونے کے مسئلے سے نمٹنے کیلئے۸۶؍ نالوں اور اہم سڑکوں کے کنارے واقع بڑے نالوں کی صفائی جلد مکمل کرنے کا حکم دیا گیا۔ کھلے مین ہول کو فوری بند کرنے، سڑکوں کی مرمت اور کچرا اٹھانے والی گاڑیوں و مشینری کو مکمل طور پر فعال رکھنے کی بھی ہدایت دی گئی۔
کمشنر نے جاری تعمیراتی اور کھدائی کے کاموں کو جلد مکمل کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ انتہائی ناگزیر حالات کے سوا نئے کھدائی کے کاموں کی اجازت نہ دی جائے۔ فلائی اوورز پر موجود نکاسیٔ آب کے نظام کی جانچ اور بندش کی صورت میں فوری صفائی کرنے کی بھی ہدایت دی گئی۔شہری صحت کے تحفظ کیلئے تمام شہری صحت مراکز میں ۲۴؍گھنٹے ڈاکٹروں، ادویات اور ویکسین کی دستیابی یقینی بنانے کا حکم دیا گیا۔ مانسون کے دوران پھیلنے والی بیماریوں کی روک تھام کے لئے فوگنگ اور جراثیم کش ادویات کے چھڑکاؤ کی مہم تیز کرنے کی ہدایت بھی دی گئی، جس کے لئے ۳۰؍ فوگنگ مشینیں استعمال کی جائیں گی۔
یہ بھی پڑھئے: پانی کی قلت سے لوگ بے حال، ٹینکر منگوانے پر مجبور
اجلاس میں بجلی سے متعلق خطرات پر بھی توجہ دی گئی۔ سڑکوں کے کنارے موجود خطرناک بجلی کے کھمبوں کا سروے کرنے اور ٹورینٹ پاور کے اشتراک سے حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی۔ اس کے علاوہ ٹریفک میں رکاوٹ بننے والے اور بجلی کی تاروں سے متصل درختوں کی شاخوں کی کٹائی کرنے کا بھی حکم دیا گیا۔کمشنر نے ہنگامی امدادی کارروائیوں کیلئے تمام ضروری آلات، اسپیڈ بوٹ اور افرادی قوت کو ہر وقت تیار رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ مانسون کے دوران کسی بھی قسم کی غفلت برتنے والے افسران اور ملازمین کیخلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔